واشنگٹن: امریکی خاتونِ اوّل
میلانیا ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان یوکرینی شہر اولیشکی Oleshky میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا
کیا ہے، جس کا آغاز 29 اکتوبر سے متوقع ہے۔ اس اقدام کا مقصد جنگ سے متاثرہ
شہریوں تک انسانی امداد پہنچانا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق
روس نے فروری 2022 میں اولیشکی پر قبضہ کیا تھا۔ جنگ سے قبل اس شہر کی آبادی
تقریباً 24 ہزار تھی، تاہم اب وہاں لگ بھگ 2 ہزار افراد باقی رہ گئے ہیں۔ شہر میں
موجود شہریوں کو خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق مجوزہ جنگ بندی کے تحت
اولیشکی میں انسانی امداد پہنچائی جائے گی، جبکہ تقریباً 2 ہزار شہریوں کو ان کی
مرضی کے مطابق روس یا یوکرین منتقل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔ ایک امریکی میڈیا
ادارہ بھی امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرے گا۔ میلانیا ٹرمپ کے مطابق شہر میں
بجلی، خوراک اور ادویات کی کمی کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، جبکہ مسلسل
حملوں سے ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ جنگ بندی کے اعلان سے امدادی سامان کی
فراہمی اور شہریوں کے انخلا کی امید پیدا ہوئی ہے۔
دوسری جانب یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے
نومبر کے پہلے نصف میں ابوظہبی میں روس کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔ ان کا
کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کے لیے مضبوط سیکیورٹی ضمانتیں اور یوکرینی
فوج کے لیے 10 سال کی مالی معاونت ضروری ہوگی۔ ادھر یوکرین نے مواصلاتی نظام اسٹار
لنک میں رکاوٹوں کی شکایت کی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اشارہ دیا ہے کہ
اگر یہ مسئلہ برقرار رہا تو وہ ایلون مسک سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ تاہم اولیشکی میں
جنگ بندی کے عملی نفاذ، شہریوں کی منتقلی اور امدادی کارروائیوں کی تفصیلات کی
آزاد ذرائع سے تصدیق ضروری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ میلانیا ٹرمپ کے مطابق اولیشکی کی صورتحال
انتہائی خراب ہے اور اولیشکی Oleshky تباہی
کے دہانے پر ایک فرنٹ لائن جنگی شہر ہے۔
میلانیا نے کہا کہ اولیشکی Oleshky کی
باقی آبادی بنیادی طور پر بزرگ رہائشیوں پر مشتمل ہے جنہیں فوری طور پر طبی امداد،
ادویات، خوراک اور صاف پانی کی ضرورت ہے۔ خاتون اول نے کہا کہ جنگ بندی دونوں
ممالک کی غیر فوجی ٹیموں کو رہائشیوں کے گھروں میں جا کر ان سے ملنے اور ان لوگوں
کے لیے نقل و حمل کو مربوط کرنے کی اجازت دے گی جو روس یا یوکرین میں سے کسی ایک
کی طرف انخلا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل کو دستاویزی شکل دینے
کے لیے ایک نامعلوم امریکی میڈیا ادارہ بھی ٹیموں کے ساتھ ہوگا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق دریائے دنیپرو Dnipro River کے پار
خیرسون Kherson کے
سامنے واقع 24 ہزار نفوس پر مشتمل یوکرینی شہر اولیشکی کی آبادی اب محض ایک ہزار
700 سے 2 ہزار رہ گئی ہے جن میں 50 بچے بھی شامل ہیں۔ کاخووکا ڈیم Kakhovka Dam کی تباہی کے بعد شہر کا تقریباً 90 فیصد حصہ سیلاب کی زد میں آ
گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ میلانیا ٹرمپ اور ان کے نمائندے نے مقامی جنگ بندی
کی شرائط کو طے کرنے کے لیے روسی اور یوکرینی قیادت کے ساتھ براہ راست کام کیا۔ وائٹ
ہاؤس کے مطابق میلانیا ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جو رہائشی انخلا کرنا چاہتے ہیں انہیں
مربوط مدد اور ان کی پسندیدہ منزل تک نقل و حمل کی سہولت ملے گی اور مجھے توقع ہے
کہ کچھ روس جانا چاہیں گے اور کچھ یوکرین۔
واضح رہے کہ یہ مکمل جنگ بندی نہیں بلکہ صرف ایک شہر کے لیے مقامی
اور عارضی جنگ بندی ہے۔ یہ معاہدہ صرف روس کے زیر کنٹرول شہر اولیشکی کے لیے کیا
گیا ہے جو دریائے دنیپرو Dnipro River کے پار
خیرسون Kherson کے
سامنے واقع ہے اور فرنٹ لائن پر تباہی کے دہانے پر ہے۔
اولیشکی کی آبادی جنگ سے پہلے 24 ہزار تھی جو اب گھٹ کر صرف 1,700 سے
2,000 رہ گئی ہے جن میں زیادہ تر بزرگ اور تقریباً 50 بچے شامل ہیں۔ کاخووکا ڈیم
کی تباہی کے بعد شہر کا 90 فیصد حصہ سیلاب کی زد میں آ چکا ہے۔ اس عارضی جنگ بندی
کا مقصد صرف اس شہر میں انسانی امداد، خوراک، ادویات اور صاف پانی پہنچانا اور
شہریوں کو محفوظ راستے سے انخلا کی سہولت دینا ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ
فروری 2022 سے جاری ہے اور (مختلف رپورٹس کے مطابق) دونوں جانب کے 4 سے ساڑھے 5
لاکھ فوجی اور ہزاروں شہری ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ زخمیوں اور لاپتا افراد کو ملا کر
یہ تعداد 17 سے 20 لاکھ تک پہنچ جاتی ہے۔