سی این این کو وائٹ ہاؤس کے ٹیلی ویژن پول سے نکالے جانے کے بعد وائٹ
ہاؤس پریس پول میں شامل ٹی وی چینلز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبات کی کوریج
بند کرنے کا اعلان کردیا۔ سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹیلی ویژن پول کے دیگر 4
ارکان، این بی سی، اے بی سی، سی بی ایس اور فاکس نے اب فیصلہ کیا ہے کہ وہ بھی
ٹرمپ کی تقریبات کی پول کوریج فراہم کرنا بند کر دیں گے۔ واضح رہے کہ عام حالات
میں یہ پانچوں بڑے ٹی وی نیٹ ورکس سی این این، این بی سی، اے بی سی، سی بی ایس اور
فاکس باری باری صدر کی تقریب کی کوریج کرتے ہیں۔ یعنی ایک چینل ایک دن سب کی
نمائندگی کرے گا اور اگلے دنوں میں دوسرے۔ یہ ’روٹیٹنگ بیسس‘ یا باری باری کا نظام
کہلاتا ہے۔
این بی سی کے مطابق سی این این کو پیر کے روز صدر ٹرمپ کے اقوام
متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک کے دورے کی کوریج سے بطور نامزد
ٹیلی ویژن پولر روک دیا گیا تھا۔ عام طور پر پانچوں ٹیلی ویژن نیٹ ورکس باری باری
صدارتی تقریبات سے پورے وائٹ ہاؤس پریس کور کی جانب سے کوریج فراہم کرتے ہیں۔ یہ
اقدام وائٹ ہاؤس کی جانب سے سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو تک رسائی پر
پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ ایم ایس ناؤ کیبل
نیوز والے پول میں شامل ہے جبکہ پولیٹیکو پرنٹ اور آن لائن پول میں ہے۔ پولیٹیکو
سیاست، وائٹ ہاؤس، کانگریس اور الیکشن کی اندرونی خبروں کے لیے امریکا میں سب سے
معتبر نام سمجھا جاتا ہے۔
سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کا کہنا ہے کہ وہ پابندیوں کو
ختم کرانے کے لیے ٹرمپ کے خلاف مقدمہ دائر کر رہے ہیں۔ یہ تنازعہ ٹرمپ انتظامیہ
اور کئی بڑے امریکی خبر رساں اداروں کے درمیان صدر اور وائٹ ہاؤس تک رسائی پر جاری
کشیدگی میں اضافے کی علامت ہے۔
ٹیلی ویژن پول سسٹم کے تحت صحافیوں اور کیمرا عملے کی ایک محدود
تعداد کو ان تقریبات میں شرکت کی اجازت دی جاتی ہے جہاں جگہ یا سیکیورٹی کی پابندیوں
کی وجہ سے پورے پریس کور کی موجودگی ممکن نہیں ہوتی۔ شیڈول کے مطابق پیر کے روز
نیویارک کے دورے کے دوران سی این این کو ٹیلی ویژن پول نیٹ ورک کے طور پر خدمات
انجام دینی تھیں۔