سپین میں مہنگے مکانات، بڑھتے کرایہ
اور روز مرہ کی چیزوں کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف مظاہرہ تشدد آمیز ہو گیا ہے۔
بارسیلونا میں مظاہرین نے کئی مقامات پر آگ زنی کی اور دکانوں کے شیشے توڑ دیے۔
اس کے بعد پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم والے حالات پیدا ہو گئے۔ پولیس نے
بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا، جس میں کئی لوگ معمولی طور پر
زخمی بھی ہو گئے۔
یہ حالات اسپین میں 14 سال بعد ہوئی پہلی ملک گیر ہڑتال کے سبب
پیدا ہوئے ہیں۔ اسپین کی 2 بڑی مزدور یونینوں ’یو جی ٹی‘ اور ’سی سی او او‘ نے اس
ہڑتال کی حمایت کی ہے۔ یونینوں کے مطابق تقریباً 40 لاکھ ملازمین نے ہڑتال کیا، جو
کہ ملک کے مجموعی ملازمین کا تقریباً پانچواں حصہ، یعنی 20 فیصد ہے۔ میڈرڈ
بارسیلونا سمیت کئی شہروں میں بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر اترے اور حکومت کے خلاف
اپنا احتجاج درج کرایا۔ بارسیلونا میں مظاہرہ کا انتظام دیکھنے والوں نے تقریباً 4
لاکھ لوگوں کی اس میں شمولیت کا دعویٰ کیا۔ حالانکہ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ
مظاہرے میں تقریباً 55 ہزار افراد شامل ہوئے۔
ابتدا میں یہ احتجاجی مظاہرہ پُرامن تھا، لیکن بڑی ریلی ختم ہونے
کے بعد کچھ نقاب پوش لوگوں نے تشدد شروع کر دی۔ انھوں نے کوڑے دان اور سڑک پر رکھے
سامان میں آگ لگا دی۔ دکانوں کے شیشے بھی توڑے گئے اور پولیس پر پٹاخے تک پھینکے
گئے۔ بارسیلونا کے میئر جیمے کولبونی نے بتایا کہ تشدد کے دوران تقریباً 50 لوگوں
کو حراست میں لیا گیا اور 10 دکانوں کو نقصان پہنچا۔ آگ بجھانے کے لیے فائر
بریگیڈ محکمہ کے تقریباً 100 ملازمین کو لگایا گیا۔ میڈرڈ میں بھی پولیس نے
مظاہرین کو ہٹانے کے لیے آنسو گیس، مرچ اسپرے اور فوم کے گولے کا استعمال کیا۔
ملک بھر میں ہڑتال سے منسلک واقعات میں گزشتہ شب تک کم از کم 73 لوگوں کو گرفتار
کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ اسپین میں مکانات کی کمی اور بڑھتے کرایہ سے لوگ
پریشان ہیں۔ ملک میں تقریباً 7.5 لاکھ گھروں کی کمی ہے۔ اندازہ ہے کہ 2028 تک یہ
کمی 10 لاکھ سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ اسپین میں ایک گھر کا اوسط ماہانہ کرایہ 1176
یورو ہے۔ یہ نوجوانوں کی اوسط ماہانہ کمائی کا تقریباً 98.7 فیصد ہے۔ یعنی
نوجوانوں کی تقریباً پوری کمائی کرایہ دینے میں خرچ ہو رہی ہے۔ یہ مظاہرہ 29 نومبر
کو ہونے والے عام انتخاب سے 3 ہفتہ سے بھی کم وقت پہلے ہوا ہے۔ ایسے میں مہنگائی
اور گھروں کی کمی انتخاب میں بھی بڑا ایشو بن سکتی ہے۔
روم:
اٹلی میں بدھ کے روز تقریباً 6300 سرکاری اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول
ہونے کے بعد ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ای میل کے ذریعے بھیجی گئی ان
دھمکیوں کے پیش نظر کئی اسکولوں کی عمارتیں احتیاطاً خالی کرا لی گئیں۔ تاہم اٹلی
کی حکومت اور حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں کسی حقیقی خطرے یا دھماکہ
خیز مواد کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے ہیں اور یہ واقعات کسی منظم سائبر حملے کا
حصہ معلوم ہوتے ہیں۔ اٹلی
کے وزیر تعلیم جوسیپے والدیٹارا (Giuseppe Valditara) نے
ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی اور یورپ کے دیگر ممالک میں اس طرح
کی دھمکیاں ملنے کے پیچھے ایک واضح حکمت عملی نظر آتی ہے۔ ان کے مطابق ان دھمکیوں
میں صرف تعلیمی اداروں ہی کو نہیں بلکہ ہوائی جہازوں، سپر مارکیٹوں اور یہاں تک کہ
اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
اٹلی
کے دارالحکومت روم کے علاوہ نیپلز (Naples) ،
میلان (Milan) ،
جینوا (Genoa) ،
ویسنزا (Vicenza) ،
فلورنس (Florence) ،
پیسا (Pisa)
اور ٹریئسٹے (Trieste) سمیت متعدد
شہروں کے اسکولوں کی انتظامیہ کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئیں۔ صورت حال کے پیش
نظر پولیس، فوجی پولیس کارابینیری (Trieste) اور بم
ناکارہ بنانے والے ماہرین نے مختلف مقامات پر حفاظتی جانچ شروع کی۔ کئی اسکولوں
میں طلبہ اور اساتذہ کو احتیاطاً عمارتوں سے باہر نکال دیا گیا۔ اٹلی کے حکام کے مطابق بدھ کے روز ایک ہی دھمکی
آمیز ای میل ملک کے مجموعی طور پر 7476 سرکاری اسکولوں میں سے 6300 کے ان باکس میں
بھیجی گئی تھی۔ تاہم نجی اسکولوں کو اس طرح کی کوئی دھمکی موصول نہیں ہوئی۔
وزیر
اعظم جارجیا میلونی نے صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے سینئر وزرا اور خفیہ
ایجنسیوں کے سربراہوں کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اس کے علاوہ حزب اختلاف کے
رہنماؤں کی بھی جمعرات کو ان سے ملاقات طے تھی۔ میلونی
نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے
ہے، لیکن اب تک کی تحقیقات میں کسی ٹھوس خطرے کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔ انہوں
نے فیس بک پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ دھمکیاں لوگوں میں خوف اور تشویش پیدا کرنے
کی حکمت عملی کا حصہ معلوم ہوتی ہیں۔ اس
سے قبل اطالوی میڈیا نے وزیر تعلیم کے حوالے سے بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر
تقریباً 300 اسکول ان دھمکیوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم بعد میں سامنے آنے والی
سرکاری معلومات کے مطابق یہ تعداد بڑھ کر 6,300 تک پہنچ گئی۔ اطالوی
پولیس ای میل کے ماخذ اور اس میں کیے گئے دعوؤں کی حقیقت جاننے کے لیے تحقیقات کر
رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی ایسے ٹھوس ثبوت کا پتا نہیں چلا ہے جس سے
ان دھمکیوں کو حقیقی قرار دیا جا سکے۔ اس کے باوجود تعلیمی اداروں کی حفاظت کے لیے
احتیاطی اقدامات جاری ہیں۔