اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی
ایچ آر) نے مصر میں آزادی صحافت پر حملوں میں اضافے کے
بارے میں خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک میں حقائق جانچنے والی ایک ویب سائٹ کے
نیوز روم میں کام کرنے والے تمام صحافیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دفتر کے ترجمان ثمین الخیطان (Samin Al-Khaitan) نے
جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویب سائٹ متصدش کے زیرحراست صحافیوں
محمد اشرف ابو عمیرہ، عبداللہ قدری، اسلام برکات، عمر ہلال، محمد محمود اور محمد
عادل کے وکلا کا کہنا ہے انہیں دوران حراست تشدد اور
دیگر ناروا سلوک کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ان سے جبراً جھوٹے اعترافی بیانات بھی ریکارڈ کروائے گئے۔ ترجمان
نے کہا ہے کہ مصر میں صحافیوں کو نشانہ بنانے، ان پر مقدمات چلانے اور انہیں
ہراساں کرنے سمیت صحافت پر مختلف انداز میں حملے کیے جا رہے ہیں جو فوری طور پر
بند ہونے چاہئیں اور صحافیوں کو دھمکیوں اور انتقامی کارروائیوں کے خوف کے بغیر
اپنا پیشہ وارانہ کام کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔ آزاد
آن لائن نیوز ویب سائٹ مدی مصر کی چیف ایڈیٹر لینا عطااللہ (Lina Attallah) کو
گزشتہ ماہ عدالت نے بغیر لائسنس ویب سائٹ چلانے کے
الزام میں قصوروار قرار دیا تھا۔ انہیں حراست میں بھی لیا گیا، تاہم جرمانہ ادا کرنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔ عدالت
نے ویب سائٹ بند کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
صحافتی آزادی
برقرار رکھنے کا مطالبہ
'او ایچ سی ایچ آر' نے مصر سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں اور ذرائع
ابلاغ کے اداروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور آزادی اظہار، بشمول
معلومات تک رسائی کے حق کا احترام اور تحفظ یقینی بنایا جائے۔مصری حکام متصدش کے
تمام صحافیوں کو رہا کریں اور ان کے جائز صحافتی کام سے متعلق تمام الزامات واپس
لیے جائیں۔ زیر حراست صحافیوں کو وکلا تک
خفیہ اور بلا روک ٹوک رسائی، اہل خانہ سے رابطے، ضروری طبی سہولیات اور ادویات کی
فراہمی کے ساتھ انسانی وقار کے مطابق حراستی حالات بھی مہیا کیے جانا چاہئیں۔ ثمین الخیطان (Samin Al-Khaitan) نے
کہا ہے کہ صحافیوں پر تشدد، ان کے ساتھ ناروا سلوک یا جبری اعترافی بیانات لینے کے
تمام الزامات کی فوری تحقیقات ہونی چاہئیں اور اس میں ملوث افراد کو جواب دہ
ٹھہرایا جانا چاہیے۔ ترجمان
کے مطابق، مصر کے عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے ایسے
معاملات پر مختلف آرا پڑھ اور سن سکیں جو عوامی مفاد سے تعلق رکھتے ہیں۔