برطانیہ
کے مغربی علاقے میں امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال اہم فضائی اڈے کے قریب پولیس نے
بڑی ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے متعدد املاک خالی کرا لیں جبکہ دھماکا خیز
مواد سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے شبہے میں کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے
کے مطابق واقعہ گلوڈیستر شائر کے علاقے ویل فورڈ میں پیش آیا، جہاں پولیس نے
کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا اور بعد ازاں فوج کی بم ڈسپوزل
ٹیم کو طلب کرلیا گیا، ماہرین علاقے میں موجود متعدد گاڑیوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔
گلوڈیستر شائر پولیس کی
جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ویل فورڈ کے علاقے میں متعدد املاک کو
احتیاطی طور پر خالی کرایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا
جاسکے،گرفتار افراد پر ایکسپلوسوز ایکٹ کے تحت جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ حکام
نے علاقے میں بڑے واقعے کا اعلان کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات شروع کردیے ہیں جبکہ
پولیس اور بم ڈسپوزل ماہرین کی کارروائی جاری ہے، پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا
کہ زیرِ تفتیش گاڑیوں سے کسی قسم کا دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے یا نہیں۔ پولیس
حکام نے واقعے کے محرکات کے حوالے سے بھی فی الحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی
گئی ہے۔
ویل فورڈ گاؤں متعلقہ
فضائی اڈے کے انتہائی قریب واقع ہے۔ یہ برطانوی فضائیہ کا اہم اڈہ ہے جسے امریکی
فضائیہ بھی استعمال کرتی ہے، جس کے باعث علاقے میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال
کے بعد سیکیورٹی اقدامات کو خاص اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق پولیس کی
کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے افراد سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ بم ڈسپوزل
ماہرین مشتبہ گاڑیوں اور دیگر ممکنہ شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں۔ علاقے میں متعدد
املاک کو خالی کرائے جانے کے بعد رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا
ہے،شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صورتحال واضح
ہونے تک ہنگامی کارروائیاں جاری رہیں گی،حکام کی جانب سے مزید معلومات تحقیقات میں
پیش رفت کے بعد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔