کے صوبے کیوبیک (Quebec) میں واقع مینی کوواگن (Manicouagan) گڑھا دنیا کے بہترین
محفوظ رہ جانے والے شہابی گڑھوں میں شمار ہوتا ہے۔ تقریباً 21 کروڑ 40 لاکھ سال
پہلے لگ بھگ 5 کلومیٹر چوڑا ایک شہابِ ثاقب زمین سے ٹکرایا تو اس کے نتیجے میں یہ
عظیم گڑھا وجود میں آیا۔ اس گڑھے کا قطر تقریباً 72 کلومیٹر ہے اور آج اس میں پانی
بھر جانے کے باعث یہ خلا سے ایک بڑی گول جھیل یا آنکھ کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ اس
کے وسط میں پہاڑوں کا ایک بلند حصہ آنکھ کی پتلی جیسا منظر پیش کرتا ہے جبکہ دریا
اور ان کی شاخیں اطراف کے جنگلات میں پھیلتی دکھائی دیتی ہیں۔
اس مقام کو ’کیوبیک کی آنکھ‘ (The Eye of Quebec)
بھی کہا جاتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق شہابِ ثاقب کے ٹکرانے سے ملبہ جاپان تک جا
پہنچا تھا اور ممکن ہے کہ اس واقعے نے سمندری ماحولیاتی نظام کے بعض حصوں کو بھی
تباہ کیا ہو۔ تاہم اس گڑھے کی وسعت کا درست اندازہ اس وقت ہوا جب 1983 میں خلا
بازوں کی جانب سے لی گئی تصاویر منظرِ عام پر آئیں۔ 1960 کی دہائی تک اس علاقے
میں سڑکیں موجود نہیں تھیں لیکن اب جزوی طور پر پکی ایک دیہی شاہراہ کے ذریعے یہاں
پہنچا جاسکتا ہے۔ یہ سڑک کیوبیک (Quebec) اور لیبراڈور (Labrador) کے درمیان تقریباً 1700
کلومیٹر طویل سیاحتی سفر کا ابتدائی حصہ ہے جسے ایکسپڈیشن 51 روڈ ٹرپ کہا جاتا ہے۔
مینی کوواگن (Manicouagan) جانے کے لیے کیوبیک شہر سے دریائے سینٹ لارنس (St. Lawrence River)
کے شمالی ساحل کے ساتھ تقریباً 420 کلومیٹر کا سفر طے کرکے بے کومو پہنچنا پڑتا
ہے۔ یہ راستہ وہیل روٹ کے نام سے مشہور ہے جہاں مئی سے اکتوبر تک وہیل دیکھنے کے
مواقع ملتے ہیں۔ اس علاقے میں سمندری ممالیہ (Marine
Mammals) کی
13 اقسام پائی جاتی ہیں، جن میں چھوٹی ہاربر پورپوز (harbour porpoise) سے لے کر دیوہیکل نیلی
وہیل (gigantic blue whale) تک
شامل ہیں۔
سفر کے دوران دریائے ساگنے (Saguenay River)
کی مفت کار فیری (car ferry) سے گزرتے ہوئے سیاح
سفید رنگ کی بیلوگا وہیل (spot
white beluga) بھی دیکھ سکتے ہیں۔ یہ وہیل اس علاقے میں
سال بھر رہتی ہیں اور دنیا میں ان کی سب سے جنوبی آبادی یہیں پائی جاتی ہے۔ بے
کومو (Baie-Comeau)
پہنچ کر سیاح بوازی دے لا پوائنٹ سینٹ جائلز پارک (Bois-de-la-Pointe-Saint-Gilles Park)
میں گلابی دھاریوں والی چٹانیں بھی دیکھ
سکتے ہیں۔ یہاں گہرے سرمئی گرینائٹ (Grey
Granite) کی
چٹانوں پر گلابی رنگ کے فیلڈاسپار کی لکیریں قدرتی نقش و نگار کا منظر پیش کرتی
ہیں۔ اس کے بعد کیوبیک روٹ 389 کے
ذریعے شمال کی جانب سفر شروع ہوتا ہے۔ یہ دو رویہ سڑک گھومتی ہوئی پن بجلی کے
منصوبے مینی 2 تک پہنچتی ہے۔ گرمیوں کے موسم میں ہائیڈرو کیوبیک کے زیرِ انتظام یہ
ڈیم اور اس سے بڑا مینی 5 ڈیم عوام کے لیے مفت رہنمائی پر مبنی دوروں کا اہتمام
کرتے ہیں۔
مینی کوواگن (Manicouagan) دریا
پر 1959 سے 1970 کے دوران 4 ڈیم تعمیر کیے گئے۔ ان ڈیموں کے باعث پانی ذخیرہ ہونا
شروع ہوا اور شہابی گڑھا آہستہ آہستہ ایک وسیع آبی ذخیرے میں تبدیل ہوگیا۔ پانی
پہاڑوں کے گرد جمع ہوتا گیا اور یوں خلا سے دکھائی دینے والی’آنکھ‘ جیسی جھیل وجود
میں آئی۔ ایک رہنما کے مطابق گڑھے کو پانی سے بھرنے میں 9 سال لگے۔ مینی (Manicouagan) 2 سے مزید 191 کلومیٹر شمال کی جانب مینی 5 (Manicouagan) ڈیم
واقع ہے، جسے دنیا کا سب سے بڑا ملٹی پل آرچ اینڈ بٹریس ڈیم (Arch-and-Buttress
Dam) قرار
دیا جاتا ہے۔ اس کی تعمیر کے دوران 1960 کی دہائی میں یہاں ایک عارضی شہر بھی آباد
کیا گیا تھا جہاں ڈیم کی تعمیر پر کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے خاندانوں کے
لیے رہائش، سماجی سرگرمیوں اور دیگر سہولتوں کا انتظام کیا گیا۔ اسی منصوبے کے
نتیجے میں اس علاقے تک سڑکیں بھی پہنچیں، جن میں موجودہ روٹ 389 شامل ہے۔
مقامی باشندوں کی زمین اور ڈیموں کی تعمیر
یہ علاقہ انو برادری (Innu community) قوم کا روایتی مسکن بھی
ہے۔ انو برادری (Innu
community) کے علاقے پیسامیٹ (Pessamit)
سے
تعلق رکھنے والی ثقافتی و سیاحتی امور کی افسر سیلین بیکن (Celine Bacon) کے
مطابق ڈیموں کی تعمیر سے پہلے مقامی باشندوں سے ان کی رائے تک نہیں لی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں بننے سے پہلے انو (Innu)
نسلوں سے اس علاقے میں پیدل اور کشتیوں کے ذریعے سفر کرتے، شکار کرتے اور مچھلیاں
پکڑتے تھے۔ ان کے خاندان موسم کے مطابق مختلف مقامات پر عارضی قیام گاہیں بھی قائم
کرتے تھے۔ سیلین بیکن (Celine
Bacon) کے مطابق ڈیموں کی تعمیر اور پانی کی سطح بلند ہونے سے ان کی روایتی
زمین اور طرزِ زندگی بری طرح متاثر ہوا۔ شکار، ماہی گیری اور جنگلات سے خوراک جمع
کرنے کے روایتی طریقے متاثر ہوئے اور بعض قدیم راستے پانی میں ڈوب گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ ان راستوں کے نام
بتایا کرتی تھیں، جن میں سے کچھ کے آثار اب بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ ان کے مطابق 1950 کی دہائی سے کینیڈین حکومت نے انو (Innu) خاندانوں پر اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں
بھیجنے کے لیے دباؤ بڑھایا جس سے ان کا روایتی طرزِ زندگی اور معاشی سرگرمیاں مزید
متاثر ہوئیں۔ سیلین بیکن (Celine
Bacon) کا
کہنا تھا کہ اس تبدیلی کے نتیجے میں ان کی برادری نے اپنی روایات اور بہت سا
روایتی علم کھو دیا۔
سیاحوں کے لیے کیا کچھ ہے؟
مینی کوواگن (Manicouagan) کا سفر کرنے والوں کے لیے گرمیوں اور خزاں کا موسم
زیادہ موزوں ہے جبکہ سردیوں میں بھی برفانی موٹر سائیکلوں کے شوقین اور ٹرک
ڈرائیور یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ مینی 2 اور مینی 5 ڈیم عموماً جون کے وسط سے اگست کے
اختتام تک سیاحوں کے لیے کھلے رہتے ہیں۔ سیاح
اپنی کشتی یا پیڈل بورڈ کے ذریعے مینی کوواگن (Manicouagan) آبی
ذخیرے کی سیر کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ قریبی مون گرو پہاڑی سلسلے میں پیدل سفر کے
کئی راستے موجود ہیں۔ ان میں مون ہرفانگ کی چوٹی تک جانے والا تقریباً 7 کلومیٹر
کا دوطرفہ پیدل راستہ بھی شامل ہے۔ علاقے
میں قیام کی سہولتیں محدود ہیں۔ گڑھے کے جنوب مشرقی کنارے پر واقع ریلے گیبریئل (Réal Gabriel) میں
بنیادی نوعیت کے کمرے اور کھانے کی سہولت دستیاب ہے جبکہ انو (Innu) برادری کے زیرِ انتظام اسٹیشن واپشیکا (Wabushika) میں
جھیل کے کنارے رہائش، کیمپنگ اور کھانے کا انتظام موجود ہے۔
اسٹیشن واپشیکا (Wabushika) ایک تحقیقی
مرکز اور سیاحتی قیام گاہ بھی ہے جسے پیسامیٹ (Pessamit)
کی
انو برادری چلاتی ہے۔ یہاں انو باورچی سائمن لینڈری اسیلین (Simon
Landry Asselin) آس
پاس کے جنگلات سے حاصل ہونے والی اشیا، مثلاً صنوبر کی کونپلوں اور لیبراڈور ٹی (Labrador
tea) نامی سدا بہار جھاڑی کے خوشبودار پتوں سے کھانے تیار کرتے ہیں۔ ان کے
مطابق یہ قیام گاہ سیاحوں کو انو قوم کی ثقافت، روایات اور آباؤ اجداد کے علم سے
متعارف کرانے کا ایک ذریعہ ہے۔
دھند چھٹی تو قدرتی عجوبے کا اصل حسن سامنے آگیا
اس علاقے کے سفر پر جانے والے سیاحوں کے لیے موسم بھی ایک بڑا چیلنج
ہوسکتا ہے۔ سفرنامہ نگار کے مطابق کیوبیک شہر سے مینی کوواگن (Manicouagan) تک
تقریباً 11 گھنٹے کے سفر کے دوران شدید بارش نے راستے کو مشکل بنا دیا تھا۔ جب وہ وہاں پہنچے تو دھند اور بارش کے باعث گڑھے کا
بیشتر حصہ دکھائی نہیں دے رہا تھا تاہم اگلی صبح آسمان صاف ہوا تو منظر یکسر بدل
چکا تھا۔ جھیل کے کنارے سے 952 میٹر بلند
مون بابل پہاڑ دکھائی دے رہا تھا۔ یہ پہاڑ شہابِ ثاقب کے ٹکرانے کے بعد زمین کی
چٹانی تہہ کے شدید اچھلاؤ سے گڑھے کے وسط میں وجود میں آیا تھا۔ سفرنامہ نگار نے اپنا پیڈل بورڈ پانی میں اتارا اور
جھیل کے کناروں کے ساتھ سفر شروع کیا۔ ان کے مطابق کچھ فاصلے پر قیام گاہ نظروں سے
اوجھل ہوگئی اور چاروں طرف انسانی آبادی کے آثار ختم ہوگئے۔ پانی کے نیچے انو
برادری کے قدیم شکار گاہیں، راستے اور موسمی قیام گاہیں ڈوبی ہوئی ہیں جو کبھی ان
کے آباؤ اجداد کی زندگی کا حصہ تھیں۔ جھیل
کے کنارے دھوپ میں چمکتے ساحل، ایک چٹان پر بیٹھا سفید سر والا عقاب اور دور تک
پھیلا نیلا پانی اس قدرتی عجوبے کو ایک غیرمعمولی منظر میں بدل دیتے ہیں۔ یوں
کروڑوں سال پہلے شہابِ ثاقب کے ایک تباہ کن ٹکراؤ سے بننے والا گڑھا آج قدرتی حسن،
سائنسی تاریخ اور مقامی آبادی کی ثقافت کا منفرد امتزاج پیش کرتا ہے۔