واشنگٹن ، تہران : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران
کو خبردار کیا ہے کہ امریکا کو ملک کے باقی حصے کو بھی تباہ کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم
انہوں نے کہا کہ وہ ایسا کرنا نہیں چاہتے اور جلد فیصلہ سامنے آجائے گا۔ وائٹ ہاؤس
کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا فیصلہ کرے گا
کہ آیا ایران کے خلاف کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے تاکہ اس کا جوہری پروگرام
مستقل طور پر ختم کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ممکنہ حد تک ایران کے باقی حصے
کو تباہ نہیں کرنا چاہوں گا، لیکن شاید مجھے ایسا کرنا پڑے، آپ کو جلد ہی معلوم
ہوجائے گا۔ ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور
اسرائیل کی جنگ کے بعد ایران کو دوبارہ تعمیر ہونے میں تقریباً 25 سال لگ سکتے
ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام سے متعلق کوئی قدم امریکا
کی منظوری کے بغیر نہیں اٹھا سکتا۔
امریکی نشریاتی ادارے ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے وسط مدتی
انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ اپنے اعلیٰ قومی سلامتی مشیروں کے ساتھ ایران کی صورت
حال پر مشاورت کی ہے۔ امریکی صدر کے سامنے فی الحال 3 راستے ہیں، ایران پر نئے
فضائی حملے، تہران کے خلاف معاشی دباؤ جاری رکھنا یا ایسی سفارتی مفاہمت جس میں
امریکا اور ایران دونوں کو بعض معاملات پر رعایت دینا پڑے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی
سینٹرل کمانڈ ممکنہ طور پر بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کی
تیاریاں مکمل کر رہی ہے، تاہم اسے واشنگٹن سے حملوں کا کوئی نیا حکم نہیں ملا۔ اس
دوران سفارتی رابطے بھی جاری ہیں اور ثالثوں کے ذریعے ایران کے جوہری پروگرام پر
نئی تجاویز زیرِ غور ہیں۔ ایکسیوس کے مطابق زیرِ بحث مجوزہ سمجھوتے میں پہلے مرحلے
پر امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور ایران کے منجمد اثاثوں میں سے کچھ رقم جاری
کرنے کی تجویز شامل ہے، جس کے جواب میں ایران بمباری کا نشانہ بننے والی جوہری
تنصیبات کے معائنے کے لیے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کو باضابطہ دعوت دے
گا۔ دوسرے مرحلے میں آبنائے ہرمز کھولنے اور اس کے بعد ایران کے افزودہ یورینیم کے
ذخیرے پر مذاکرات شروع کرنے کی تجویز ہے۔
الجزیرہ کے مطابق ایران نے ثالثوں کے ذریعے اپنے جوہری پروگرام سے
متعلق نئی تجویز امریکا کو بھیجی ہے، تاہم تہران کی جانب سے پیش کردہ 7 شرائط پر
اتفاق ہونا بھی مذاکرات کی پیشرفت کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ
امریکا اور اسرائیل نے رواں سال فروری میں ایران کے خلاف جنگ شروع کی تھی۔ بعد
ازاں جنگ بندی اور مفاہمت کی کوششوں کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی
اختلافات، خصوصاً جوہری پروگرام، آبنائے ہرمز اور پابندیوں کے خاتمے کے معاملات حل
نہیں ہوسکے۔ ٹرمپ کے تازہ بیان سے خطے میں دوبارہ بڑے پیمانے پر جنگ شروع ہونے کے
خدشات بڑھ گئے ہیں۔
تہران: ایران نے ایٹمی تنازع پر تجاویز قطر کے
ذریعے امریکا کو بھجوادیں ہیں۔
دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے
مطابق ایران نے قطر کے ذریعے امریکا کو ایٹمی تجویز ارسال کر دی ہے، تاہم ایک
سینیئر ایرانی عہدیدار کے مطابق ان جوہری تجاویز پر بات چیت صرف اسی صورت میں ممکن
ہو گی جب واشنگٹن تہران کے پیش کردہ سات مطالبات کو تسلیم کرے گا۔ ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ امریکی حکام اس وقت
ان تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔دوسری جانب ثالثوں نے امریکا اور ایران کے درمیان
جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے
منگل کے روز ووٹنگ کے بعد جنگی کارروائیوں کے دوبارہ آغاز کے امکان کو مسترد کرنے
سے انکار کر دیا تھا، جبکہ ایران نے بھی جنگ دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں وسیع تر
جوابی کارروائی کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔
جمعرات کے روز روس کے دورے کے دوران ایران کے
اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی نے واضح کیا تھا کہ سفارت کاری کے محاذ پر انہوں
نے امریکا کے سامنے سات شرائط رکھ دی ہیں، اور جب تک وہ ان ساتوں شرائط کو پورا
نہیں کرتے، تب تک نہ تو آبنائے ہرمز کھولی جائے گی اور نہ ہی کسی قسم کے مذاکرات
کا آغاز ہوگا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے
ایران پر حملے کیے تھے، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں
موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا۔ اس تنازع کے اثرات خطے کے دیگر حصوں تک بھی
پھیل گئے تھے، جہاں لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ اور اسرائیل کے
درمیان جنگ پھوٹ پڑی، جبکہ یمن میں حوثی ملیشیا نے بھی سعودی عرب میں توانائی کی
تنصیبات، ہوائی اڈوں اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا۔