عالمی
ادارہ مہاجرت (آئی اوایم) نے بتایا ہے کہ اپنے ملک کے مخدوش حالات سے تنگ ہزاروں
افغان شہری مہینوں طویل سفر اور بھاری رقم خرچ کر کے یورپ پہنچنے کی تگ و دو کر رہے ہیں۔ رواں سال جنوری سے
اگست کے دوران مغربی بلقان کے مختلف ممالک کے حکام نے 3,941 افغان مہاجرین کا اندراج
کیا جو اس عرصے میں رجسٹر ہونے والے مجموعی تارکین وطن کا 17 فیصد ہیں۔ ادارے کی جانب سے اس مسئلے پر
جاری کردہ رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ افغان شہری 2020 سے اس راستے پر سفر کرنے والے
بڑے گروہوں میں شامل رہے ہیں اور اس عرصہ کے دوران مجموعی رجسٹریشن میں ان کا
سالانہ اوسط تناسب 21 فیصد رہا ہے۔ افغانستان میں
'آئی او ایم' کی نمائندہ می ہونگ پارک نے کہا ہے کہ عموماً نقل مکانی کے معاملے کو
ایک ہی زاویے سے دیکھا جاتا ہے جبکہ افغان شہریوں کی نقل مکانی پیچیدہ صورتحال
اختیار کر چکی ہے۔ بہت سے خاندان افغانستان میں اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کر رہے
ہیں جبکہ دیگر ہمسایہ ممالک میں مقیم ہیں یا معاشی دباؤ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور غیر یقینی
حالات کے باعث دوسرے ممالک کا سفر کرتے ہیں۔
مہاجرت کے
عوامل
'آئی او ایم' نے البانیہ، بوسنیا ہرزیگووینا (Bosnia
and Herzegovina) ، مونٹی نیگرو (Montenegro)
، شمالی مقدونیہ (North
Macedonia) ، سربیا اور کوسوو (Kosovo) کے راستے
مغربی بلقان سے گزرنے والے ایک ہزار سے زیادہ افغان شہریوں سے بات کی۔ اس جائزے سے
سامنے آیا کہ مہاجرت کے اس راستے پر سفر کا اوسط دورانیہ 209 روز رہا، یعنی بات
کرنے والے نصف افراد اس سے بھی زیادہ عرصہ سے محو سفر تھے۔ ان
لوگوں نے اپنے سفر پر اوسطاً 7,541 یورو خرچ کیے جو دیگر ممالک کے مہاجرین کے
مقابلے میں کہیں بڑی رقم ہے۔ ادارے
کے مطابق، ایسے 20 فیصد سے زیادہ افغان شہریوں نے سفر پر 10 ہزار یورو سے زیادہ
رقم خرچ کی جبکہ 37 فیصد اب بھی اپنے سفر کے لیے ادھار لی گئی رقم کے باعث مقروض
ہیں۔ جائزے میں شامل افغان شہریوں نے ملک چھوڑنے کی مختلف وجوہات بیان کی
ہیں۔ معاشی دباؤ، روزگار کے ذرائع
اور ملازمت کے مواقع کی کمی نقل مکانی کے فیصلوں پر اثرانداز
ہونے والے اہم عوامل ہیں۔
نقل مکانی کا
بدلتا رجحان
اس جائزے میں بیشتر افغانوں نے بتایا کہ وہ اپنا سفر جاری رکھیں گے۔
ان تمام افراد نے یورپ کے دیگر ممالک کو جانے کی خواہش ظاہر کی جن میں سب سے زیادہ
(37 فیصد) نے اٹلی کو اپنی منزل بتایا کہ جبکہ 22 فیصد نے جرمنی اور 20 فیصد نے فرانس جانے کی خواہش ظاہر کی۔ ان
ممالک کے انتخاب میں وہاں ان کے پہلے سے موجود خاندانی روابط بھی اہم وجہ تھے۔ دو
تہائی سے زیادہ لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ افغانستان واپس جانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب افغانستان سے
نقل مکانی کے رجحانات میں مزید تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ رواں سال اب تک ایران اور پاکستان سے 14 لاکھ افغان شہری واپس افغانستان پہنچ چکے ہیں
جس کے باعث پہلے ہی معاشی مشکلات کا سامنا کرنے والی مقامی آبادیوں پر دباؤ بڑھ
گیا ہے۔ 'آئی او ایم'
کی یہ رپورٹ ایسے ممالک میں بہتر پالیسی سازی اور امدادی اقدامات کے لیے مستند
معلومات فراہم کرتی ہے جہاں سے مہاجرین روانہ ہوتے ہیں، جو ان کی عبوری منازل ہیں
اور جہاں یہ لوگ آباد ہونا چاہتے ہیں۔