طویل
وقت تک مسلسل بیٹھے رہنا صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے لیکن ایک نئی تحقیق سے پتا
چلا ہے کہ اس دوران ہر گھنٹے چند منٹ کی تیز چہل قدمی خون میں شکر کی سطح کو بہتر
انداز میں قابو میں رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ تحقیق کے مطابق دن بھر بیٹھنے کے وقفوں کو مختصر
چہل قدمی سے توڑنے والے افراد میں خون میں گلوکوز کی سطح میں اتار چڑھاؤ نسبتاً کم
دیکھا گیا۔ اس کے برعکس، اتنے ہی مجموعی وقت تک مسلسل چہل قدمی کرنے والے افراد
میں یہ بہتری نظر نہیں آئی۔ یہ
تحقیق طبی جریدے ’اوبیسٹی‘ (Obesity) میں شائع ہوئی۔ اس میں
کولوراڈو یونیورسٹی (University of Colorado) اور اس کے معاون اداروں کے محققین نے 30 ایسے بالغ
افراد کا جائزہ لیا جن کا وزن زیادہ تھا یا وہ موٹاپے کا شکار تھے اور جو روزانہ 6
گھنٹے سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے تھے۔
مسلسل ورزش یا دن بھر مختصر وقفوں سے چہل قدمی؟
شرکا کو 6 ہفتوں کے لیے 2 گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے گروہ کو دن
بھر بیٹھنے کے وقفوں کے دوران تیز قدموں سے مختصر چہل قدمی کرنے کی ہدایت دی گئی۔
انہیں ہفتے میں پانچ دن روزانہ مجموعی طور پر 45 منٹ چلنا تھا۔ دوسرے گروہ کے افراد بھی ہفتے میں 5 دن 45 منٹ تیز
چہل قدمی کرتے تھے تاہم وہ یہ ورزش ایک ہی نشست میں مکمل کرتے تھے۔ اس طرح دونوں گروہوں کی مجموعی جسمانی سرگرمی کا
دورانیہ یکساں رکھا گیا تاکہ محققین یہ جان سکیں کہ ورزش کے وقت اور تقسیم کرنے کے
طریقے سے خون میں شکر کے نظم پر کیا فرق پڑتا ہے۔ محققین
نے تحقیق کے آغاز اور اختتام پر شرکا کے خون میں گلوکوز کے ردعمل کا جائزہ لیا۔ اس
مقصد کے لیے مخصوص طبی ٹیسٹ اور مسلسل گلوکوز مانیٹرنگ کا طریقہ استعمال کیا گیا۔ تحقیق کی مرکزی مصنف اور کولوراڈو یونیورسٹی (University
of Colorado) کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر آڈری برگویگنان (Professor Dr. Audrey Bergouignan) کے
مطابق نتائج سے ظاہر ہوا کہ جسمانی سرگرمی کو دن بھر کس طرح تقسیم کیا جاتا ہے اور
خون میں شکر کو قابو رکھنے کے لیے یہ بات اتنی ہی اہم ہوسکتی ہے جتنا کہ ورزش کا
مجموعی دورانیہ۔ ان
کا کہنا تھا کہ طویل وقت تک بیٹھنے کے درمیان مختصر چہل قدمی کرنے سے خون میں شکر
کے نظم کے کئی پیمانوں میں مسلسل ایک ہی نشست میں ورزش کرنے کے مقابلے میں زیادہ
بہتری دیکھی گئی۔
خون میں شکر کے اتار چڑھاؤ میں کمی
تحقیق میں سامنے آیا کہ وقفے وقفے سے چلنے والے گروہ میں خون میں
گلوکوز کے مجموعی ردعمل میں زیادہ کمی ہوئی۔ اس گروہ میں گلوکوز برداشت کرنے کی
صلاحیت میں بھی بہتری دیکھی گئی تاہم اس پیمانے پر دونوں گروہوں کے درمیان فرق
اتنا نمایاں نہیں تھا کہ اسے شماریاتی اعتبار سے حتمی قرار دیا جاسکے۔ مسلسل گلوکوز مانیٹرنگ کے نتائج بھی دلچسپ تھے۔
وقفے وقفے سے چہل قدمی کرنے والے افراد میں خون میں شکر کی سطح تحقیق کے مقرر کردہ
ہدف کے اندر رہنے کا دورانیہ 82 فیصد سے بڑھ کر 94 فیصد ہوگیا۔ اس کے برعکس مسلسل 45 منٹ چلنے والے گروہ میں یہ
دورانیہ 89 فیصد سے کم ہوکر 80 فیصد رہ گیا۔ پہلے
گروہ میں گلوکوز کی سطح میں اتار چڑھاؤ بھی کم ہوا جس کا مطلب تھا کہ دن بھر خون میں
شکر کی مقدار نسبتاً زیادہ مستحکم رہی۔
تاہم تحقیق میں ایک اہم بات یہ بھی سامنے آئی کہ کسی بھی گروہ میں
پورے جسم کی انسولین حساسیت میں قابلِ پیمائش بہتری نہیں ہوئی۔ ڈاکٹر آڈری برگویگنان (Professor Dr. Audrey Bergouignan) کے
مطابق یہ ایک دلچسپ نتیجہ تھا کیونکہ وقفے وقفے سے چلنے والے افراد میں خون میں
شکر کے نظم میں بہتری تو دیکھی گئی لیکن انسولین کے بہتر اثرانداز ہونے کے شواہد
نہیں ملے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مختصر چہل قدمی کے فوائد کے پیچھے ایسے جسمانی
عوامل بھی ہوسکتے ہیں جو انسولین کی حساسیت میں تبدیلی سے الگ ہوں۔
مختصر چہل قدمی خون میں شکر پر کیسے اثر ڈالتی ہے؟
محققین کے مطابق اس کی ایک ممکنہ وجہ خون کی روانی میں بہتری ہوسکتی
ہے۔ بیٹھنے کے طویل وقفے کو جسمانی سرگرمی سے توڑنے سے خون کی روانی بڑھ سکتی ہے،
جس سے گلوکوز کو پٹھوں کے خلیوں تک پہنچنے میں مدد ملتی ہے۔ اس
کے علاوہ جب پٹھے حرکت کرتے ہیں تو وہ توانائی کے لیے خون سے گلوکوز جذب کرتے ہیں۔
یہ عمل انسولین کی مدد کے بغیر بھی ہوسکتا ہے۔ ورزش کے دوران پٹھوں کا سکڑنا اور
حرکت کرنا انہیں خون میں موجود شکر استعمال کرنے کے لیے متحرک کرتا ہے۔ ڈاکٹر برگویگنان (Professor
Dr. Audrey Bergouignan) کے
مطابق طویل وقت تک بیٹھنے سے پٹھے نسبتاً غیر فعال رہتے ہیں، ان کی توانائی کی
ضرورت کم ہوجاتی ہے اور وہ خون سے کم گلوکوز جذب کرتے ہیں۔ اس کے برعکس مختصر چہل
قدمی بھی جسم کے بڑے پٹھوں کو متحرک کردیتی ہے۔ ان
کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ ورزش کرنے سے انسولین کی حساسیت بہتر ہوسکتی ہے لیکن اس
کے بعد کئی گھنٹے مسلسل بیٹھے رہنے سے ورزش کے بعض فوائد محدود ہوسکتے ہیں۔ دن بھر
جسمانی سرگرمی پھیلانے سے خصوصاً کھانے کے بعد خون میں شکر کے بڑھنے کو سنبھالنے
میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم
محققین نے واضح کیا کہ ان تبدیلیوں کے پیچھے درست حیاتیاتی طریقۂ کار ابھی پوری
طرح سمجھا نہیں جاسکا اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ یہ نتائج اس بات کا ثبوت بھی نہیں کہ مختصر چہل
قدمی لازماً خون میں شکر کی اوسط یا بلند ترین سطح کو کم کردیتی ہے۔ تحقیق میں بہتری
کا تعلق زیادہ تر گلوکوز کی سطح کے نسبتاً کم اتار چڑھاؤ سے تھا۔
دفتر میں بیٹھ کر کام کرنے والے کیا کریں؟
تحقیق کے مطابق اس طریقے سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری نہیں کہ ہر
شخص ورزش کے لیے روزانہ اضافی وقت نکالے۔ وہ اپنی معمول کی سرگرمیوں کو دن بھر میں
مختلف وقفوں کے دوران تقسیم کرسکتا ہے۔ تحقیق
میں مختصر چہل قدمی کا دورانیہ تقریباً 5 منٹ تھا۔ شرکا نے 9 گھنٹے کے دوران ہر
گھنٹے ایسے وقفے لیے اور روزانہ مجموعی طور پر تقریباً 45 منٹ چہل قدمی کی۔ دفتر میں کام کرنے والے افراد اجلاسوں کے درمیان
تھوڑی دیر چل سکتے ہیں، فون پر بات کرتے ہوئے ٹہل سکتے ہیں، سیڑھیاں استعمال
کرسکتے ہیں یا کچھ دیر کے لیے اپنی نشست سے اٹھ کر دفتر میں چکر لگا سکتے ہیں۔ گھر
میں کام کرنے والے افراد بھی کام کے وقفوں کے دوران کچھ دیر چل پھر سکتے ہیں۔
امریکی ذیابیطس ایسوسی ایشن کے مطابق بیٹھنے کے طویل وقفوں کو توڑنے
کے لیے رقص کرنا، گھر کی صفائی، بچوں یا پالتو جانوروں کے ساتھ کھیلنا، ایک ہی جگہ
کھڑے ہوکر مارچ کرنا اور چھلانگیں لگانا بھی جسمانی سرگرمی کے مفید طریقے ہوسکتے
ہیں۔ ڈاکٹر برگویگنان کا کہنا ہے کہ
ہر 30 سے 60 منٹ بعد اٹھ کر چلنے کے لیے یاد دہانی مقرر کرنا بھی ایک اچھا آغاز
ہوسکتا ہے۔ البتہ ان کے مطابق اس کا مطلب
یہ نہیں کہ لوگ اپنی معمول کی ورزش چھوڑ دیں۔ باقاعدہ ورزش دل، پٹھوں اور ذہنی صحت
کے لیے اہم فوائد رکھتی ہے۔ بہتر حکمت عملی یہ ہے کہ ورزش کے ساتھ ساتھ دن بھر
مسلسل بیٹھنے سے بھی گریز کیا جائے۔
تحقیق کی حدود بھی اہم ہیں
اگرچہ نتائج حوصلہ افزا ہیں لیکن محققین نے اس تحقیق کی چند حدود کی
نشاندہی بھی کی ہے۔ سب
سے پہلے اس میں صرف 30 افراد شامل تھے اس لیے نتائج کی تصدیق کے لیے زیادہ تعداد
میں شرکا کے ساتھ تحقیق ضروری ہے۔ اس کے علاوہ مطالعہ صرف 6 ہفتے جاری رہا، لہٰذا
یہ واضح نہیں کہ اس دوران سامنے آنے والی بہتری طویل مدت تک برقرار رہتی ہے یا
نہیں۔ شرکا کی اوسط عمر تقریباً 34
سال تھی اور ان سب کا وزن زیادہ تھا یا وہ موٹاپے کا شکار تھے۔ اس لیے یہ نتائج
لازماً بزرگ افراد یا پہلے سے میٹابولک بیماریوں میں مبتلا لوگوں پر یکساں طور پر
لاگو نہیں کیے جاسکتے۔ تحقیق
میں ایسا کوئی تیسرا گروہ بھی شامل نہیں تھا جو باقاعدہ ورزش نہ کرتا ہو، اس لیے
یہ طے کرنا مشکل ہے کہ ورزش نہ کرنے کے مقابلے میں دونوں طریقوں کے الگ الگ اثرات
کیا ہوتے۔ اس کے علاوہ شرکا کی غذا اور
کھانے کے اوقات کو بھی مسلسل گلوکوز مانیٹرنگ کے دوران قابو میں نہیں رکھا گیا جس
سے نتائج متاثر ہوسکتے تھے۔ محققین
کے مطابق مزید تحقیق سے یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ آیا خون میں شکر کے نظم میں یہ
بہتری مستقبل میں ٹائپ ٹو ذیابیطس یا دل کی بیماریوں کے خطرے میں بھی کمی لاسکتی
ہے۔ فی الحال اس تحقیق کا بنیادی
پیغام یہی ہے کہ صحت کے لیے صرف یہ دیکھنا کافی نہیں کہ ہم روزانہ کتنی دیر ورزش
کرتے ہیں بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ باقی دن کس قدر مسلسل بیٹھ کر گزارتے ہیں۔