برطانیہ نے عالمی عدالت انصاف کے
روہنگیا نسل کشی سے متعلق فیصلے کے بعد میانمار کے پانچ سینئر فوجی لیڈروں پر
پابندیاں عائد کر دی ہیں، جبکہ ہوا بازی کے ایندھن کی فراہمی کو محدود کرنے کا بھی
اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ملائیشیا6500 سے زائد تارکین وطن کو میانمار واپس بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔برطانوی
وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ پابندیوں کا سامنا کرنے والے سینئر فوجی
لیڈرمیو ہٹوٹ ہلائنگ، میو من ٹن، میاٹ تھیٹ او، کیاو سوئے اور کیاو سوار او (Myo Htut Hlaing, Myo Min Tun, Myat Thet Oo, Kyaw Soe and Kyaw
Swar Oo) ہیں۔
فیصلے کے بعد برطانیہ نے میانمار کے دفاعی اتاشی (Myanmar’s
Defence Attaché) کو بھی ملک سے نکال دیا تھا۔ملی بینڈ نے مزید
کہا کہ میانمار کے صدر من آنگ ہلائنگ، جن پر برطانیہ نے2021
میں پابندی عائد کی تھی، ’’2017
میں نسل کشی کے وقت فوج کے سربراہ ہونے کے ناطے ہونے والے بہت سے مظالم کے براہ
راست ذمہ دار ہیں۔‘‘
مزید برآں ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے منگل24 نومبر کو کہا کہ ان کا ملک
واپسی کے نئے دور میں6500سے
زائد تارکین وطن کو میانمار واپس بھیجے گا۔ اس سے قبل ملائیشیا نے ستمبر کے آخر میں
پہلے ہی تقریباً1500 تارکین
وطن کو میانمار واپس بھیجا تھا۔انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا نے ظلم و ستم یا
تنازع سے فرار ہونے والوں کو محفوظ پناہ دی تھی، لیکن اب وہ غیر ملکی پناہ گزینوں
سے متعلق دیرینہ چیلنج کو حل کرنے کا خواہاں ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا،’’میانمار کو جاری خلاف ورزیوں کو روکنا
ہوگا، تحقیقات کرنی ہوں گی، مجرموں پر مقدمہ چلا کر سزا دینی ہوگی اور ایسی
ہولناکی کو دوبارہ کبھی نہ ہونے دینا ہوگا۔ ہم جنگوں میں فوری وقفے، انسانی امداد
کی ترسیل، شہریوں پر فضائی حملے روکنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور جامع سیاسی
تصفیے کے لیے مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘ساتھ ہی انہوں نے تصدیق کی کہ ملک کو
ہوا بازی کے ایندھن کی فراہمی روکنے کے لیے نئی قانون سازی کی جائے گی۔ انہوں نے
اراکین پارلیمنٹ کو بتایا کہ برطانیہ اس ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یہ
معاملہ اٹھائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے جمعرات19 نومبر کو فیصلہ دیا کہ میانمار نے2017
کے وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران اپنی روہنگیا اقلیت کے خلاف نسل کشی کا ارتکاب
کیا۔ عالمی عدالت کی80 سالہ تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ کسی ریاست کو نسل کشی کا براہ راست ذمہ
دار قرار دیا گیا ہے۔ یہ کیس سات سال قبل گیمبیا نے دائر کیا تھا۔ عدالت نے6 کے مقابلے 9 کے فیصلے سے کہا کہ افواج نے
’’نسل کشی کے ارادے‘‘ سے روہنگیا کو قتل کیا، خواتین کو قتل و زیادتی کا نشانہ بنایا
اور بچوں کے خلاف تشدد کیا۔ عدالت نے میانمار کو روہنگیا گروپ کو معاوضہ دینے اور2017 کے
کریک ڈاؤن میں فرار ہونے والے پناہ گزینوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کا حکم
دیا۔ مزید یہ کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس کے خلاف اپیل نہیں ہو سکتی۔