پاکستان اور سعودی
عرب کے مابین دوطرفہ تجارت کے حوالے سے حوصلہ افزا اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، جن
کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ
تجارتی خسارے میں 18.37 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور یہ کم ہو کر 47
کروڑ 10 لاکھ ڈالر پر آ گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ خسارہ 57 کروڑ
70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سرکاری ذرائع کے
مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ یعنی جولائی اور اگست 2026 میں سعودی عرب کے
لیے پاکستانی برآمدات کا حجم 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت
میں برآمدات 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھیں، اس طرح گزشتہ دو ماہ کے دوران سعودی عرب
کے لیے پاکستانی برآمدات میں معمولی یعنی 3.92 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم
تجارتی خسارے میں بڑی کمی کی اصل وجہ سعودی عرب سے پاکستان کی درآمدات میں ہونے
والی نمایاں کمی کو قرار دیا جا رہا ہے۔