اسرائیل میں اکتوبر کے انتخابات میں
عوام نے نیتن یاہو کو تو واضح اکثریت نہیں دی مگر اپوزیشن کے اتحاد کو بھی اکثریت
نہ ملنے کی وجہ سے نئی حکومت کی تشکیل ٹیڑھی کھیر بن گئی ہے۔ سابق فوجی سربراہ
گادی آئزن کوٹ کی قیادت والی یاشار جماعت کے اتحاد کو حکومت بنانے کی ذمہ داری دی
گئی ہے۔اسے دوسری جماعتوں کی حمایت درکار ہے۔ 19سیٹیں
جیتنے والے عرب پارٹیوں کے دونوں اتحاد گادی آئزن کوٹ کو باہر سے حمایت دینے کیلئے
تیار ہیں مگر اس صورت میں شدت پسند صہیونی پارٹیاں اتحاد واپس لے لیں گی
اوروہ اکثریت ثابت نہیں کرسکیں گے۔ اس سے نمٹنے کیلئے آئزن کوٹ کی
پارٹی نے نیتن یاہو کی اُسی لیکوڈ پارٹی کے اتحاد کو ساتھ لے کر اتحادی حکومت
بنانے کیلئے بات چیت شروع کردی ہے جس کے خلاف اس نے الیکشن لڑا۔ اس تجویز کے
تحت عرب جماعتوں کے علاوہ تمام پارٹیاں اتحاد کا حصہ ہوں۔
اسے چور دروازہ سے اقتدار میں نیتن یاہو کی واپسی کے طور پر دیکھا
جارہاہے۔
آئزن کوٹ کو اگلے ماہ تک حکومت سازی کی مہلت
آئزن کوٹ کو نیتن یاہو کی جگہ نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے اگلے
ماہ تک کی مہلت حاصل ہے۔ ان کی سینٹرلسٹ جماعت یاشار کے مطابق مذاکرات کی دعوت
وسیع بنیادوں پر حکومت تشکیل دینے کی کوشش ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے
ایف پی کے مطابق آئزن کوٹ کے خیمے میں اس بات پر اختلاف ہے کہ آیا انتہائی
مذہبی یہودی جماعتوں یا عرب اکثریتی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کیا جائے یا نیتن یاہو
کے سیاسی بلاک کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دی جائے۔ یاشار پارٹی نے اپنے
بیان میں کہا ہے کہ نئی حکومت بنانے کے تمام ممکنہ راستے تلاش کرنے کیلئے گادی
آئزن کوٹ نے مذاکراتی ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ لیکوڈ کے نمائندوں سےطویل مذاکرات
کریں۔
نیتن یاہو بھی قومی اتحادحکومت کے متمنی
سابق وزیر اعظم نفتالی بینٹ، جو آئزن کوٹ کے خیمے کی اہم
شخصیت ہیں، نے آئزن کوٹ کی قیادت میں صہیونی قومی اتحاد حکومت کی حمایت کی ہے مگر
واضح کیا ہے کہ ان کی پارٹی نیتن یاہو یا ان کے سیاسی بلاک کے ساتھ اتحاد نہیں کرے
گی۔دوسری جانب نیتن یاہو قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے پر زور دیتے رہے ہیں۔ ان
کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے ایسی حکومت ضروری ہے۔
وزارت عظمیٰ پر دعویداری
آئزن کوٹ کا موقف ہے کہ وہ نیتن یاہو کی قیادت میں حکومت میں شامل
نہیں ہوں گے۔ ان کی تجویز یہ ہے کہ لیکوڈ جماعت نئی حکومت کا حصہ بن سکتی ہے، لیکن
حکومت کی سربراہی آئزن کوٹ کے پاس ہو۔ اس کے برعکس لیکوڈ کی کوشش یہ ہے کہ
اتحادی حکومت نیتن یاہو کی قیادت میں بنے اور ان کے موجودہ سیاسی اتحادی بھی حکومت
میں شامل ہوں۔ اگر لیکوڈ اپنے اہم مطالبات منوانے میں کامیاب رہتی ہے تو عدالتی
نظام، غزہ پالیسیاور ۷؍ اکتوبر کی تحقیقات
جیسے بنیادی معاملات میں حکومت کی پالیسی میں بڑی تبدیلی کی گنجائش
محدود ہوسکتی ہے۔
اتوار کو لیکوڈ اور یاشار کی مذاکراتی ٹیموں نے بات چیت کا تازہ
دور شروع کردیا ہے لیکن دونوں جماعتوں کے درمیان وزارتِ عظمیٰ، انتہائی دائیں
بازو کی جماعتوں کی شمولیت اور بنیادی پالیسیوں پر اختلافات برقرار ہیں۔ آئزن کوٹ
کے اتحادیوں میں بھی اس بات پر اتفاق نہیں کہ لیکوڈ کو حکومت میں شامل کیا جائے یا
اس کے بغیر متبادل اتحاد بنایا جائے۔ اس پیش رفت کو اسرائیل میں نیتن یاہو کے دور
کے خاتمے اور نئی سیاسی سمت کی کوشش کے تناظر میں دیکھنا چاہیے لیکن نیتن یاہو کی
جگہ کسی دوسرے وزیر اعظم کا آنا اور اسرائیل کی ریاستی پالیسیوں میں بنیادی
تبدیلی آنا دو الگ باتیں ہیں۔ اگر
لیکوڈ پارٹی حکومت میں شامل ہوتی ہے تو یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ وہ محض
پارلیمانی حمایت فراہم کرتی ہے یا حکومت کے فیصلوں پر بھی اثرانداز ہوتی ہے۔ اسی
طرح یہ بھی اہم ہوگا کہ نئی حکومت غزہ، فلسطینی مسئلے، عدالتی آزادی اور ۷؍ اکتوبر کی تحقیقات کے بارے میں کیا فیصلے کرتی ہے۔
بہرحال لیکوڈ پارٹی نے جو مطالبے سامنے رکھے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے
اتحادہونے کے امکانات کم ہیں۔جمعہ کے روز آئزن کوٹ نے عہد کیا تھا کہ وہ اتحادی
حکومت کی تشکیل کے مذاکرات کو غیرضروری طور پر طول نہیں دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی
کہا تھا کہ اگر وسیع البنیاد حکومت بنانے کی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ اقلیتی قومی
ہنگامی حکومت کی تجویز پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے لیے پیش کرنے کو تیار ہیں۔
اتحادی حکومت کیلئے لیکوڈ پارٹی کی شرائط
۱۔ نیتن یاہو
4 سال کی
پوری میعاد وزیراعظم ہوں گے۔
۲۔ عرب
پارٹیوں کے علاوہ تمام حکومت کا حصہ ہوں گی۔
۳۔ اتحادیوں
کوایران کے خلاف ایک اور جنگ کی حمایت کرنی ہوگی۔
۴۔نیتن یاہو
کی سرکار نے جو ’عدالتی اصلاحات‘ کی ہیں انہیں تبدیل نہیں کیا جائےگا۔
۵۔ 7 اکتوبر کے حملہ کی جانچ سرکاری کمیشن نہیں کرے گا۔
اسرائیل میں حکومت سازی کے امکانات
۱۔ لیکوڈ
کے ساتھ قومی اتحادی حکومت بنے۔ اس صورت میں عرب پارٹیوں کے علاوہ
تمام پارٹیاں اتحاد کا حصہ ہوں گی مگر اس میں سب سے بڑا اختلاف وزارتِ عظمیٰ
پر ہے۔ لیکوڈ نیتن یا ہو وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کررہی ہے۔ وہ بہت
سے بہت ۲؍ سال یاہو اور 2 سال ائزن کوٹ کی وزارت عظمیٰ
کی شرط پر راضی ہوسکتی ہے۔
۲۔آئزن کوٹ
کے سامنے دوسرا متبادل لیکوڈ کو علاحدہ رکھ کر اقلیتی حکومت بنانے کا
ہے۔ ان کے اتحاد کے پاس 48 نشستیں ہیں۔ عرب جماعتوں کے 19 اراکین باہر سے حمایت دینے کو تیار ہیں۔ اس میں پینچ یہ ہے کہ دائیں
بازو کی شدت پسند صہیونی پارٹیاں آئزن کوٹ کی حمایت واپس لے لیں گی اور وہ اکثریت
ثابت نہیں کرسکیں گے۔
اس کے بعد صدر اسحاق ہزروگ کے پاس نیتن یاہو کو حکومت سازی کی دعوت دینے کے
علاوہ کوئی متبادل نہیں بچے گا۔