متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس کو ’ٹائم‘ میگزین اور
ڈیٹا اینالیٹکس ادارے ’اسٹیٹسٹا‘ کی پہلی ’ورلڈز بیسٹ ایئرلائنز 2027 درجہ بندی میں دنیا کی بہترین
ایئرلائن قرار دیا گیا ہے۔ کمپنی نے مجموعی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل
کرنے کے ساتھ ’بہترین قیمت‘ اور ’کاروباری سفر‘ کی کیٹیگریز میں بھی سب کو پیچھے
چھوڑ دیا۔ یہ درجہ بندی مسافروں کے تجربات اور ایئرلائنز کی عملی کارکردگی کو یکجا
کرکے تیار کی گئی ہے۔ دنیا کے مختلف براعظموں سے تعلق رکھنے والے مسافروں سے کہا
گیا کہ وہ گزشتہ 3برس میں جن ایئرلائنز پر سفر کرچکے
ہیں، ان میں سے زیادہ سے زیادہ 5 کی
خدمات کا جائزہ لیں۔ ان سے طیاروں کے اندر آرام، عملے کے رویے، تفریحی سہولتوں،
انٹرنیٹ کنکٹیویٹی، کھانے پینے کے معیار، کرایوں کے تناسب سے سہولتوں اور خاندانوں
کے لیے موزونیت کے بارے میں رائے لی گئی۔
مسافروں کی آرا کے ساتھ ایوی ایشن ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے او
اے جی کے 30 ملین سے زائد
پروازوں کے ریکارڈ کا بھی تجزیہ کیا گیا۔ یہ اعداد و شمار جولائی 2025ء سے جون 2026 تک کے عرصے پر مشتمل تھے، جن میں پروازوں کی وقت پر روانگی،
منسوخی کی شرح، منزلوں اور مسافروں کی تعداد جیسے عوامل شامل تھے۔ یوں درجہ بندی
میں صرف مسافروں کی پسند ہی نہیں بلکہ ایئرلائنز کی عملی اعتبار سے قابلِ اعتماد
کارکردگی کو بھی اہمیت دی گئی۔ ایمریٹس کے صدر سر ٹم کلارک نے اس اعزاز پر کہا کہ
مشکل حالات کے باوجود کمپنی نے اپنی مصنوعات اور خدمات میں سرمایہ کاری جاری رکھی
ہے۔ ان کے مطابق مسافر اس وقت فرق محسوس کرتے ہیں جب ایئرلائن بنیادی سہولتوں اور
خدمات کے معیار کو برقرار رکھتی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا فضائی اور زمینی
عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور محنت کو دیا۔
ایمریٹس نے اپنے طیاروں کے اندرونی حصوں اور مسافروں کی سہولتوں کو
بہتر بنانے کے لیے ۷؍ ارب ڈالر کا
منصوبہ شروع کر رکھا ہے۔ اب تک 108 طیاروں
کی تزئین و آرائش مکمل کی جاچکی ہے، جب کہ دسمبر 2026ء تک پریمیئم اکانومی کلاس کو تقریباً 100 منزلوں تک پھیلانے کا ہدف ہے۔ کمپنی کے مطابق اس
کے 74 طیاروں میں اسٹارلنک
وائی فائی کی سہولت دستیاب ہے، جو تمام کلاسز کے مسافروں کے لیے مفت ہے۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس کے ’آئس‘ تفریحی نظام میں 40 سے زائد زبانوں
میں 6500 سے زیادہ فلمیں،
ٹی وی پروگرام، موسیقی، گیمز اور پوڈکاسٹس موجود ہیں۔ کمپنی کے مطابق نئی نشستوں، بہتر
انٹرنیٹ، کھانے کے معیار اور دیگر سہولتوں پر سرمایہ کاری آئندہ برس بھی جاری رہے
گی۔ یہ اعزاز ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی فضائی صنعت کو ایندھن کی بڑھتی
قیمتوں اور علاقائی کشیدگی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ ایمریٹس نے بھی حالیہ
مہینوں میں فضائی حدود کی پابندیوں اور سفری خلل کے اثرات محسوس کیے ہیں، تاہم
کمپنی اپنے عالمی نیٹ ورک اور خدمات میں مزید توسیع کے منصوبوں پر قائم ہے۔