یورپی ملک آسٹریا کی وزارت خارجہ
کی ویب سائٹ سائبر حملے کا نشانہ بن گئی۔ ہیکرز نے وزارت کے مرکزی دفتر اور بیرون
ملک سفارتی مشنز میں تعینات ملازمین کے نام اور دفتری رابطوں کی تفصیلات تک رسائی
حاصل کرلی۔ یہ سائبر
حملہ 12 اور 13 نومبر کے دوران کیا گیا جبکہ اس دوران عالمی سطح پر مائیکروسافٹ کی
سروسز بھی متاثر ہوئی تھیں۔ آسٹریا
کی وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ اس کی ویب سائٹ ایک بیرونی سروس فراہم
کرنے والے ادارے کے زیر انتظام ہے جس تک غیر مجاز رسائی حاصل کی گئی۔ وزارت کے مطابق سائبر حملے کا پتا 13 نومبر کو چل
گیا تھا جس کے فوری بعد غیر مجاز رسائی روک دی گئی۔ ماہرین
کی ٹیم کی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ہیکنگ کے دوران ایسے ڈیٹا ریکارڈز دیکھے گئے
جن میں وزارت خارجہ کے مرکزی دفتر اور بیرون ملک سفارتی مشنز میں کام کرنے والے
ملازمین کے نام اور دفتری رابطوں کی تفصیلات موجود تھیں۔ وزارت
نے یہ واضح نہیں کیا کہ سائبر حملے کے پیچھے کون تھا یا کس ملک پر اس کا شبہ ہے۔
روس کے ساتھ آسٹریا کے تعلقات میں کشیدگی
واقعے کے
تناظر میں روس کا نام بھی سامنے آتا ہے جس کے ساتھ آسٹریا کے تعلقات گزشتہ چند
برسوں کے دوران کشیدہ رہے ہیں تاہم وزارت خارجہ نے حالیہ ہیکنگ میں ماسکو کے ملوث
ہونے کا کوئی الزام عائد نہیں کیا۔ آسٹریا فوجی
طور پر غیر جانبدار ملک ہے تاہم 2022 میں روس کے یوکرین پر مکمل حملے کے بعد اس نے
سیاسی طور پر یوکرین کی حمایت کی ہے۔ آسٹریا
نے رواں سال جولائی میں روس پر 2019 کے اواخر اور 2020 کے اوائل میں اپنی وزارت
خارجہ کے خلاف سائبر حملے کا الزام عائد کیا تھا۔ اس موقع پر یورپی یونین کے8 دیگر
رکن ممالک نے بھی روس کی مبینہ سائبر سرگرمیوں کی مذمت کی تھی۔ روس مغربی ممالک کی جانب سے ہیکنگ کے الزامات کی
مسلسل تردید کرتا رہا ہے۔ آسٹریا
ماضی میں بھی روسی سفارت کاروں کو ایسی سرگرمیوں کے الزام میں ملک بدر کرچکا ہے جو
ان کی سفارتی حیثیت سے مطابقت نہیں رکھتیں، یہ اصطلاح عموماً جاسوسی کی سرگرمیوں
کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ گزشتہ
ماہ مزید 4 روسی شہریوں کو ملک بدر کیا گیا جس کے بعد 2020 سے اب تک ملک بدر کیے
جانے والے روسی شہریوں کی تعداد 18 ہوگئی۔ اس اقدام پر
روس نے مناسب جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔4 روز بعد آسٹریا نے بتایا کہ روس نے
ماسکو میں آسٹریا کے سفارت خانے میں تعینات ایک تجارتی نمائندے کو ملک بدر کردیا
ہے۔