امیر جماعت اسلامی حافظ
نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر دیا اب فیصلے سڑکوں پر ہوں گے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرول لیوی ختم کیے بغیر دھرنے ختم نہیں ہوں گے، اسلام آباد میں لگائے گئے کنٹینر سے ہمارا مارچ نہیں روکا جا
سکتا. حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس پلان اے، بی اور سی موجود
ہے، بہتر یہ ہے کہ حکومت حالات خراب نہ کرے، اسلام آباد میں عوام کے معمولات سکون سے چلنے دے انہوں نے کہا
کہ ڈیزل کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، کیا کرایوں میں
کمی کی ہے؟ کیا اس کی بھی ایپ ہے؟ ریلوے میں عوام کو کیا ریلیف دیا ہے؟. امیرجماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاﺅن کسی صورت قابل قبول نہیں،
حکومت کے ساتھ آج شام 6 بجے مذاکرات کا ایک دور ہے، حکومت کہتی ہے کہ اگر لیوی کم کر دیں تو آمدنی کہاں
سے ہو گی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل
فارمولا پیش کیا ہے، جواب میں حکومت صرف پریزنٹیشن دے رہی ہے، اپنی ٹیم کو کہہ دیا
اگر حکومت نے اسی طرح ٹالنا ہے تو مذکرات ختم کر دیں. ان کا کہنا تھا
کہ پنجاب میں سرکاری طیارہ نجی کاموں کے لیے کیوں استعمال
کیا جا رہا ہے، اس کا آڈٹ ہونا چاہیے کہ یہ طیارہ کیسے اور کیوں خریدا گیا۔
دوسری جانب
ذرائع کے مطابق پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جہاں 27
ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے حوالے سے بتایا
گیا کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر سے قبل لانگ مارچ شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے اور
پارٹی کی تنظیموں کو پنجاب کی سرحد پر کیمپ لگانے کی ہدایت کردی ہے۔ پی ٹی آئی
خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے بتایا کہ کارکنان خیبرپختونخوا کے سرحدی
روٹس پر کیمپ لگانے کے لیے مناسب جگہوں کی نشان دہی کریں۔ دوسری جانب پارٹی ذرائع
نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر احتجاج کے لیے تین مختلف منصوبے بنا لیے ہیں،
27 ستمبر کو جی ٹی روڈ اور موٹروے سے جانے کے الگ پلان بنالیے۔ ذرائع نے مزید
بتایا کہ پارٹی قیادت تین سے چار روز میں حتمی منصوبے کا اعلان کرے گی۔ جنید اکبر
نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ جو رویہ رکھا گیا اور وفاقی
حکومت کی جو روش ہے 27 ستمبر سے قبل بھی مارچ شروع کیا جاسکتا ہے، اس کے لیے ارکان
اسمبلی، تمام تنظیمیں اور ورکرز تیار رہیں کیونکہ کسی بھی وقت کال دی
جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے اور جی ٹی روڈ سے جانے کا الگ الگ پلان
بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا
اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسٹریٹ
موومنٹ بھی شروع کر رکھی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سندھ کے بعد
پنجاب میں موومنٹ کے لیے لاہور پہنچے ہیں جہاں انہوں نے دو مصروف دن گزارے ہیں۔