ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز
شریف رواں ماہ نیویارک کا دورہ کریں گے، جہاں وہ 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل
اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم 20 ستمبر کو
نیویارک پہنچیں گے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی
نمائندگی کریں گے۔ ان کے خطاب کے دوران عالمی سطح پر اہم معاملات اور پاکستان کے
مؤقف کو اجاگر کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم کے دورۂ امریکا میں نائب
وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ
اور دیگر متعلقہ حکام بھی پاکستانی وفد کا حصہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق دورے کے دوران
وزیراعظم شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے منعقد کی جانے والی
استقبالیہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔ یہ تقریب جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر
منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
کے لیے بھی دورۂ نیویارک مصروف رہے گا۔ ذرائع کے مطابق وہ مختلف ممالک کے وزرائے
خارجہ کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے دوطرفہ
تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو
متوقع ہے۔ اسحاق ڈار اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مختلف علاقائی اور عالمی امور پر
پاکستان کا مؤقف بھی سامنے رکھیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور ان
کے وفد کا یہ دورہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے تناظر میں اہم سفارتی
سرگرمیوں کا حصہ ہوگا۔