ٹوکیو کے نزدیک
واقع چیبا پریفیکچر کے حکام نے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی ریکارڈ توڑ
بارش سے 529 سے زیادہ کاروباری ادارے
متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 2.6 ارب ین، یا تقریباً 17 ملین
ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے اگست کے وسط میں ہونے والی
بارشوں کے دوران، پریفیکچر کی متعدد بلدیات میں شدید بارش اور مٹی کے تودے گرنے کے
لیے سطح 5 کے ہنگامی انتباہ جاری کیے تھے، جو ایجنسی کے پیمانے پر بلند ترین ہیں۔
چیبا شہر میں، پورے اگست کی اوسط سے تقریباً تین گنا بارش صرف نصف دن میں ہوئی۔ جس
سے تیرہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ سات ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ایک پریفیکچرل
سروے کے مطابق، 2 ستمبر تک 529 کمپنیوں نے اپنی دکانوں، دفاتر یا آلات کو نقصان
پہنچنے کی اطلاع دی تھی۔ چیبا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر تنظیموں نے
چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کو مالی امور اور دیگر مسائل کے حل میں مدد کی
فراہمی کے لیے عارضی مشاورتی ڈیسک قائم کیے ہیں۔ دعوؤں کی بروقت ادائیگی کو یقینی
بنانے کے لیے انشورنس کمپنیوں نے مزید ماہرین کو شامل کیا ہے۔ تاہم، کچھ کاروباری
ادارے شدید بارش کے ایک ماہ بعد بھی کام دوبارہ شروع کرنے سے قاصر ہیں اور دیگر نے
اپنے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے حکام کو یہ چیلنج درپیش ہے کہ ان کی
مدد کیسے کی جائے۔