امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست نیو میکسیکو
کا نام تبدیل کرکے ’’نیو امریکا‘‘ رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔العربیہ اردو کے مطابق
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ بہت سے لوگوں نے نیو
میکسیکو کا نام تبدیل کرکے نیو امریکا رکھنے کی تجویز دی ہے۔انہوں نے اس خیال کو
پسند بھی کیا۔
امریکی صدر نے مجوزہ نام کو ریاست کے
باشندوں کے لیے زیادہ باوقار اور خوبصورت قرار دیتے ہوئے کہاکہ کیا ہی شاندار خیال
ہے، مجھے یہ پسند ہے۔اسی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست میں انتخابات سے متعلق اپنے
الزامات کا بھی اعادہ کیا اور نیو میکسیکو کو ان ریاستوں میں شمار کیا جہاں، ان کے
بقول، بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلی ہوتی ہے۔تاہم ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں اس الزام
کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ ریاست کا نام
تبدیل کرنے کی بات کوئی باضابطہ تجویز ہے ،جسے ان کی انتظامیہ آگے بڑھائے گی، یا
محض ایک ایسے خیال کی حمایت ہے جسے دوسروں نے پیش کیا ہے۔