برطانوی حکومت نے ناکام پناہ گزینوں کی ملک بدری کا عمل تیز کرنے کے
لیے امیگریشن قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اب ملک بدر کیے جانے
والے افراد کو پیشگی اطلاع دینا ضروری نہیں ہوگا۔ اس سے قبل ایسے افراد کو ملک
چھوڑنے سے پہلے 5 دنوں کا نوٹس دیا جاتا تھا، تاہم حکومتی وزرا کا مؤقف ہے کہ اس
مہلت کے دوران آخری وقت میں اپیلیں دائر ہونے سے ملک بدری کا عمل تاخیر کا شکار
ہوتا ہے۔ برطانوی وزیر داخلہ شبانہ محمود
پارلیمنٹ میں زیرِ غور امیگریشن اینڈ اسائلم بل میں ترمیم کے ذریعے یہ تبدیلی
متعارف کرائیں گی۔ نئے ضابطے کے تحت پناہ کی درخواست مسترد ہونے اور اپیل کے تمام
قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد محکمہ داخلہ متعلقہ شخص کو پیشگی اطلاع دیے بغیر
فوری طور پر ملک بدر کر سکے گا۔ یہ
اختیار 6 ماہ تک برقرار رہے گا۔ حکومت نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ نئی پالیسی کے
نتیجے میں کتنے اضافی افراد کو ملک بدر کیا جا سکے گا، تاہم اس سلسلے میں ڈنمارک
کی مثال دی گئی ہے، جہاں اسی نوعیت کی پالیسی متعارف ہونے کے بعد ملک بدری کے
منتظر تارکین وطن کی تعداد 5 برس میں نصف سے بھی کم ہو کر ایک ہزار سے نیچے آگئی۔
دوسری جانب پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ریفیوجی
کونسل نے حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی مختصر نوٹس پر لوگوں
کو ملک بدر کرنے سے انہیں غیر ضروری ذہنی اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تنظیم کے ڈائریکٹر عمران حسین کا کہنا ہے کہ جبری
ملک بدری کے مقابلے میں رضاکارانہ واپسی زیادہ مؤثر اور کم خرچ ثابت ہوتی ہے۔ ان
کے مطابق اگر لوگوں کو عزت و وقار کے ساتھ اپنے ملک واپس جانے میں مدد فراہم کی
جائے تو بڑی تعداد اس راستے کو اختیار کرنے پر آمادہ ہو سکتی ہے۔
برطانوی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 میں 40 ہزار 168
افراد اپنی پناہ کی درخواستوں پر ابتدائی فیصلے کے منتظر تھے، جبکہ مزید 90 ہزار
341 افراد کی اپیلیں عدالتوں میں زیرِ التوا تھیں۔ جولائی 2025 سے جون 2026 کے
دوران پناہ کی درخواستوں پر ہونے والے فیصلوں میں سے 38 فیصد درخواست گزاروں کو
مہاجر کا درجہ دیا گیا۔ مجموعی درخواستوں میں سے 40 فیصد ایسے افراد کی جانب سے
دائر کی جاتی ہیں جو چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ پہنچتے ہیں، جبکہ باقی 60 فیصد
دیگر غیر قانونی راستوں سے آنے والے یا قانونی طور پر برطانیہ پہنچنے کے بعد پناہ
کی درخواست دینے والے افراد پر مشتمل ہیں۔ وزیر مملکت برائے سرحدی سلامتی و پناہ
اینا ٹرلی کا کہنا ہے کہ اپیل کے تمام قانونی حقوق استعمال کر چکے افراد کو فوری
طور پر واپس بھیجنے سے امیگریشن نظام میں نظم و ضبط اور مؤثر کنٹرول بحال ہوگا۔