چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی معیشت میں بڑھتی ہوئی تحفظ پسندی،
یکطرفہ پالیسیوں اور غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں ایشیا پیسیفک خطے کی معیشتوں
پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی اتحاد کو مضبوط بنائیں، آزاد و کھلی تجارت کا تحفظ کریں
اور اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کریں۔ چینی
صدر شی جن پنگ نے بدھ کے روز ایشیا پیسیفک خطے کی معیشتوں پر زور دیا ہے کہ وہ
عالمی معیشت میں بڑھتی ہوئی تحفظ پسندی، یکطرفہ پسندی اور غیر یقینی صورتحال کے
پیشِ نظر باہمی اتحاد کو فروغ دیں، آزاد اور کھلی تجارت کے اصولوں پر کاربند رہیں
اور اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تیزی سے غیر مستحکم
ہوتی دنیا میں اندرونی محصوریت (تنہائی) کی پالیسی اپنانا نقصان دہ ثابت ہوگا۔
جنوبی چین کے صوبے کے گوانگ ڈونگ (Guangdong)
شہر شینزین (Shenzhen), میں ‘ایپیک سی ای او سمٹ 2026’ سے خطاب کرتے
ہوئے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ خطے کو اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنے دروازے
کھلے رکھنا چاہتا ہے یا بند کرنا چاہتا ہے، مل جل کر کام کرنا چاہتا ہے یا ایک
دوسرے کے خلاف صف آرا ہونا چاہتا ہے، اور بدلتے وقت کے تقاضوں کو اپناتا ہے یا
فرسودہ طریقوں سے چمٹا رہتا ہے۔ چینی
خبر رساں ایجنسی ‘شنہوا’ (Xinhua)
کی
جانب سے جاری کردہ تقریر کے متن کے مطابق، چینی صدر نے جو تیسری بار اس علاقائی
فورم کی میزبانی کر رہے ہیں، ایپیک (APEC) معیشتوں پر
زور دیا کہ وہ عزم و استقلال کے ساتھ آگے بڑھیں، مشترکہ طور پر ایک ایشیا پیسیفک
کمیونٹی تشکیل دیں اور سب کی خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ
عالمی معاشی ترقی کی رفتار سست روی کا شکار ہے جبکہ یکطرفہ پسندی اور تحفظ پسندی
عروج پر ہے، تاہم ان رکاوٹوں کے باوجود عالمی تجارت میں وسعت جاری ہے اور
ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی تیز رفتار پیشرفت عالمی معیشت کو نئی شکل دے رہی
ہے۔
صدر شی نے کہا کہ ان حالات میں وقت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے محاذ
آرائی یا تنہائی کے بجائے علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایشیا پیسیفک میں
مشترکہ خوشحالی کے حصول کے لیے 4 ترجیحات بیان کیں: امن و استحکام کا تحفظ، کھلے
پن اور تعاون کا فروغ، ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے جدت طرازی (انوویشن) سے
استفادہ، اور اس بات کو یقینی بنانا کہ ترقی کے ثمرات تمام معیشتوں اور طبقات تک
پہنچیں۔ علاقائی سلامتی پر بات کرتے
ہوئے چینی صدر نے کہا کہ سلامتی کے بغیر خوشحالی اور استحکام کے بغیر سلامتی ممکن
نہیں۔ حالیہ دہائیوں میں ایشیا پیسیفک کے نسبتاً مستحکم ماحول نے مسلسل معاشی ترقی
کو ممکن بنایا اور اس خطے کو عالمی ترقی کا ایک بڑا انجن بنا دیا۔ انہوں نے جنگِ
عظیم دوم کے بعد کے بین الاقوامی نظام کی پاسداری، ’مساوات پر مبنی منظم کثیر قطبی
دنیا‘ اور جامع عالمگیریت کے فروغ پر زور دیا، اور کہا کہ اختلافات کو مکالمے و
مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے جبکہ چیلنجز کا مقابلہ یکجہتی سے کرنا ہوگا۔
تجارت اور سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے شی جن پنگ نے
ایپیک اراکین سے اپیل کی کہ وہ عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے تحت قواعد پر
مبنی کثیرالجہتی تجارتی نظام کی حفاظت کریں، آزاد تجارت کی حمایت کریں اور اس بات
کو یقینی بنائیں کہ عالمی صنعتی اور سپلائی چینز مستحکم اور بلا تعطل رہیں۔ انہوں
نے مجوزہ ‘فری ٹریڈ ایریا آف دی ایشیا پیسیفک’ کو آگے بڑھانے، علاقائی روابط مضبوط
بنانے اور ڈیجیٹل تجارت، سرحد پار ای کامرس، اسمارٹ کسٹمز اور صنعتی سپلائی چینز
میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ ابھرتی
ہوئی ٹیکنالوجیز میں جدت طرازی کو علاقائی ترقی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے انہوں
نے کہا کہ ایپیک معیشتوں نے عالمی سائنسی و تکنیکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا
ہے، جہاں ‘یونیکورن’ (Unicorn) کمپنیاں، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑے ماڈلز
اور نئی ایجادات صنعتوں کو بدل رہی ہیں اور عام گھروں تک پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے
اراکین پر زور دیا کہ وہ سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی میں شراکت داری مضبوط
کریں، اے آئی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون گہرا کریں اور ماحول دوست و کم کاربن
منتقلی کی رفتار تیز کریں۔
چینی صدر نے متوازن اور جامع ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ
مختلف تاریخ، ثقافت اور ترقیاتی سطح رکھنے والی معیشتوں سے یکساں طریقہ کار اپنانے
کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کی رکاوٹیں دور کرنے،
ترقی پذیر معیشتوں کو زیادہ اقتصادی و تکنیکی معاونت فراہم کرنے اور ٹرانسپورٹ،
صحتِ عامہ، توانائی، غذائی تحفظ اور انسدادِ بدعنوانی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے
کا مطالبہ کیا۔ علاقائی
اقتصادی مراکز کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا کے چند
اہم ترین ‘بے ایریاز’ (Bay Areas) ایشیا پیسیفک
میں واقع ہیں، جو اپنی کھلی معیشتوں اور باہم جڑی منڈیوں کے باعث ممتاز ہیں۔ انہوں
نے عالمی سطح پر بڑے بے ایریاز کے درمیان روابط بڑھانے اور خطے میں مضبوط اقتصادی
تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کے لیے ‘ورلڈ ایسوسی ایشن فار بے ایریاز اکنامک
کوآپریشن’ کے قیام کے لیے چین کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔
چین کے معاشی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے صدر شی نے بتایا کہ ملک نے
اعلیٰ معیار اور جدت پر مبنی ترقی کی رفتار برقرار رکھی ہے اور رواں سال کی پہلی 3
سہ ماہیوں میں چینی معیشت نے 4.6 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی
معیاری پیداواری قوتیں تیزی سے پروان چڑھ رہی ہیں، ترقیاتی ڈھانچہ نئی شکل اختیار
کر رہا ہے اور ماحول دوست منتقلی مستقل مزاجی سے جاری ہے، جبکہ پندرہویں 5 سالہ
منصوبے کا آغاز بھی انتہائی مثبت رہا ہے۔ ان کے بقول یہ منصوبہ نہ صرف چین کی ترقی
کا خاکہ پیش کرتا ہے بلکہ ایشیا پیسیفک اور پوری دنیا کے لیے بھی نئے مواقع فراہم
کرتا ہے۔
شی جن پنگ نے 3 ایسے شعبوں کی نشاندہی کی جن میں چین عالمی کاروباری
برادری کو مواقع فراہم کرے گا: وسیع صارف منڈی تک رسائی، سرمایہ کاری و ترقی کے
لیے جدت پر مبنی ماحول، اور زیادہ مستحکم و کھلا کاروباری ماحول۔ چین کو دنیا کی
دوسری بڑی صارف منڈی اور سب سے بڑے متوسط طبقے کا حامل ملک قرار دیتے ہوئے انہوں
نے کہا کہ نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں، اسمارٹ ہومز، بزرگ آبادی کی معیشت (سلور
اکانومی) اور برفانی سیاحت جیسے شعبوں میں بڑھتی ہوئی طلب غیر ملکی کاروباروں کے
لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چین معیاری اشیا اور خدمات
کی درآمدات میں مزید اضافہ کرے گا اور بین الاقوامی مصنوعات کو چینی منڈی تک رسائی
دینے کے لیے ’ایکسپورٹ ٹو چائنا‘ جیسے سلسلے جاری رکھے گا۔
صنعتی ترقی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چین خود کو ابھرتی ہوئی
ٹیکنالوجیز کی ایک بڑی تجربہ گاہ کے طور پر پیش کر رہا ہے، جس کی مثال فیکٹریوں
اور زراعت میں استعمال ہونے والے روبوٹس، خودکار ڈرائیونگ اور ڈرون کے ذریعے ترسیل
کی صورت میں عملی میدان میں دیکھی جا سکتی ہے۔ بیجنگ اپنے صنعتی نظام کو جدید
بنائے گا، تکنیکی و صنعتی جدت کو یکجا کرے گا، روایتی شعبوں کو اپ گریڈ کرے گا،
ابھرتی ہوئی صنعتوں کو وسعت دے گا اور مستقبل کی صنعتوں کے لیے پیشگی منصوبہ بندی
کرے گا۔
کثیرالجہتی نظام سے چین کی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے صدر شی نے کہا
کہ چین نے گزشتہ 25 برسوں کے دوران عالمی تجارتی تنظیم میں شمولیت کے اپنے وعدوں
کی پاسداری کی ہے اور بڑھتی ہوئی تحفظ پسندی کے باوجود کثیرالجہتی تجارتی نظام اور
ڈبلیو ٹی او اصلاحات کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین باہمی مفاد
پر مبنی تعاون، اعلیٰ معیار کے ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ منصوبے اور دیگر ممالک کے ساتھ
معاشی مواقع بانٹنے کے عزم پر قائم رہے گا، جبکہ محصولات (ٹیرف) میں کمی، منڈی تک
وسیع رسائی اور قواعد و ضوابط میں اصلاحات کے ذریعے مینوفیکچرنگ اور خدمات کے
شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مزید سازگار ماحول فراہم کرے گا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر چینی صدر نے ایشیا پیسیفک کے کاروباری
رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ جدت طرازی کو اپنائیں، اعلیٰ معیار کی جستجو کریں اور
باہمی تعاون کو وسعت دیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ایشیا پیسیفک ہمارا گھر ہے‘، لہٰذا خطے
کی معیشتوں کو کھلے پن کے ذریعے ترقیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے، جدت کے
ذریعے ترقی پیدا کرنی چاہیے اور باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ خوشحالی اور اپنے
عوام کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا چاہیے۔