جاپان: پانچویں فضائیہ
نے 5 نومبر 2026ء کو جاپان-امریکا ایئر فورس گڈول ایسوسی ایشن
(JAAGA) کے
36 ارکان کی یوکوٹا ایئر بیس (YOKOTA AIR BASE) آمد
پر میزبانی کی۔ اس دورے کا مقصد امریکی فضائیہ کے اہلکاروں اور جاپان کی فضائیہ
(ایئر سیلف ڈیفنس فورس) کے ارکان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا
تھا۔ وفد میں JAAGA کے نائب صدر اور جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس کی
ایئر ڈیفنس کمانڈ کے سابق سربراہ، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل شیگیکی موٹو
(Shigeki Muto) بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ ریٹائرڈ اعلیٰ فوجی افسران اور جاپان
کی دفاعی صنعت کے نمائندوں نے بھی وفد میں شرکت کی۔ موجودہ ایئر ڈیفنس کمانڈ کے
سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہیدیتادا اِناتسوکی (Hidetada Inatsuki) اور پانچویں
فضائیہ کے نائب کمانڈر کرنل نیتھن کولونگا (Nathan Colunga) بھی اس ملاقات میں شریک
ہوئے۔ ان کے علاوہ جاپان کی فضائیہ اور پانچویں فضائیہ کے مزید 18 اعلیٰ فوجی
افسران اور نان کمیشنڈ افسران نے شرکت کی۔ دورے کے دوران پانچویں فضائیہ اور جاپان
کی فضائیہ کے اعلیٰ حکام کے درمیان امریکا اور جاپان کے اتحاد، دوطرفہ تعاون اور
فوجی مشن کی معاونت میں مقامی آبادی کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا
گیا۔ اس پروگرام کے ذریعے JAAGA کے ارکان کو امریکی فضائیہ کے اہلکاروں سے براہِ
راست ملاقات اور علاقائی آپریشنز میں یوکوٹا ایئر بیس (YOKOTA
AIR BASE)کے
کردار کے بارے میں مزید جاننے کا موقع بھی ملا۔
JAAGA کے ارکان کی
تقریب میں شرکت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کرنل کولونگا (Nathan Colunga) نے کہا، ’’اگر میں نے
پانچویں فضائیہ میں اپنے مختصر قیام کے دوران ایک بات سیکھی ہے تو وہ یہ ہے کہ
یہاں ایک غیر معمولی شراکت داری قائم ہے۔ آج کا دن ہمارے لیے ایک ساتھ جمع ہونے اور
ایک دوسرے کو مزید قریب سے جاننے کا موقع ہے۔‘‘ JAAGA کا قیام 1996ء میں عمل میں
آیا تھا۔ اس کے ارکان میں جاپان کی فضائیہ کے ریٹائرڈ اہلکاروں کی نمایاں تعداد
شامل ہے۔ یہ تنظیم امریکی اور جاپانی فضائی افواج کے درمیان دوستی، باہمی افہام و
تفہیم اور اعتماد کو فروغ دیتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ ان امریکی اور جاپانی اہلکاروں
کو بھی اعزازات سے نوازتی ہے جن کی خدمات دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے میں مددگار
ثابت ہوتی ہیں۔ تنظیم پیشہ ورانہ، ثقافتی اور سماجی سطح پر تبادلوں کی سرگرمیوں کی
بھی حمایت کرتی ہے۔ موٹو نے کہا، ’’ہم آج ایئر ڈیفنس کمانڈ اور پانچویں فضائیہ کے
ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے کا موقع ملنے پر بے حد شکر گزار ہیں۔ جاپان کی فضائیہ اور
امریکی فضائیہ کے درمیان مضبوط تعلقات، بالخصوص یہاں یوکوٹا میں، امریکا اور جاپان
کے اتحاد کا ایک نہایت اہم حصہ ہیں۔ یہ اتحاد اس خطے میں امن اور استحکام برقرار
رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ
’کوکو جیتائی‘ (Koku-Jieitai) جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے سرکاری جاپانی نام
کا مختصر روپ ہے۔ دن بھر ہونے والی ملاقاتوں میں فوجی حکام نے اس بات پر زور دیا
کہ امریکا اور جاپان کا اتحاد محض وقتاً فوقتاً ہونے والی ملاقاتوں تک محدود نہیں
بلکہ روزمرہ فوجی آپریشنز اور سرگرمیوں کے ذریعے عملی شکل اختیار کرتا ہے۔ اس موقع
پر دونوں ممالک کے ہیڈکوارٹرز کے درمیان تعاون، آپریشنل منصوبہ بندی اور تربیت کے
علاوہ مقامی آبادی کے ساتھ مضبوط تعلقات برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی
گئی، کیونکہ امریکی اور جاپانی افواج اپنی دوطرفہ سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہیں۔
اِناتسوکی (Hidetada Inatsuki) نے کہا،
’’ایئر ڈیفنس کمانڈ گزشتہ 40 برس سے یوکوٹا ایئر بیس (YOKOTA AIR BASE)
پر تعینات ہے۔ ہم نہ صرف
پانچویں فضائیہ بلکہ 374ویں ایئر لفٹ ونگ کے ساتھ بھی شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔‘‘ جاپان کی
فضائیہ کی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے حکام نے ایسے مشنز کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو
لڑاکا طیاروں کی کارروائیوں سے آگے بڑھ کر ریڈار کے ذریعے نگرانی اور نقل و حمل کی
معاونت جیسے امور پر مشتمل ہیں۔ JAAGA کی جانب سے پانچویں فضائیہ
اور ایئر ڈیفنس کمانڈ کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون سے اس کے اس کردار کی عکاسی
ہوتی ہے جس کے تحت وہ امریکی فوج، جاپان کی فضائیہ کے سابق اہلکاروں، دفاعی صنعت
کے رہنماؤں اور جاپانی برادریوں کے درمیان رابطے کا پل بننے کا کام کرتی ہے۔ یہ
تعلقات باہمی افہام و تفہیم اور امریکا و جاپان کے اتحاد کے لیے حمایت برقرار
رکھنے میں بدستور اہم ہیں۔ موٹو (Shigeki Muto) نے کہا، ’’جیسا کہ کہا
جاتا ہے کہ ایک مضبوط اتحاد تین چیزوں پر قائم ہوتا ہے: اعتماد، دوستی اور باہمی
تعاون۔ JAAGA ہمیشہ ان تعلقات کو مضبوط بنانے اور امریکا و جاپان
کے اتحاد کی حمایت کے لیے اپنی بہترین کوششیں جاری رکھے گی۔ یہ ہمارا وعدہ ہے کہ
جب بھی آپ کو ہماری مدد کی ضرورت ہوگی، JAAGA خوشی سے تعاون کرے گی۔‘‘