غزہ میں
شدید بارشوں نے پناہ گزینوں کی بستیوں میں تباہی مچا دی ہے۔ سیلابی پانی میں ڈوبنے اور خیموں پر ریت کا
ٹیلہ گرنے سے ایک شیرخوار سمیت چار بچوں اور ایک خاتون کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں
ہزاروں خاندانوں کا سامان اور عارضی رہائشی خیمے بھی تباہ ہوگئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے بتایا ہے
کہ ادارے کی امدادی ٹیمیں اور شراکت دار متاثرہ علاقوں سے سیلابی پانی نکالنے،
نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے، بے گھر افراد کی عارضی بستیوں کو ریت کی بوریوں کے
ذریعے محفوظ بنانے، ممکنہ حد تک خیموں کی مرمت کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی
امدادی سامان فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ امدادی ٹیمیں انتہائی محدود سامان کے ساتھ
کام کر رہی ہیں، جو حقیقی ضروریات کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے
اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار رمیش راجاسنگھم کے بیان کا حوالہ دیتے
ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ بارش ایک قدرتی عمل ہے لیکن اس کے نتیجے میں
لوگوں کو درپیش خطرات انسانی اقدامات کا نتیجہ ہیں۔ رابطہ کار کا کہنا ہے کہ بیشتر
افراد ایسے خستہ حال خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں جو معمول سے کچھ زیادہ تیز بارش
اور طوفان برداشت نہیں کر سکتے، حالانکہ دنیا کے دیگر علاقوں میں ایسے موسم کو معمول کے مطابق سنبھالا جا سکتا ہے۔
امدادی سامان
پر پابندیاں
ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل میں حائل
تمام پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں۔ ان پابندیوں کے باعث امدادی تنظیمیں پانی
نکالنے والی گاڑیاں، نکاسی آب کے پمپ، انجن آئل، مشینری کے فاضل پرزے، خیمے، کمبل
اور سردیوں کے کپڑوں جیسی بنیادی ضروری اشیا غزہ نہیں پہنچا پا رہیں۔ انہوں نے
امدادی وسائل فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مناسب مالی وسائل نہ
ملنے کی صورت میں امدادی ادارے متاثرہ آبادی کے لیے درکار سامان کا انتظام نہیں کر
سکیں گے۔ دوسری جانب، غزہ میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ دفتر کے مطابق، آبادی
والے علاقوں پر فضائی حملے بدستور جاری ہیں، جن کے نتیجے میں مزید جانی نقصان ہو
رہا ہے۔ ہفتے کو اقوام متحدہ کے عملے کے ارکان غزہ شہر میں اسرائیل کی قائم کردہ
زرد لکیر کے مغرب میں واقع بے گھر افراد کی ایک بستی کا دورہ کر رہے تھے کہ قریب
ہی فائرنگ شروع ہو گئی جس کے بعد انہیں اپنی حفاظت کے لیے فوری طور پر محفوظ جگہ
پر پناہ لینا پڑی۔ واقعے میں اقوام متحدہ کے کسی اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع
نہیں ملی۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے زور دیا ہے کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے
تحت شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔