وزیراعظم شہباز شریف نے
کراچی اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ پاکستان
اور مالدیپ کے درمیان اقتصادی تعلقات کے نئے دور کے آغاز کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا
حجم ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا اعلان کیا گیا
ہے۔ پاکستان مالدیپ کاروباری فورم کے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ
تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، مالدیپ کے صدر
ڈاکٹر محمد معیزو اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان بحری نقل و حمل کا
شعبہ اہمیت کا حامل ہے۔ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستانی کمپنیوں کو
اپنے ملک میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک
کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں
میں سرمایہ کاری کے امکانات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔