اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے موسمیاتی انصاف کے لیے نئے معاہدے کی
تجویز پیش کرتے ہوئے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ معدنی ایندھن کی کمپنیوں پر محصول
عائد کیا جائے تاکہ ان غریب ممالک کی مدد ہو سکے جن کا اس بحران کو جنم دینے میں ان کا
کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔سیکرٹری جنرل نے یہ مطالبہ ترکیہ کے
شہر انطالیہ میں جاری عالمی موسمیاتی کانفرنس (کاپ 31) کے تیسرے روز ایک اجلاس سے
خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلی
سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے مالی معاونت کے حجم پر اختلافات برقرار ہیں جبکہ
میتھین گیس کے اخراج میں
کمی لانے اور موسمیاتی مسائل کے جدید حل تلاش کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری
جنرل نے خبردار کیا کہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کی عالمی کوششوں کے مقابلے میں کرہ
ارض کا درجہ حرارت کہیں زیادہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور اب
فیصلہ کن اقدام کرنے کا وقت ہے۔
انہوں
نے عالمی رہنماؤں کو یاد دلایا کہ اگر تمام ممالک اپنے موجودہ موسمیاتی منصوبوں پر
مکمل عملدرآمد کر لیں تو تب بھی رواں صدی کے اختتام تک عالمی حدت میں اضافے کو 2.5
ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے رکھنا ممکن نہیں ہو گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ درجہ
حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد عبور ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوششیں ترک کر
دی جائیں۔
سائنس ہتھیار ڈالنے کا نہیں بلکہ
مزید شدت سے لڑنے کا پیغام دے رہی ہے۔
مجوزہ معاہدے کی 4 ترجیحات
انتونیو
گوتیرش نے موسمیاتی انصاف کے لیے نئے معاہدے کی تجویز پیش کی جس کا مقصد ترقی پذیر
ممالک کو معدنی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد دینا اور ان آبادیوں کا تحفظ
کرنا ہے جو پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات بھگت رہی ہیں۔ انہوں نے
کہا کہ ایسے قومی منصوبوں کے ذریعے تیل، گیس اور کوئلے پر انحصار ختم
کرنے کی رفتار بڑھائی جائے جو قابل تجدید توانائی کے فروغ کے ساتھ مزدوروں اور
مقامی آبادیوں کے حقوق کا تحفظ بھی کریں۔موسمیاتی خطرات سے پیشگی آگاہی کے نظام
بہتر بنائے جائیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے اقدامات مضبوط کیے
جائیں اور قدرتی آفات کے بعد فوری امداد فراہم کی جائے۔امیر ممالک اپنے مالی وعدے
پورے کریں اور ترقی پذیر ممالک تک زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری پہنچائی جائے۔ تجارتی
رکاوٹوں، ٹیکنالوجی کے فرق اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی پر
قابو پانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط کیا جائے۔
معدنی ایندھن پر ٹیکس کا مطالبہ
سیکرٹری
جنرل نے معدنی ایندھن کی صنعت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ صنعت
سائنسی حقائق کو مسخ کرنے اور موسمیاتی اقدامات میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں
نے کہا کہ اس ایندھن کا انجام بھی ڈائنوسارز جیسا ہونا چاہیے۔ فرق صرف یہ ہے کہ
ڈائنوسارز کے پاس اپنی حمایت میں لابنگ کرنے والا کوئی گروپ نہیں تھا لیکن اس صنعت
کے پاس ہے۔ انہوں نے دنیا کی نو بڑی تیل کمپنیوں کے ایک سہ ماہی
میں 95 ارب ڈالر منافع کا موازنہ اس عالمی فنڈ سے کیا
جو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہونے والے نقصانات سے متاثرہ کمزور ممالک کی بحالی
میں مدد دیتا ہے۔ اس فنڈ کو اب تک تقریباً 60 کروڑ
ڈالر ہی موصول ہوئے ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ رقم بڑی تیل کمپنیوں کے
صرف 14 گھنٹوں کے منافع کے برابر ہے۔ انہوں نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ان
کمپنیوں کے غیر معمولی منافع پر ٹیکس عائد کریں۔
تین دہائیوں کی بے عملی
تیسرے
روز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اعتراف کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر
تین دہائیوں کے مذاکرات کے باوجود خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں
کیے جا سکے۔ تصورات اور اصولوں کی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابی عملی اقدامات میں
نظر نہیں آ سکیں۔ ترک صدر نے ترقی پذیر ممالک کے لیے مزید مالی معاونت کی ضرورت پر
زور دیا۔ دوسری جانب، برازیل کے صدر لولا دا سلوا (Luiz Inácio Lula da Silva) نے
خبردار کیا کہ جنگوں اور تجارتی تنازعات کے باعث عالمی ایجنڈے میں موسمیاتی
تبدیلیوں کا مسئلہ پس منظر میں جا رہا ہے۔ آنے والی نسلوں کی بقا کے بجائے
ہتھیاروں اور تجارتی محصولات پر زیادہ بات شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں اعلان کیا کہ
برازیل معدنی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور جنگلات کی کٹائی روکنے کے لیے قومی
لائحہ عمل تیار کرے گا۔ یہ اقدامات گزشتہ سال ایمیزون کے علاقے میں منعقد ہونے والی کاپ
30 کے کام کو آگے بڑھائیں گے۔
بحران کو
روکنے کا فوری راستہ
بدھ کو کانفرنس میں 'زیرو ویسٹ' کے موضوع پر ہونے والی سرگرمیوں میں
میتھین گیس کے اخراج میں کمی لانے کا معاملہ بھی نمایاں رہا۔ سیکرٹری
جنرل نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یونیپ) پر زور دیا کہ وہ تیل اور گیس
کے شعبے میں میتھین کے اخراج کو تقریباً صفر تک لانے کے لیے عالمی معیار وضع کرے۔ یونیپ کے زیرانتظام میتھین کے اخراج کی نگرانی کرنے
والی بین الاقوامی رصد گاہ کی سربراہ جولیا فیرینی (Julia
Ferrini) نے
یو این نیوز کو بتایا کہ اس نظام کی مدد سے 13 ممالک میں میتھین کے اخراج کے 45
واقعات میں کمی لانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ان
کا کہنا تھا کہ اس گیس کے اخراج میں کمی لانے سے نسبتاً کم وقت میں عالمی حدت کی
رفتار سست کی جا سکتی ہے جس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کے لیے مزید
وقت ملے گا۔ تاہم انتونیو گوتیرش نے نشاندہی
کی کہ 2023 سے اب تک میتھین کے اخراج سے متعلق 5 ہزار سے زائد انتباہات جاری کیے
جا چکے ہیں، لیکن ہر آٹھ میں سے ایک پر ہی کوئی کارروائی ہوئی ہے۔