جاپانی فلمی سیریز کی نئی فلم ’گوڈزیلا مائنس زیرو‘ (‘Godzilla
Minus Zero’) میں دیوہیکل عفریت گوڈزیلا کا مقابلہ 3 سروں والے خوفناک عفریت کنگ
گھیدورا (King
Ghidorah) سے ہوگا۔ فلم کی کہانی دوسری جنگ عظیم کے بعد جاپان میں پیش آنے والے
تباہ کن واقعات کے گرد گھومتی ہے۔ جاپانی
ویب سائٹ نپون ڈاٹ کام کے مطابق ہدایت کار تاکاشی یامازاکی (Takashi Yamazaki) کی
نئی فلم 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گوڈزیلا مائنس ون‘ (‘Godzilla Minus Zero’) کا تسلسل ہے۔ نئی فلم میں کہانی
1949 کے جاپان میں آگے بڑھتی ہے، جہاں جنگ اور گوڈزیلا کی تباہ کاریوں سے سنبھلنے
کی کوشش کرنے والے ملک کو ایک نئے عفریت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فلم میں کنگ گھیدورا (King Ghidorah) ناگانو
پریفیکچر کے شہر ماتسوموتو (Matsumoto) پر حملہ کرکے
بڑے پیمانے پر تباہی مچاتا ہے۔ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے حکومت ایک خصوصی ٹیم تشکیل
دیتی ہے، جس میں ماہرینِ موسمیات، حیاتیات اور سابق فوجی پائلٹ شامل ہوتے ہیں۔ ٹیم
گوڈزیلا کو استعمال کرکے نئے عفریت کو روکنے کا منصوبہ بناتی ہے۔ فلم میں سابق کامیکازے پائلٹ کوچی شیکیشیما (Koichi
Shikishima) بھی دوبارہ لڑائی میں شامل ہوتا ہے، جبکہ ہیروشیما پر ایٹمی حملے میں
اپنے خاندان کو کھونے والے ایک پروفیسر کا کردار بھی کہانی میں جنگ کے المناک
اثرات کو نمایاں کرتا ہے۔ نپون
ڈاٹ کام کے مطابق ہدایت کار نے گوڈزیلا کو محض ایک فلمی ہیرو کے بجائے ایسی تباہ
کن قوت کے طور پر پیش کیا ہے جس پر انسانوں کا کوئی اختیار نہیں۔ فلم میں جنگ،
ایٹمی تباہی، قدرتی آفات اور انسانی بقا جیسے موضوعات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2023 کی فلم ’گوڈزیلا مائنس ون‘ (‘Godzilla Minus Zero’) جاپان
کی پہلی فلم تھی جس نے آسکر ایوارڈز میں بہترین بصری اثرات (Visual Effects) کا
اعزاز حاصل کیا تھا۔ نئی فلم میں اس سے زیادہ بڑے اور سنسنی خیز عفریتوں کے مقابلے
دکھائے جانے کی توقع ہے۔