امریکی ریپبلکن ارکانِ کانگریس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ
وہ جمعرات کو چینی شہر شنجن (Shenzhen) میں صدر شی جن
پنگ سے ہونے والی اہم ملاقات کے دوران چین میں ’ناجائز طور پر زیرِ حراست‘ قرار
دیے گئے 2 امریکی شہریوں اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے بھرپور دباؤ
ڈالیں۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کی چین
سے متعلق سلیکٹ کمیٹی کے چیئرمین جان مولینار (John
Moolenaar) ، ہاؤس ویلیوز ایکشن ٹیم کے چیئرمین رابرٹ
ایڈرہولٹ (Robert
Aderholt) اور کانگریشنل ایگزیکٹو کمیشن آن چائنا کے شریک چیئرمین کرس اسمتھ (Chris Smith) کی جانب سے
جاری کردہ مشترکہ بیان میں صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ چینی قیادت سے
زیرِ حراست امریکی شہریوں یولن چن (Youlin Chen) اور من زن
(Min Zin) کی رہائی کا معاملہ اٹھائیں۔ اس بیان پر 17 دیگر ریپبلکن ارکانِ
کانگریس نے بھی دستخط کیے ہیں۔ ارکانِ
کانگریس کا کہنا ہے کہ دونوں امریکی شہریوں کو قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے
’بے بنیاد شبہات‘ پر قید رکھا گیا ہے۔ انہوں نے جولائی میں پادری عزرا جن
(Ezra Jin) کی رہائی کو کامیاب سفارت کاری کی مثال قرار دیتے ہوئے ہانگ کانگ کی
میڈیا شخصیت جمی لائی اور ایغور ماہرِ معاشیات الہام توہتی سمیت دیگر سیاسی قیدیوں
کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
امریکی شہریوں کے وکلا اور حامیوں نے بھی توقع ظاہر کی ہے کہ صدر
ٹرمپ اس ملاقات میں دونوں شہریوں کی رہائی کے لیے بات کریں گے۔ ارکانِ کانگریس کے
بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ ’ناجائز حراست میں لیے گئے
امریکی شہریوں کے معاملات کو حل کرنا صدر کے لیے ہمیشہ اولین ترجیح رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو ان دونوں شہریوں کو
باضابطہ طور پر ’ناجائز زیرِ حراست‘ قرار دے چکے ہیں، جس کے بعد ان کی رہائی
امریکی حکومت کی اولین ترجیح بن گئی ہے۔ امریکی
حکام اور متاثرہ خاندانوں کے مطابق صدر ٹرمپ اس سے قبل رواں برس مئی میں یولن چن (Youlin Chen) کا
معاملہ اور ستمبر میں دونوں شہریوں کی رہائی کی بات چینی صدر شی جن پنگ کے سامنے
اٹھا چکے ہیں، تاہم بیجنگ کی جانب سے تاحال کوئی پیشرفت نہیں دکھائی گئی۔ چن کے
خاندان کے ساتھ کام کرنے والے فلاحی ادارے ‘گلوبل ریچ’ کے چیف اسٹریٹجی آفیسر ایرک
لیبسن Eric Liebson کا کہنا ہے کہ صدارتی سطح پر 2 مرتبہ
بات چیت کے باوجود چینی حکومت کا اس معاملے پر خاموش رہنا اس کے روایتی طرزِ عمل
کے برعکس ہے۔ دوسری جانب واشنگٹن میں چینی
سفارت خانے کے ترجمان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ
چین ایک ایسا ملک ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہے، اس کے عدالتی ادارے قانون کے مطابق
مقدمات نمٹاتے ہیں اور یہاں نام نہاد ناجائز حراست جیسی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔
زیرِ حراست امریکی شہری کون ہیں؟
من زن (Min Zin): میانمار
کے امور پر تحقیق کرنے والے امریکی محقق ہیں، جنہیں رواں سال جون میں جنوب مغربی
چین کے دورے کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔ چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق ان پر
جاسوسی اور چین کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا شبہ ہے۔ یولن چن (Youlin Chen): چین میں پیدا
ہونے والے امریکی ماہرِ زلزلہ پیمائی (Seismologist) ہیں، جنہوں نے
امریکی فنڈنگ سے شمالی کوریا کے جوہری تجربات کے زلزلہ خیز اثرات پر تحقیقی کام
شائع کیا تھا۔ انہیں 5 نومبر 2024 کو بیجنگ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے وطن
واپسی کی پرواز پکڑتے وقت گرفتار کیا گیا تھا، اور یکم مئی 2025 کو چینی حکام نے
ان پر جاسوسی کی فردِ جرم عائد کی تھی۔ ادھر
امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ ماہ چین کے لیے جاری کردہ اپنے سفری انتباہ میں
’D‘ کی علامت کا اضافہ کیا ہے، جو شہریوں کو ناجائز حراست کے خطرے سے
خبردار کرتی ہے۔ حکام نے عندیہ دیا ہے کہ اگر زیرِ حراست شہریوں کی رہائی میں
پیشرفت نہ ہوئی تو چین کے سفر سے متعلق خطرے کی سطح کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔