امریکا، چین اور روس کے
سربراہانِ مملکت کے درمیان ہونے والی پہلی سہ فریقی سربراہی ملاقات کے مشترکہ
اعلامیے میں تینوں صدور نے اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ جوہری جنگ نہ جیتی جا سکتی
ہے اور نہ ہی کبھی لڑی جانی چاہیے۔ یہ مشترکہ ’اعلامیۂ امن‘ امریکی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان چین کے شہر
شین ژین (Shenzhen)میں ہونے والی ملاقات کے بعد جاری کیا گیا۔ چین کے سرکاری خبر رساں
ادارے ’ژنہوا‘ کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ، روسی صدر
ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 19 نومبر کو شین ژین (Shenzhen)میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر روس اور امریکہ کے صدور نے اس تاریخی
سہ فریقی سربراہی اجلاس کی میزبانی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
چین، روس اور
امریکا کا صاف شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بڑھانے کا منصوبہ
تینوں سربراہانِ مملکت نے موجودہ بین الاقوامی صورتِ حال پر تفصیلی
تبادلۂ خیال کیا اور اسٹریٹجک استحکام اور بین الاقوامی سلامتی برقرار رکھنے کے
عزم کا اظہار کیا۔ مشترکہ
اعلامیے کے مطابق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی حیثیت سے چین،
روس اور امریکا نے عالمی ادارے میں اصلاحات کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ اقوامِ
متحدہ عالمی چیلنجز سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹ سکے اور بین الاقوامی امن و
سلامتی کے قیام کے اپنے بنیادی مقصد سے ہم آہنگ رہے۔ اعلامیے
میں کہا گیا ہے کہ تینوں ممالک نے تمام ملکوں کے فائدے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی
پیداوار اور فراہمی بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے توانائی کی مستحکم ترسیل
کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا ہے۔ مشترکہ
اعلامیے کے مطابق تینوں سربراہانِ مملکت نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ریاست کی
رضامندی کے اصول اور ریاستی عہدیداروں کو حاصل استثنیٰ کا احترام انتہائی اہمیت کا
حامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا
کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) اور اس جیسے دیگر اداروں کو اپنے دائرہ
اختیار کا ناجائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ اعلامیے
کے چوتھے نکتے میں کہا گیا ہے کہ تینوں سربراہانِ مملکت نے اس مؤقف کا اعادہ کیا
کہ جوہری جنگ نہ جیتی جا سکتی ہے اور نہ ہی کبھی لڑی جانی چاہیے۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک جوہری خطرات
میں کمی اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مذاکرات کریں گے۔ اس سے قبل خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے رپورٹ
کیا تھا کہ ایشیا پیسیفک سربراہی اجلاس (اے پیک) کے موقع پر شینژن (Shenzhen)کے
ایک ولا میں بڑی گول میز کے گرد بیٹھ کر دنیا کی تین بڑی جوہری طاقتوں کے سربراہوں
نے باری باری گفتگو کی۔
بات چیت کے موقع سے
فائدہ نہ اٹھا کر کبھی امن قائم نہیں ہو سکتا، ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ”ہم واقعی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ ہم تینوں کے
پاس بات چیت کے لیے بہت سے اہم معاملات ہیں۔“ ان
کا کہنا تھا کہ ”بات چیت کے مواقع سے فائدہ نہ اٹھا کر کبھی امن قائم نہیں کیا جا
سکتا۔“
روس، چین اور
امریکا مل کر عالمی استحکام مضبوط بنا سکتے ہیں، پیوٹن
روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان علاقائی تنازعات
کے حل میں کئی مشترکہ مفادات ہیں، جن میں ظاہر ہے یوکرین کا تنازع بھی شامل ہے۔ پیوٹن نے کہا کہ اگر روس، چین اور امریکا تعمیری
انداز میں مل کر کام کریں تو وہ عالمی استحکام کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔
شی جن پنگ کا جوہری
ہتھیاروں سے پاک دنیا کا مطالبہ
سہ فریقی ملاقات میں گفتگو کے دوران شی جن پنگ نے دیگر رہنماؤں پر
زور دیا کہ جوہری ہتھیاروں پر پابندی ہونی چاہیے اور انہیں مکمل طور پر تلف کر
دینا چاہیے۔ چین کی سرکاری خبر رساں
ایجنسی ’شنہوا‘ کے مطابق صدر شی نے کہا کہ جوہری ہتھیار انسانیت کے سر پر لٹکتی
ہوئی تلوار ہیں۔ جوہری ہتھیاروں پر جامع پابندی عائد ہونی چاہیے اور انہیں مکمل
طور پر ختم کر دینا چاہیے تاکہ دنیا کو ان ہتھیاروں سے پاک بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری جنگ کبھی جیتی نہیں جا
سکتی اور نہ ہی اسے کبھی لڑنا چاہیے۔ ان کے بقول جوہری جنگ روکنے کے لیے ہر ممکن
کوشش کرنا ضروری ہے۔ بیجنگ
کئی برسوں سے اپنے جوہری پروگرام پر واشنگٹن کے ساتھ براہِ راست بات چیت سے گریز
کرتا آیا ہے۔ اس کا مؤقف رہا ہے کہ بڑے جوہری ذخائر رکھنے کے باعث امریکا اور روس
کو اس معاملے پر براہِ راست بات کرنی چاہیے۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ
جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا معاملہ بھی ان موضوعات میں شامل تھا جن پر وہ شی جن
پنگ اور ولادیمیر پیوٹن سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ صدر
شی نے کہا کہ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ جب بڑی طاقتیں ہم آہنگی کے ساتھ رہتی ہیں تو
دنیا میں امن ہوتا ہے، لیکن جب بڑی طاقتیں آپس میں ٹکراتی ہیں تو دنیا بدامنی کا
شکار ہو جاتی ہے۔ اس
سہ فریقی ملاقات سے قبل ٹرمپ نے شی اور پیوٹن سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی تھی اور
دونوں رہنماؤں کو اپنا دوست قرار دیا تھا۔ صدر
ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اور شی جن پنگ دونوں اس بات پر زور دیتے ہیں کہ آبنائے ہرمز
سے تیل کی ترسیل جاری رہنی چاہیے، جو ایران جنگ کے باعث متاثر ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دو روزہ سربراہی اجلاس کے دوران
اب تک شی جن پنگ نے اپنے کسی بیان میں یوکرین یا ایران کا ذکر نہیں کیا۔