برطانوی فوج
کے سربراہ جنرل سر رولی واکر General Sir Roly Walker نے
خبردار کیا ہے کہ دنیا اس وقت شدید سکیورٹی خطرات سے دوچار ہے اور برطانیہ کو
ممکنہ جنگ کے لیے پہلے سے تیاری کرنا ہوگی،برطانوی عوام کو جلد ہی حکومت کی جانب
سے ملک کو درپیش خطرات اور دفاعی ضروریات کے بارے میں “کھل کر بات” سننے کو ملے
گی۔ جنرل واکر نے شمالی یارکشائر
کے کیٹرک گیریژن میں تقریباً 700 فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب
برطانیہ جنگ کے امکان کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہتا تھا، لیکن اب عالمی حالات
میں “انتہائی خطرہ” موجود ہے اور فوجی تیاری دوبارہ قومی ترجیحات کا حصہ بن رہی
ہے۔ فوجی سربراہ نے کہا کہ سیاسی
قیادت عوام کو یہ سمجھانے کی کوشش کرے گی کہ قومی دفاع اور سیکیورٹی کو ترجیح دینے
کے لیے انہیں کچھ قربانیاں قبول کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صرف فوج
کی حمایت ہی نہیں بلکہ ملک کے دفاع اور سیکیورٹی میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنے
کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔ انہوں
نے فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر برطانیہ کو جنگ میں اترنا پڑا تو ملک کو
انہی فوجیوں کی ضرورت ہوگی۔ خاص طور پر انہوں نے نشاندہی کی کہ زمینی جنگ کا سب سے
بڑا بوجھ عموماً نوجوان اور نسبتاً کم تجربہ کار فوجیوں پر پڑتا ہے۔