متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی سہیل المزروعی نے
خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ کی جانب سے ایران پر دوبارہ عسکری حملہ کیا گیا تو
متحدہ عرب امارات اس بار کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے سے کہیں
زیادہ تیار ہوگا۔ ابوظہبی میں عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر تیاریوں کو مضبوط بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر دوبارہ فوجی کارروائی کے اشارے اور اسرائیلی
وزیراعظم نیتن یاہو کی مشترکہ حملے کی خواہش کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھی ہے، جبکہ
ایران بھی ماضی میں یو اے ای میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور مفادات کو نشانہ
بنانے کے بعد آئندہ کے لیے جوابی کارروائی کی دھمکیاں دے چکا ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی منصوبہ
بندی اور دھمکیوں کے اشاروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر
حملہ کرنے کی سوچ رکھنے والوں کو اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔ ترجمان
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق کوئی بھی عسکری کارروائی ایرانی عوام کے عزم کو کمزور
نہیں کر سکتی، کیونکہ ایرانی قوم اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور آزادی کے
دفاع کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ نے مزید تنبیہ کی کہ ایران کو
نئی جنگ میں دھکیلنے کی مسلسل دھمکیاں اور فوجی تیاریاں عالمی و علاقائی امن کے
لیے انتہائی خطرناک اور تشویشناک رجحان کا باعث ہیں۔