چین کی 132 ارب ڈالر کی کلین ٹیکنالوجی سرمایہ کاری نے عالمی
ماحولیاتی منظرنامہ بدل دیا، چین ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی مالی معاونت میں
امیر ممالک کے برابر پہنچ گیا ہے۔ چین
نے گزشتہ سال ترقی پذیر ممالک کو 132 ارب ڈالر مالیت کی ماحول دوست ٹیکنالوجی اور
سرمایہ کاری فراہم کرکے عالمی توانائی کی منتقلی میں غیر معمولی کردار ادا کیا، جس
کی مالیت امیر ممالک کی جانب سے 2024 میں فراہم کردہ 137 ارب ڈالر کی موسمیاتی
مالی معاونت کے تقریباً برابر ہے۔ خبر
رساں ادارے رائٹرز کے تجزیے کے مطابق چین کی بھاری سرکاری سبسڈیز سے پروان چڑھنے
والی گرین مینوفیکچرنگ صنعت نے شمسی پینلز، بیٹریوں، الیکٹرک گاڑیوں اور ونڈ
ٹربائنز کی عالمی منڈی میں غیر معمولی برتری حاصل کرلی ہے، جس کے نتیجے میں ترقی
پذیر ممالک میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں نمایاں کمی کی راہ ہموار ہورہی
ہے۔
چین کی گرین ٹیکنالوجی عالمی موسمیاتی جنگ میں بڑی
قوت بن گئی
چین کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کو فراہم کی جانے والی کلین
ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کا حجم عالمی موسمیاتی مالی معاونت کے روایتی نظام کے
لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔ رائٹرز
کے مطابق چین نے گزشتہ سال ترقی پذیر ممالک کو مجموعی طور پر 132 ارب ڈالر مالیت
کی ماحول دوست ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری فراہم کی، جو کسی بھی دوسرے ملک کی جانب
سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کے لیے دی جانے والی سب سے بڑی معاونت ہے۔ یہ پیشرفت اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ چین دنیا میں
گرین ٹیکنالوجی کی پیداوار اور برآمدات میں نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے، حالانکہ
مجموعی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں بھی وہ بدستور دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ اس کی بڑی وجوہات چین کی وسیع آبادی، بھاری صنعتی
سرگرمیاں اور بجلی کی پیداوار کے لیے کوئلے پر انحصار ہیں۔ تاہم
شمسی توانائی، بیٹریوں، الیکٹرک گاڑیوں، ونڈ ٹربائنز اور دیگر ماحول دوست مصنوعات
کی بڑے پیمانے پر برآمدات نے چین کو عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں کمی لانے
والی بڑی قوتوں میں شامل کردیا ہے۔
امیر ممالک کی موسمیاتی امداد کے تقریباً برابر
چین کی سرمایہ کاری
رائٹرز کے تجزیے کے مطابق چین کی 132 ارب ڈالر کی مجموعی ماحولیاتی
معاونت میں تقریباً 40 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بھی شامل ہے،
جو ترقی پذیر ممالک میں کلین ٹیکنالوجی سے متعلق منصوبوں میں کی گئی۔ اس سرمایہ کاری کے اعدادوشمار لندن اسکول آف
اکنامکس کے محققین میتھیاس لارسن اور شیاؤکانگ ژو نے مرتب کیے۔ یوں چین کی مجموعی معاونت ترقی پذیر ممالک کے لیے
امیر ممالک کی جانب سے 2024 میں فراہم کردہ 137 ارب ڈالر کی موسمیاتی مالی معاونت
کے قریب پہنچ گئی ہے۔ یہ اعدادوشمار اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی)
کے فراہم کردہ تازہ ترین اعداد پر مبنی ہیں۔ تاہم
رائٹرز نے واضح کیا ہے کہ دونوں اعدادوشمار کا براہ راست موازنہ درست نہیں ہوگا،
کیونکہ چین کی 132 ارب ڈالر کی رقم کا بڑا حصہ تجارتی لین دین اور کلین انرجی کے
منصوبوں میں سرمایہ کاری پر مشتمل ہے، جب کہ امیر ممالک کی موسمیاتی مالی معاونت
میں مختلف نوعیت کے منصوبے شامل ہوتے ہیں۔ ان
منصوبوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہنے والی زرعی تکنیکوں کی
تیاری، شدید طوفانوں اور سیلابوں سے ہونے والے نقصانات کی بحالی اور دیگر
ماحولیاتی اقدامات شامل ہیں۔ اس
کے باوجود دونوں اعدادوشمار کا تقابل اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ چین کی صنعتی
معیشت ترقی پذیر ممالک میں توانائی کے نظام کی تبدیلی پر کس بڑے پیمانے پر
اثرانداز ہورہی ہے۔
257 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں
سالانہ کمی متوقع
رائٹرز نے اپنے تجزیے کے لیے کسٹمز کے اعدادوشمار استعمال کرتے ہوئے
چین سے اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم کے مطابق ترقی پذیر ممالک کو برآمد کی جانے
والی ماحول دوست ٹیکنالوجی کی مالیت کا تخمینہ لگایا۔ ہیلسنکی
(Helsinki)
میں قائم سینٹر فار ریسرچ آن انرجی اینڈ کلین ایئر کے شریک بانی لوری
ملیویرتا (Lauri
Myllyvirt) کے تجزیے کے مطابق چین سے برآمد کی جانے والی یہ ٹیکنالوجی مکمل طور
پر استعمال ہونے کے بعد گلوبل ساؤتھ کے ممالک میں سالانہ 257 ملین میٹرک ٹن کاربن
ڈائی آکسائیڈ کے اخراج سے بچاؤ میں مدد دے سکتی ہے۔ یہ
مقدار فرانس کی ایک سال کے دوران ہونے والی مجموعی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کے
برابر ہے۔ تجزیے کے مطابق رواں سال چین کی
برآمدات کی بنیاد پر ترقی پذیر ممالک میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں سالانہ
337 ملین میٹرک ٹن تک کمی متوقع ہے۔ رائٹرز
کا کہنا ہے کہ امیر ممالک سے غریب ممالک کو فراہم کی جانے والی عالمی موسمیاتی
مالی معاونت کے نتیجے میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کتنی کمی واقع ہوتی ہے، اس
بارے میں کوئی قابل اعتماد اور جامع تخمینہ دستیاب نہیں ہوسکا۔ او ای سی ڈی کے مطابق 2024 میں امیر ممالک کی جانب
سے فراہم کی جانے والی مجموعی موسمیاتی مالی معاونت کا تقریباً پانچواں حصہ نجی
شعبے کی جانب سے دیا گیا تھا۔ اس
خبر کے حوالے سے اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج اور ہائی ایمبیشن
کولیشن (High
Ambition Coalition) کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
ہائی ایمبیشن کولیشن (High Ambition Coalition) مختلف
ممالک کا ایک غیر رسمی اتحاد ہے جو عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر موسمیاتی مالی
معاونت کا حامی رہا ہے۔
چین نے امداد کے بجائے اپنی صنعتی طاقت کو
موسمیاتی حکمت عملی بنایا
عالمی موسمیاتی مالی معاونت کا روایتی نظام 2009 میں اقوام متحدہ کی
ایک موسمیاتی کانفرنس کے دوران طے پانے والے معاہدے سے شروع ہوا تھا، جس کے تحت
دنیا کے امیر اور صنعتی ممالک نے ترقی پذیر اور غریب ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں
سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اس
معاہدے کی بنیاد یہ تھی کہ صنعتی ممالک نے تاریخی طور پر ماحولیاتی آلودگی اور
موسمیاتی بحران میں زیادہ حصہ ڈالا ہے، اس لیے ان کے پاس اس بحران سے نمٹنے کے لیے
غریب ممالک کی مدد کرنے کی زیادہ ذمہ داری اور وسائل ہونے چاہییں۔ تاہم رائٹرز کی 2024 میں سامنے آنے والی ایک تحقیق
میں انکشاف کیا گیا تھا کہ عالمی موسمیاتی مالی معاونت کا بڑا حصہ گرانٹس کے بجائے
قرضوں کی صورت میں فراہم کیا جاتا ہے، جن پر بعض اوقات مارکیٹ کے مطابق شرح سود
بھی وصول کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں اربوں ڈالر بالآخر امیر ممالک کو واپس چلے
جاتے ہیں۔ چین نے اس کے برعکس اپنی حکمت
عملی اختیار کی اور اپنی گرین انرجی صنعتوں کو اربوں ڈالر کی سرکاری سبسڈیز فراہم
کرکے انہیں عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا۔ اس حکمت عملی کا بنیادی مقصد صرف ماحولیاتی تحفظ نہیں بلکہ اگلی نسل
کی صنعتی ٹیکنالوجی کی پیداوار اور عالمی منڈیوں پر غلبہ حاصل کرنا بھی تھا۔ نتیجتاً چین نے شمسی پینلز، بیٹریوں، بیٹریوں میں
استعمال ہونے والی معدنیات، الیکٹرک گاڑیوں، ونڈ ٹربائنز اور دیگر ماحول دوست
مصنوعات کی عالمی منڈی میں تیزی سے اپنا حصہ بڑھایا۔
موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی حکمت عملی میں
بنیادی تبدیلی
ایشیا سوسائٹی پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے چائنا کلائمیٹ ہب کے سربراہ اور
اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنسوں میں چین کے کردار پر نظر رکھنے والے ماہر لی شو
کے مطابق چین کی صنعتی ترقی نے عالمی توانائی کی منتقلی کے طریقہ کار میں ایک نئی
جہت متعارف کرائی ہے۔ ان
کا کہنا ہے کہ کئی برسوں تک عالمی موسمیاتی مذاکرات کا مرکزی موضوع یہ رہا کہ امیر
ممالک غریب ممالک کو کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے کتنی مالی اور تکنیکی معاونت
فراہم کریں گے۔ تاہم
چین کی مینوفیکچرنگ صنعت نے ایک متبادل راستہ پیدا کردیا ہے، جس کے تحت بڑے پیمانے
پر پیداوار، جدت اور صنعتی مسابقت کے ذریعے ماحول دوست ٹیکنالوجی کی قیمتیں کم کی
جارہی ہیں، جس سے ترقی پذیر ممالک محض معاشی فوائد کی بنیاد پر ان ٹیکنالوجیز کو
اپنا رہے ہیں۔ لی شو کے مطابق اس طریقہ کار کے
ذریعے موسمیاتی اقدامات کو ممالک کے اپنے معاشی مفادات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جاسکتا
ہے۔
عالمی موسمیاتی سفارت کاری میں چین کی خاموشی،
امریکی کردار بھی اہم
چین نے گرین ٹیکنالوجی کی تجارت میں غیر معمولی قوت حاصل کرلی ہے،
تاہم عالمی موسمیاتی مذاکرات میں اس معاشی برتری کو سفارتی قیادت میں تبدیل کرنے
میں اب تک زیادہ دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ 2025 میں امریکی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا کو بین الاقوامی موسمیاتی تعاون سے الگ کرنے کے بعد
چین کے سفارتی کردار کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، لیکن بیجنگ کی جانب سے عالمی سطح
پر زیادہ فعال قیادت کا مظاہرہ سامنے نہیں آیا۔ رواں
ماہ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی موسمیاتی کانفرنس ’کوپ
31‘ کے انعقاد کے موقع پر چین کا سفارتی کردار خصوصی اہمیت اختیار کرنے کا امکان
ہے۔ ماضی میں امریکا اور چین کے
درمیان دوطرفہ معاہدوں نے عالمی موسمیاتی معاہدوں کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار
ادا کیا، جن میں 2015 کا تاریخی پیرس معاہدہ بھی شامل ہے، جس کا مقصد عالمی درجہ
حرارت میں اضافے کو محدود کرنا تھا۔ تاہم
سابق موسمیاتی مذاکرات کاروں کے مطابق چین شاید امریکا کی عدم موجودگی میں اکیلے
عالمی موسمیاتی قیادت سنبھالنے پر آمادہ نہ ہو، کیونکہ دونوں بڑی طاقتوں کے درمیان
جغرافیائی و سیاسی توازن عالمی مذاکرات میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق بیجنگ کو یہ خدشہ بھی ہوسکتا ہے کہ عالمی سطح پر کاربن
کے اخراج میں کمی کے لیے سخت مؤقف اختیار کرنے سے چین پر مزید موسمیاتی امداد
فراہم کرنے اور اپنے فوسل فیول کے استعمال میں کمی لانے کا دباؤ بڑھ جائے گا۔ چین اس وقت دنیا میں مجموعی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے
اخراج کا تقریباً ایک تہائی پیدا کرتا ہے، جب کہ ملک کی نصف سے زیادہ بجلی اب بھی
کوئلے سے حاصل کی جاتی ہے۔ جرمنی
کی سابق وزیر برائے موسمیاتی امور جینیفر مورگن (Jennifer
Morgan) کا
کہنا ہے کہ آنے والے برسوں میں چین کا مختلف سطحوں پر کردار عالمی موسمیاتی
تبدیلیوں کے حوالے سے بنیادی اہمیت رکھے گا، کیونکہ ایک طرف وہ کلین ٹیکنالوجی کے
پھیلاؤ میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے تو دوسری طرف اس کا اپنا کاربن اخراج بھی
انتہائی زیادہ ہے۔
چین کا دعویٰ، 5 برس میں 4.1 ارب ٹن کاربن اخراج کم
کیا
چین کی وزارت تجارت نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ملک عالمی سطح پر
ماحول دوست تبدیلیوں میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ وزارت
کے مطابق چین کی ونڈ اور سولر ٹیکنالوجی کی برآمدات نے گزشتہ 5 برسوں کے دوران
مجموعی طور پر عالمی سطح پر تقریباً 4.1 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں
کمی لانے میں مدد دی ہے۔ وزارت
نے اس مقدار کو امریکا کے ایک سال کے مجموعی کاربن اخراج کے تقریباً 80 فیصد کے
برابر قرار دیا۔ چینی
وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ عالمی موسمیاتی نظام کو عملی اقدامات کی کمی کا سامنا
ہے، ایسے میں چین ذمہ دارانہ رویہ برقرار رکھتے ہوئے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر
چیلنجز سے نمٹنے، مشکلات پر قابو پانے اور عالمی سطح پر ماحول دوست، کم کاربن اور
پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے کام جاری رکھے گا۔
سستی چینی ٹیکنالوجی فوسل فیول کا متبادل بننے لگی
چین کی صنعتی ترقی نے ترقی پذیر ممالک میں قابل تجدید توانائی کے
حصول کو پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سستا اور قابل عمل بنا دیا ہے۔ اس کی نمایاں مثال ایتھوپیا ہے، جس نے 2024 میں
اندرونی احتراق والے انجن (پیٹرول اور ڈیزل) کی گاڑیوں کی درآمد پر پابندی عائد
کردی تھی۔ یہ الیکٹرک گاڑیوں کی جانب منتقلی کے لیے دنیا کے کسی ملک کی جانب سے
اٹھایا جانے والا ایک غیر معمولی اور بڑا قدم تھا۔ رائٹرز
سے گفتگو میں ایتھوپیا کے اس وقت کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا تھا کہ اس فیصلے
کا بنیادی مقصد کاربن کے اخراج میں کمی کے بجائے گاڑیوں کے لیے ایندھن کی درآمد پر
اٹھنے والے بھاری اخراجات کم کرنا تھا۔
پاکستان میں چینی سولر پینلز کی ریکارڈ درآمد، 17
گیگاواٹ صلاحیت حاصل
چین کی گرین ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے والے ترقی پذیر ممالک میں
پاکستان بھی نمایاں طور پر شامل ہے، جہاں شمسی توانائی کے استعمال میں تیزی سے
اضافہ ہورہا ہے۔ رائٹرز
کے مطابق پاکستان نے گزشتہ سال چین سے 17 گیگاواٹ صلاحیت کے سولر پینلز درآمد کیے،
جو عالمی توانائی کے شعبے میں ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔ توانائی
کے شعبے کے تحقیقی ادارے ایمبر کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کی یہ درآمدات
تقریباً اتنی ہی تھیں جتنی جرمنی نے اسی سال اپنے ملک میں شمسی توانائی کی تنصیب
کے لیے حاصل کیں۔ پاکستان
میں ان سولر پینلز کی تنصیب سے نہ صرف کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی بلکہ ایسے
ملک کو سستی اور نسبتاً قابل اعتماد بجلی بھی میسر آسکے گی جہاں بجلی کی فراہمی
اکثر مسائل کا شکار رہتی ہے۔ رائٹرز
کے کسٹمز ڈیٹا پر مبنی تجزیے کے مطابق گزشتہ سال چین کی برآمد کردہ سولر پینلز اور
ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے سولر سیلز کا تقریباً دو تہائی حصہ ترقی پذیر
ممالک کو فراہم کیا گیا۔ یہ
رجحان ظاہر کرتا ہے کہ چین کی ماحول دوست ٹیکنالوجی اب صرف صنعتی طور پر ترقی
یافتہ ممالک تک محدود نہیں رہی بلکہ پاکستان سمیت ترقی پذیر دنیا میں بھی توانائی
کے نظام کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
عالمی توانائی کی سیاست میں چین کی بڑھتی ہوئی
اہمیت
چین کی گرین ٹیکنالوجی کی صنعت نے عالمی سطح پر ایک نئی معاشی اور
ماحولیاتی حقیقت کو جنم دیا ہے، جہاں ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے
کے لیے صرف بین الاقوامی امداد کے منتظر رہنے کے بجائے کم قیمت ٹیکنالوجی کو اپنے
معاشی مفادات کے تحت اپنا رہے ہیں۔ پاکستان،
ایتھوپیا اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں شمسی توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں کا بڑھتا
ہوا استعمال اس تبدیلی کی واضح مثال ہے۔ تاہم
چین کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ وہ ایک طرف دنیا کو ماحول دوست ٹیکنالوجی
فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک بن رہا ہے، جب کہ دوسری جانب کوئلے اور بھاری
صنعتوں پر انحصار کے باعث خود عالمی کاربن اخراج میں سب سے بڑا حصہ بھی رکھتا ہے۔ اس صورت حال میں چین کی مستقبل کی پالیسی، عالمی موسمیاتی
سفارت کاری میں اس کی شمولیت اور اپنے ملک میں فوسل فیول کے استعمال میں کمی کے
اقدامات دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ کی سمت متعین کرنے میں فیصلہ
کن اہمیت اختیار کرسکتے ہیں۔