جاپان کی حکومت نے پاکستانی سرکاری
افسران کے لیے ماسٹرز کی تعلیم کے حصول کی غرض سے 16 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان
کیا ہے، جن کے تحت منتخب امیدوار جاپانی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
جاپان ڈیولپمنٹ اسکالرشپ پروگرام
2026 کے تحت پبلک ایڈمنسٹریشن، مالیات، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری، توانائی پالیسی
اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اسکالرشپ میں یونیورسٹی کی مکمل فیس، پاکستان اور جاپان کے درمیان واپسی کا فضائی
سفر، ماہانہ وظیفہ اور دیگر تعلیمی و رہائشی سہولیات شامل ہیں۔
اہل امیدواروں کی عمر یکم اپریل
2027 تک 25 سے 40 سال کے درمیان ہونی چاہیے، جبکہ وفاقی حکومت کے منظور شدہ اداروں
میں گریڈ 17 یا اس سے اوپر کے افسران کے لیے کم از کم تین سال کا کل وقتی سرکاری
تجربہ بھی ضروری ہے۔ خواتین افسران کو بھی درخواستیں دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 27
نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ کامیاب امیدوار 2027-28 کے تعلیمی سال میں جاپان
میں اپنی تعلیم شروع کریں گے۔ درخواست دہندگان تفصیلی شرائط اور آن لائن درخواست
کے لیے JDS کی سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔ صوبائی سرکاری ملازمین درخواست
دینے سے پہلے اپنی اہلیت کی تصدیق جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (JICE) سے کرلیں۔
جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن
سینٹر(جے آئی سی ای) کے کنٹری آفیسر کانیکو ناہومی نے پنجاب پروٹیکشن اتھارٹی کے
ہیڈ آفس لاہور میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر لبنیٰ نذیر اور ڈائریکٹر فنانس چوہدری زبیر
احمد سے ملاقات کی، جس میں جاپان ڈویلپمنٹ اسکالرشپ پروگرام 2026 کے حوالے سے
بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران کانیکو ناہومی نے
بتایا کہ اسکالرشپ پروگرام کا مقصد حکومت پاکستان کی انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ
اور اہل سرکاری افسران کو جاپانی جامعات سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے مواقع
فراہم کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت خواتین سرکاری افسران کو بھی درخواستیں دینے کی
ترغیب دی گئی ہے۔ اسکالرشپ میں اسلام آباد اور جاپان کے درمیان آنے جانے کا ہوائی
ٹکٹ، جاپانی جامعہ کی مکمل ٹیوشن فیس، مقررہ الاؤنسز اور رہائش کے انتظامات میں
معاونت شامل ہے، جبکہ تعلیم کا ذریعہ انگریزی زبان ہوگا۔
پروگرام کے لیے درخواست دینے والے
امیدواروں کی عمر اپریل 2027 تک 25 سے 40 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ امیدوار کے
پاس تسلیم شدہ جامعہ سے بیچلرز کی ڈگری ہونا ضروری ہے، جبکہ عمومی طور پر 16 سالہ
رسمی تعلیم درکار ہوگی۔ متعلقہ تحقیقی اور پیشہ ورانہ تجربے کو متبادل بنیاد پر
بھی زیر غور لایا جاسکتا ہے۔
اسکالرشپ کے لیے وفاقی حکومت کے
متعلقہ پیشہ ورانہ گروپس کے کیڈر افسران اور بی ایس 17 یا اس سے اوپر کے افسران
درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدوار کے لیے سرکاری ملازمت میں کم از کم تین سال کا تجربہ
ضروری ہے۔ جزوقتی ملازمت اور رضاکارانہ سرگرمیوں کو کام کے تجربے میں شمار نہیں
کیا جائے گا، جبکہ امیدواروں کی ذمہ داریوں اور انتظامی تجربے کا بھی جائزہ لیا
جائے گا۔
سال 2026 کے پروگرام کے تحت
مجموعی طور پر 16 اسکالرشپس دستیاب ہیں، جن میں 11 نشستیں پبلک ایڈمنسٹریشن اور
فنانس، تین صنعتی فروغ اور سرمایہ کاری کے ماحول، جبکہ دو توانائی پالیسی اور
موسمیاتی تبدیلی سے متعلق شعبوں کے لیے مختص ہیں۔ اسکالرشپ کے لیے درخواستیں جمع
کرانے کی آخری تاریخ 27 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اہل سرکاری افسران، خصوصاً
خواتین افسران، کو اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے اس موقع
سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی گئی ہے۔
مزید معلومات ادارے کی ویب سائٹ jds-scholarship.org سے لی جاسکتی ہیں ۔