سویڈن میں رہائش اور
ملازمت اختیار کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے روزمرہ زندگی کے معاملات چلانے
میں سویڈش شناختی کارڈ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ یکم دسمبر 2026 سے شناختی کارڈ کے
اجرا کے طریقہ کار میں ایک بڑی تبدیلی نافذ کی جا رہی ہے جس کے تحت سویڈش پولیس
اتھارٹی یعنی پولِیسن رجسٹرڈ رہائشیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے میں مرکزی کردار
ادا کرے گی۔ اب تک سویڈن میں مقیم غیر ملکی شہری عمومی طور پر سویڈش ٹیکس ایجنسی
یعنی اسکاٹے ویرکٹ (Skatteverket) کے ذریعے شناختی کارڈ کے لیے درخواست دیتے تھے، لیکن یکم دسمبر 2026سے
درخواست گزاروں کو سویڈش پولیس کے ذریعے درخواست دینے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ یہ
تبدیلی بتدریج نافذ ہوگی، چنانچہ اسکاٹے ویرکٹ (Skatteverket) کے
کچھ دفاتر اس تاریخ کے بعد بھی شناختی کارڈ جاری کرتے رہیں گے جبکہ8 مخصوص دفاتر
یعنی اسٹاک ہوم گلوبن (Stockholm Globen) ، اسٹاک ہوم کسٹا (Stockholm Kista) ،
مالمو وارنہیم (Malmö Värnhem) ، گوٹنبرگ یارن ٹورگیٹ (Gothenburg Järntorget) ، ایسکلستونا (Eskilstuna), ، ہیلسنگ بوری (Helsingborg) ،
نورشوپنگ (Norrköping) اور ٹرول ہیٹن (Trollhättan) یکم دسمبر 2026 سے نئی درخواستیں وصول
کرنا بند کر دیں گے۔
نیا
شناختی کارڈ حاصل کرنے کی اہلیت اور شرائط
نئے نظام کے تحت سویڈش
شہری اور وہ تمام غیر ملکی شہری درخواست دینے کے اہل ہوں گے جو سویڈن کے آبادی کے
رجسٹر میں باضابطہ طور پر رجسٹرڈ یعنی فولک بوک فورد ہیں۔ غیر ملکی شہریوں کے لیے
سویڈش ٹیکس ایجنسی کے پاس رجسٹریشن مکمل کرنا اور سویڈش ذاتی شناختی نمبر یعنی
پرسون نمر حاصل کرنا لازمی شرط ہے۔ اگر کوئی شخص حال ہی میں سویڈن منتقل ہوا ہے
اور اس نے ابھی تک پرسون نمر حاصل نہیں کیا تو اسے پہلے اپنی رجسٹریشن مکمل کروانا
ہوگی کیونکہ محض کوآرڈینیشن نمبر یعنی ساموردننگز نمر (Samordningsnummer) اس نئے شناختی کارڈ کے حصول کے لیے کافی نہیں ہے۔ اس نئے نظام کے
تحت اس کیلنڈر سال سے درخواست دی جا سکتی ہے جس میں درخواست گزار کی عمر9 سال ہو رہی ہو۔
سویڈش
پولیس کے ذریعے درخواست دینے کا مکمل طریقہ کار
سویڈن میں رجسٹرڈ غیر
ملکی شہریوں کے لیے پولیس کے ذریعے شناختی کارڈ حاصل کرنے کا عمل چار مراحل پر
مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں اس بات کی تصدیق کریں کہ آپ باضابطہ طور پر رجسٹرڈ
رہائشی ہیں اور آپ کے پاس پرسون نمر موجود ہے۔ دوسرے مرحلے میں پولیس کے ساتھ
ملاقات یعنی اپائنٹمنٹ بُک کروائیں جس کا آغاز یکم نومبر 2026 سے
ہو چکا ہے، تاہم غیر ملکی شہریوں کے لیے آن لائن بُکنگ دستیاب نہیں ہے بلکہ انہیں
لازمی طور پر ٹیلی فون نمبر
11414 پر کال کر کے وقت لینا ہوگا۔ تیسرے مرحلے میں
یکم دسمبر دو ہزار چھبیس سے کسی مجاز پولیس اسٹیشن کا دورہ کریں کیونکہ ہر پولیس
اسٹیشن یہ سہولت فراہم نہیں کرے گا، بلکہ اسٹاک ہوم (Stockholm) ،
گوٹنبرگ (Gothenburg) ، مالمو (Malmö) ،
ہیلسنگ بوری (Helsingborg) اور کرسٹیان اسٹاد (Kristianstad) سمیت مخصوص شہروں کے نامزد اسٹیشنوں پر ہی یہ
درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ چوتھے مرحلے میں ملاقات کے روز اپنی شناخت ثابت کریں،
درخواست کی فیس پولیس اسٹیشن پر ادا کریں اور نئے ڈیجیٹل نظام سویریا (Sveriges digitala system) آئی ڈی کی شرائط و ضوابط قبول کریں۔
سویریا
آئی ڈی کیا ہے اور اس کے فوائد کیا ہیں
اس اصلاحات کے تحت
سویریا آئی ڈی کے نام سے سویڈن کا نیا سرکاری الیکٹرانک شناختی نظام بھی متعارف
کروایا جا رہا ہے جو یکم دسمبر 2026کو لانچ ہوگا اور قومی فریم ورک کے تحت اعلیٰ
ترین سطح کی ڈیجیٹل تصدیق فراہم کرے گا۔ سویریا آئی ڈی کو جسمانی شناختی کارڈ کے
ساتھ منسلک کیا جائے گا اور اسے موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے استعمال کیا جا سکے گا
تاکہ اہل رہائشی محفوظ طریقے سے آن لائن سرکاری خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں۔ یہ
بات واضح رہے کہ سویریا (Sveriges) آئی
ڈی موجودہ بینک آئی ڈی کی جگہ نہیں لے گا بلکہ اس کے معاون کے طور پر کام کرے گا،
اور آغاز میں یہ صرف پولیس کی آن لائن سروس مینا سیدور (Mina sidor) پر دستیاب ہوگا جبکہ بینکوں، سوئش اور صحت کے
اداروں میں اس کی شمولیت بتدریج ہوگی۔ یورپی ڈیجیٹل شناختی فریم ورک کا حصہ ہونے
کے ناطے مستقبل میں اسے یورپی یونین بھر میں بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
پرانے
شناختی کارڈز، زیرِ التوا درخواستوں اور سفر کی حیثیت سے متعلق اہم معلومات
جن افراد کے پاس پہلے سے اسکاٹے ویرکٹ کا جاری
کردہ درست شناختی کارڈ موجود ہے انہیں محض نئے قوانین کے نفاذ کی وجہ سے اپنا کارڈ
تبدیل کروانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ پرانے کارڈ اپنی مقررہ پانچ سالہ میعاد
ختم ہونے تک قابلِ قبول رہیں گے۔ اگر کسی شخص نے یکم نومبر سے قبل اسکاٹے ویرکٹ (Skatteverket)کے بند ہونے والے آٹھ دفاتر میں سے کسی ایک میں درخواست دی تھی تو
وہ 23 نومبر تک وہاں سے اپنا
کارڈ وصول کر سکتا ہے، بصورت دیگر یکم دسمبر کے بعد یہ کارڈ سُنڈبی بوری منتقل کر دیے جائیں گے۔ مزید برآں اگر کوئی شخص اسکاٹے ویرکٹ (Skatteverket) کی فیس ادا کرنے کے بعد پولیس کے ذریعے درخواست
دینے کا فیصلہ کرتا ہے تو وہ اپنی پرانی اپائنٹمنٹ منسوخ کر کے ادائیگی کی رسید کے
ساتھ رقم کی واپسی یعنی ریفنڈ کی درخواست دے سکتا ہے۔ آخر میں یہ یاد رکھنا بھی
ضروری ہے کہ غیر ملکی شہریوں کو جاری ہونے والا یہ نیا شناختی کارڈ سفری دستاویز
نہیں ہوگا بلکہ صرف سویڈن کے اندر شناخت کے لیے استعمال ہوگا اور یہ پاسپورٹ یا
رہائشی اجازت نامے کا متبادل نہیں بن سکتا۔