لندن :برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی
بستیوں کی تعمیر اور توسیع میں ملوث 8 تعمیراتی اور پراپرٹی کمپنیوں کے خلاف
پابندیاں عائد کردی ہیں۔ برطانوی حکومت نے غزہ میں انسانی امداد پہنچانے والے قافلوں
کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والی اسرائیلی تنظیم تساو 9 (Tzav 9) کو
بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ لندن
کے مطابق ان اقدامات کا مقصد فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی
اور غزہ میں امداد کی رسائی بہتر بنانا ہے۔ برطانوی دفتر خارجہ کے 17 نومبر کے سرکاری اعلامیے اور خبر
رساں ادارے رائٹرز کے مطابق متاثرہ کمپنیوں کے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں اور ان پر
ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کرنے سے متعلق پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ کمپنیاں مغربی
کنارے میں اسرائیلی بستیوں کے لیے رہائشی عمارتوں، بنیادی ڈھانچے اور دیگر منصوبوں
کی تعمیر، منصوبہ بندی یا مارکیٹنگ میں کردار ادا کرتی رہی ہیں۔
کن
اسرائیلی کمپنیوں کے خلاف کارروائی ہوئی؟
سرکاری
فہرست میں ہار ہیورون ڈیولپمنٹ کمپنی (Har Hevron Development
Company) ، ہیمدات شومرون (Hemdat Shomron,) ، ایس اے جی (ویلویل) کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ (S.A.G. (Well Val) Construction and Development) ،
لیو ہاہار یزاموت (Lev Hahar
Entrepreneurship) ، ہارے زاہاو (Harei
Zahav) ، ایریل ریزیڈینشل جوڈیا اینڈ سمیریا (Ariel Residential Judea and Samaria) ، امی گویرٹزمین
آرکیٹیکٹس 2021 (Ami Guert Zimmerman Architects 2021)
اور زیڈ ایف بلڈنگ کمپنی ( Z.F. Building Company) شامل
ہیں۔ ان اداروں پر برطانیہ کے انسانی
حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون سے متعلق پابندیوں کے نظام کے تحت کارروائی کی
گئی ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے
آیا ہے جب متنازع E1 منصوبے کے لیے
بولیوں کی اہم آخری تاریخیں قریب ہیں۔ اس منصوبے کے تحت مشرقی یروشلم کے قریب
تعمیرات سے مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی علاقوں کا جغرافیائی رابطہ متاثر ہونے
کا خدشہ ہے۔فلسطینی حکام اور متعدد مغربی حکومتیں سمجھتی ہیں کہ ایسی تعمیرات
مستقبل کی ایک مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کو مزید مشکل بنا سکتی ہیں۔
برطانوی
وزیر خارجہ کا اسرائیلی تعمیراتی منصوبوں پر سخت مؤقف
برطانوی
وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ دو ریاستی حل کا تحفظ ان کی حکومت کی پالیسی کا
بنیادی مقصد ہے۔ انہوں
نے E1 منصوبے کے
حوالے سے کمپنیوں کو واضح پیغام دیا کہ وہ اس منصوبے کے لیے بولی نہ دیں، تعمیرات
میں حصہ نہ لیں اور دو ریاستی حل کے امکانات ختم کرنے سے فائدہ نہ اٹھائیں۔ ان کے
مطابق مغربی کنارے اور غزہ کی موجودہ صورت حال قابل قبول نہیں اور برطانیہ
اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے لیے پائیدار امن و سلامتی کی کوششیں جاری رکھے گا۔ برطانوی حکومت کا مؤقف ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں
میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ لندن نے واضح کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حدود
کے اندر تجارت اور مقبوضہ علاقوں میں بستیوں سے متعلق اقتصادی سرگرمیوں میں فرق
کرتا ہے۔
غزہ
میں امدادی قافلے روکنے والی تنظیم بھی نشانے پر
پابندیوں
کا سامنا کرنے والی تنظیم تساو 9 پر برطانوی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ اس نے غزہ
جانے والے امدادی ٹرکوں کو روکنے کے لیے راستوں، سرحدی گزرگاہوں اور بندرگاہوں پر
رکاوٹیں کھڑی کیں۔ سرکاری
اعلامیے کے مطابق اکتوبر میں بھی اس نوعیت کی کارروائیاں کی گئیں۔ ان امدادی
قافلوں میں خوراک، پانی اور ایندھن سمیت ضروری سامان شامل تھا۔ برطانوی حکومت نے غزہ میں موسم سرما، سیلاب اور بے گھر خاندانوں کی مشکلات کا
حوالہ دیتے ہوئے امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی پر زور دیا ہے۔ لندن کے مطابق اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کی جانب سے فراہم
کیا جانے والا بڑی مقدار میں عارضی رہائش کا سامان اب بھی غزہ کے باہر موجود ہے۔ برطانیہ نے حال ہی میں یونیسیف کے موسم سرما کے
امدادی پروگرام کے لیے مزید 5 ملین پاؤنڈ دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔
برطانیہ
اور اسرائیل کے تعلقات میں کشیدگی
یہ
نئی پابندیاں ستمبر میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع کے خلاف برطانوی پالیسی میں
تبدیلی کے بعد اہم عملی اقدام ہیں۔ غزہ میں جنگ، امداد کی فراہمی پر پابندیوں اور
مغربی کنارے میں آبادکاری کے منصوبوں کے باعث برطانیہ اور اسرائیل کے تعلقات پہلے
ہی دباؤ کا شکار ہیں۔ اسرائیلی
آبادکاروں کی نمائندہ یشا کونسل (Yesha Council) نے
نئی پابندیوں کی مذمت کی ہے، جبکہ فلسطینی اتھارٹی نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے
دوسرے ممالک سے بھی ایسے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانوی
حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کی نئی حکومت اور فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مل کر
دیرپا امن کے لیے کام کرنا چاہتی ہے، تاہم اس کے نزدیک مغربی کنارے میں بستیوں کی
توسیع اور غزہ میں انسانی امداد کی بندش کے خلاف عملی کارروائی ضروری ہے۔