کاپ
31 کے پانچویں روز موسمیاتی مالی معاونت کا معاملہ مذاکرات کا مرکزی موضوع رہا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے خبردار
کیا کہ ترقی پذیر اور موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثرہ ممالک کو دیے جانے والے
وسائل تین گنا بڑھا دیے جائیں تو تب بھی ان کی ضروریات کا ایک تہائی سے کم ہی پورا
ہو سکے گا۔
کانفرنس کے پانچویں دن کی جھلکیاں
1۔ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری کانفرنس میں سیکرٹری جنرل نے عالمی
مالیاتی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا، جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ
کمزور اور ترقی پذیر ممالک کی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہے۔ ابھرتی ہوئی
معیشتوں کے لیے موسمیاتی اقدامات میں مدد دینے کی غرض سے 10 ارب ڈالر کے نئے منصوبے کا اعلان کیاگیا۔
2۔اقوام متحدہ کے ماہرین نے قدرتی آفات سے متاثرہ
آبادیوں، کسانوں اور انشورنس کے جدید طریقوں کے ذریعے انہیں مدد دینے کی اہمیت
اجاگر کی۔
3۔ کانفرنس کی
صدارت نے ممکنہ سیاسی اعلامیے کا پہلا مسودہ پیش کر دیا، تاہم موسمیاتی مالی
معاونت اور معدنی ایندھن کے استعمال کا خاتمہ کرنا اب بھی حل طلب معاملات ہیں۔
موسمیاتی انصاف کا مطالبہ
انطالیہ
میں کانفرنس کی جائے انعقاد اور آبی گزرگاہوں پر دنیا بھر سے آئے مظاہرین موسمیاتی انصاف کا
مطالبہ کرتے نظر آئے جنہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والے جانی و معاشی نقصانات کی داستانیں جذباتی انداز میں
بیان کیں۔ نائجیریا کے ایک سماجی کارکن نے جھیل چاڈ کی مثال دیتے ہوئے سوال اٹھایا
کہ ان کا ملک عالمی سطح پر کاربن کے اخراج کا بہت کم ذمہ دار ہونے کے باوجود
موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے امیر ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ
شرح سود پر قرض لینے پر کیوں مجبور ہے۔ جھیل چاڈ
میں خشک سالی اور پانی کی سطح میں اتار چڑھاؤ نے مقامی آبادیوں کو شدید متاثر کیا ہے اور بہت سے
خاندان بے گھر ہوئے ہیں۔ کانفرنس میں موسمیاتی مالی معاونت پر
ہونے والی گفتگو میں بھی ایسے ہی خدشات سامنے آئے۔ سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا کہ
موسمیاتی آفات کئی دہائیوں کی ترقی کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور کمزور ممالک کو مزید
قرضوں کے بوجھ تلے دبا رہی ہیں۔ اس بحران کے اثرات
صرف ماحولیات تک محدود نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ وسیع ہیں۔ انہوں نے زور
دیا کہ موسمیاتی اقدامات اقوام متحدہ کے کام کا مرکزی حصہ رہنے چاہئیں۔ اس کے لیے
معدنی ایندھن سے چھٹکارا پانا اور ان طاقتور مفادات کو چیلنج کرنا ضروری ہے جو اس
عمل کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرہ ارض کے مستقبل کا فیصلہ ان
لوگوں کی شرائط پر نہیں کیا جا سکتا جو اس کی تباہی سے منافع کما رہے ہیں۔
قرضوں کے جال سے نکلنے کی کوشش
موسمیاتی
تبدیلی سے متاثرہ کمزور ممالک کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مالی وسائل کا انتظام
آسان کام نہیں۔ انتونیو گوتیرش نے بتایا کہ انہوں نے جمعہ کی صبح بین الاقوامی
موسمیاتی فنڈز کے سربراہان سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ مالی معاونت کے حصول
میں حائل ضابطے کی پیچیدگیاں ختم کی جائیں کیونکہ محدود وسائل رکھنے والے ممالک کے
لیے یہ امداد حاصل کرنا خاص طور پر مشکل ہے۔ انہوں نے عالمی مالیاتی نظام کی
منصفانہ حیثیت پر بھی سوال اٹھایا جسے دوسری جنگ عظیم کے بعد تشکیل دیا گیا تھا جب بہت
سے ترقی پذیر ممالک کا اس کے خدوخال طے کرنے میں کوئی کردار نہیں تھا۔ ان کا کہنا
تھا کہ اس نظام میں اصلاحات سے مزید مالی وسائل حاصل کرنے کی راہ بھی ہموار ہو
سکتی ہے۔ مثال کے طور پر کسی ترقیاتی بینک کے سرمائے میں لگایا گیا ایک ڈالر آٹھ
سے دس ڈالر تک کی مالی معاونت پیدا کر سکتا ہے، جبکہ مالی ضمانتوں کے زیادہ
استعمال سے نجی سرمایہ کاری بھی متوجہ کی جا سکتی ہے۔
10 ارب ڈالر
کی موسمیاتی سرمایہ کاری
وزارتی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے کے سربراہ سائمن سٹیئل (Simon Stiell) نے موجودہ صورت حال کے نتائج سے خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ترقی پذیر ممالک قرضوں،
قدرتی آفات اور سرمایہ حاصل کرنے کی انتہائی بلند لاگت کے نہ ختم ہونے والے چکر
میں پھنسے ہوئے ہیں۔ موسمیاتی مالی معاونت کا مقصد انہیں اس دلدل سے نکالنا ہونا
چاہیے۔ موجودہ معاہدوں کے تحت ترقی
یافتہ ممالک سے توقع ہے کہ وہ 2035 تک ترقی پذیر ممالک کے لیے سالانہ کم از کم 300
ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کریں گے۔ یہ رقم عالمی
سطح پر سالانہ 1.3 کھرب ڈالر کی وسیع تر معاونت کے ہدف کا حصہ ہے۔ تاہم، کاپ میں پیش کیے گئے ایک جائزے کے مطابق
موجودہ رجحانات برقرار رہے تو سالانہ موسمیاتی مالی معاونت مقررہ بڑے ہدف سے 840
ارب ڈالر کم رہ سکتی ہے۔ اس
فرق کو پورا کرنے کے لیے جمعہ کو نئی کوششیں بھی سامنے آئیں۔ برطانیہ، ناروے اور کینیڈا کے ترقیاتی
مالیاتی اداروں نے 2030 تک ترقی پذیر معیشتوں میں موسمیاتی منصوبوں کے لیے 10 ارب
ڈالر کی سرمایہ کاری شروع کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔
قدرتی آفات اور روزگار کا تحفظ
اقوام
متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت(ایف اے او) سے وابستہ کاوے زاہدی نے یو این نیوز کو
بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ترقیاتی مالی معاونت کا صرف تقریباً پانچ فیصد
زراعت کے شعبے کو ملتا ہے اور یہ حصہ بھی مسلسل کم ہو رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈھلنے کے لیے سرمایہ
کاری سے کسانوں کو بنجر اور متاثرہ زمین بحال کرنے، پانی کا بہتر استعمال یقینی
بنانے اور ایسی فصلیں اگانے میں مدد مل سکتی ہے جو خشک سالی اور سیلاب کا مقابلہ
کر سکیں۔ موسم کی بڑھتی ہوئی غیر یقینی
صورتحال اور ال نینو جیسے عوامل بھی غذائی پیداوار کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔ سب سے
بڑا خطرہ زراعت میں سرمایہ کاری نہ کرنا ہے، کیونکہ اس صورت میں غذائی عدم تحفظ
اور بھوک میں اضافے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
انشورنس کا جدید طریقہ
اقوام
متحدہ کی یونیورسٹی کے شعبہ ماحولیات و انسانی تحفط سے وابستہ سنجا بوری نے بتایا
کہ کسی کسان کو مدد ملنے میں جتنی زیادہ تاخیر ہوگی، اس کی بحالی میں بھی اتنا ہی
زیادہ وقت لگے گا اور اخراجات بھی بڑھ جائیں گے۔ بہتر تیاری کے باوجود بعض قدرتی
آفات کو روکنا ممکن نہیں ہوتا۔ ایسی صورت میں آفت کے بعد متاثرین تک مالی امداد
کتنی جلد پہنچتی ہے، اس کا ان کی بحالی میں فیصلہ کن کردار ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، فجی کے ایک کسان کا تصور کریں جس
کے کھیت سمندری طوفان کی زد میں آ کر تباہ ہو گئے ہیں۔ فصلیں برباد ہو چکی ہیں،
لیکن اخراجات بدستور موجود ہیں اور اگلی فصل کی کٹائی میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں۔ ان حالات میں انشورنس کا ایک جدید طریقہ کسانوں کو
نقصان کا طویل جائزہ لیے جانے کا انتظار کیے بغیر مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔ اسے پیرامیٹرک انشورنس کہا جاتا
ہے جس کے تحت ہوا کی رفتار یا بارش کی مقدار جیسی پہلے سے طے شدہ شرائط پوری ہونے
پر متاثرہ افراد کو ادائیگی کر دی جاتی ہے۔ یہ پروگرام بحرالکاہل کے آٹھ ممالک میں جاری ہے اور
اب تک ہزاروں نہیں افراد اس سے مستفید ہو چکے ہیں۔
سیکرٹری جنرل کو جذباتی الوداع
کاپ
31 میں موسمیاتی انصاف کے لیے جاری احتجاج کی گونج کانفرنس کے مرکزی ہال تک بھی
پہنچی جہاں سول سوسائٹی کے نمائندے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس
کو ان کی آخری کاپ کے موقع پر الوداع کہنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ شرکا نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران انتونیو
گوتیرش ان کے لیے موسمیاتی انصاف کے سب سے بڑے حامی اور بہترین ترجمان رہے ہیں۔ اس
موقع پر انہیں 'آلودگی پھیلانے والوں سے قیمت وصول کرنے' کا ایوارڈ دیا گیا۔ شرکا
نے کھڑے ہو کر جذباتی انداز میں انہیں خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل کی کسی کاپ
میں غیر سرکاری تنظیم کے نمائندے کی حیثیت سے شرکت کی دعوت بھی دی۔ یہ تقریب جلد ہی موسمیاتی احتجاج کے روایتی رنگ میں
ڈھل گئی۔ ہال میں 'آلودگی پھیلانے والوں سے قیمت وصول کرو' کے نعرے گونجنے لگے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے کہا کہ معدنی ایندھن کی
کمپنیاں غیر معمولی منافع کما رہی ہیں جن کے منافع پر ٹیکس عائد کیا جانا چاہیے
تاکہ ان لوگوں کی مدد کی جا سکے جو ایسے بحران سے متاثر ہو رہے ہیں جسے پیدا کرنے
میں ان کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں
نے خبردار کیا کہ اس معاملے میں طاقتور لابیوں اور ان قوتوں کا سامنا ہے جو
حکومتوں پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے موسمیاتی کارکنوں پر زور دیا کہ
وہ بھی اپنا دباؤ برقرار رکھیں۔
مذاکرات کی
اندرونی کہانی
کاپ میں رکن ممالک کے درمیان اس بات پر اختلاف برقرار ہے کہ 2035 تک
مالی معاونت تین گنا بڑھانے کے ہدف پر پیش رفت کیسے جانچی جائے اور اس کے لیے کون
سا بنیادی سال مقرر کیا جائے۔ ترقی
پذیر ممالک امیر ملکوں سے مضبوط مالی وعدوں کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ بعض ممالک
نجی سرمایہ کاری شروع کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ مذاکرات
کار متاثرہ اور کمزور آبادیوں کے لیے قابل بھروسہ مالی معاونت اور امداد کے طریقہ
کار پر تاحال متفق نہیں ہو سکے۔