Politics
ایرانی جلاوطن صحافیوں کو اب بھی حکومتی جبر کا سامنا
ستمبر کے اواخر میں ایرانی عدلیہ نے کہا کہ اس نے ان افراد کے اثاثے ضبط کر لیے ہیں جن پر''دشمن حکومتوں کے ساتھ تعاون‘‘ کا الزام ہے۔
- Reading time
- 6 منٹ کا مطالعہ
- اشاعت
- 13 نومبر، 2026، 7:23 PM

Politics
ستمبر کے اواخر میں ایرانی عدلیہ نے کہا کہ اس نے ان افراد کے اثاثے ضبط کر لیے ہیں جن پر''دشمن حکومتوں کے ساتھ تعاون‘‘ کا الزام ہے۔

ستمبر کے اواخر میں ایرانی عدلیہ نے کہا کہ اس نے ان افراد کے اثاثے ضبط کر لیے ہیں جن پر''دشمن حکومتوں کے ساتھ تعاون‘‘ کا الزام ہے۔ یہ اقدام اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت بیرون ملک مقیم تقریباً 400 افراد، جن میں صحافی، کارکن، فنکار اور کھلاڑی شامل ہیں، کے اثاثے ضبط کیے جاتے ہیں۔ جلاوطن آزاد صحافی امیر سلطان زادہ، (Amir Sultan Zadeh) جو کبھی جرمنی کے بین الاقوامی نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے لیے بھی کام کرتے ہیں، کہتے ہیں، ''ایران میں میرے والدین کے گھر میری واحد ملکیت ایک کتابوں کی الماری ہے۔‘‘
انہیں معلوم ہوا کہ ان کا نام حکومت کی ایک فہرست میں شامل ہے، جسے ایرانی سرکاری میڈیا نے ''وطن کے غداروں‘‘ کا نام دے رکھا ہے اور ان کے اثاثے ضبط کیے جانے تھے۔ اس سال کے آغاز میں ایک آن لائن پوسٹ میں انہوں نے اپنی کتابوں کے ذخیرے کی تصویر شائع کرتے ہوئے لکھا، ''ایران میں میری واحد ملکیت یہ لائبریری ہے۔ اگر آپ کو کتابیں پڑھنے کا شوق ہے تو آئیے، انہیں بھی ضبط کر لیجیے۔‘‘
سلطان زادہ نے بتایا کہ ایران میں ان کا بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کر دیا گیا۔ اس میں تقریباً 555 ڈالر کے مساوی رقم موجود تھی، جسے وہ خاص مواقع پر اپنے اہل خانہ کے لیے تحائف اور پھول خریدنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں غدار قرار دے کر فہرست میں شامل کرنا ''ناانصافی‘‘ ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا، ''میں نے ایران کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا۔ میں نے جو بھی موقف اختیار کیا، اس کا بنیادی مقصد ایران کے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانا تھا۔ ‘‘ان کے مطابق، صحافتی کام کی وجہ سے ان کے بعض رشتہ داروں نے ان کے خاندان سے تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔ سلطان زادہ نے کہا، ''جب لوگ بیرون ملک کام کرنے والے کسی صحافی کے بارے میں سنتے ہیں تو حکومت کے بیانیے کو اپنانے والے بعض افراد خود بخود اسے جاسوس سمجھنے لگتے ہیں۔ ان کے نزدیک صحافی ایسا شخص ہوتا ہے جسے معلومات جمع کرنے کے لیے معاوضہ دیا جاتا ہے۔ ‘‘جلاوطن صحافی کے مطابق، یہ دباؤ بالآخر ان کے والد کے کام کی جگہ تک بھی پہنچ گیا۔ انہوں نے کہا، ''میرے والد نے میری وجہ سے اپنی ملازمت کھو دی۔ اور میری وجہ سے میری والدہ مسلسل پریشان رہتی ہیں۔ ہر مرتبہ فون کی گھنٹی بجنے پر انہیں سوچنا پڑتا ہے کہ دوسری طرف کون ہے۔‘‘ سلطان زادہ نے اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے کئی ماہ تک ان سے براہ راست رابطہ بھی منقطع رکھا اور صرف ایک واسطے کے ذریعے بات چیت کی۔
آزاد صحافیوں کے خلاف دباؤ اسلامی جمہوریہ ایران میں بار بار دہرائے جانے والے سلسلے کا حصہ ہے۔ سیاسی کشیدگی کے دوران مغربی میڈیا اداروں اور صحافیوں کو اکثر سی آئی اے یا موساد جیسی دشمن خفیہ ایجنسیوں کے ایجنٹ یا تخریبی پروپیگنڈا پھیلانے والے قرار دیا جاتا ہے۔ حکام کے پاس صحافیوں کی جاسوسی کے لیے متعدد ذرائع موجود ہیں، جن میں ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرنا اور گفتگو کو ریکارڈ کرنا شامل ہے۔ بعد ازاں ان معلومات کو ایران کے اندر ان کے رابطوں کے خلاف ثبوت کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ایران میں مقیم ایک صحافی، جس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی، کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد، ریاستی سزائے موت اور مظاہرین کے ساتھ سلوک پر رپورٹنگ کرنا بڑے خطرات اور پابندیوں کا باعث بنتا ہے۔ صحافی نے کہا، ''صحافی انتہائی محدود اور سنسر شدہ انداز میں ہی لکھ سکتے ہیں۔ اپنی رپورٹوں میں انہیں حکومت کے سرکاری بیانیے کی پیروی کرنا ہوتی ہے۔‘‘ ایران میں کام کرنے والے صحافیوں کو اپنی تحریروں کے ممکنہ قانونی نتائج کو مدنظر رکھنا پڑتا ہے۔ اس کے نتیجے میں آزادانہ تحقیق کرنے، ذرائع سے رابطے برقرار رکھنے اور حساس موضوعات پر کام کرنے کی ان کی صلاحیت محدود ہو جاتی ہے۔ تاہم، گزشتہ چار دہائیوں کے دوران پریس قانون میں کئی مرتبہ ترامیم کی گئیں اور اس کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔اس قانون کے تحت میڈیا کے پیشہ ور افراد پر لازم ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ کو خطرے میں نہ ڈالیں، مذہبی رہنماؤں یا سپریم لیڈر کی توہین نہ کریں اور غلط معلومات نشر نہ کریں۔ ان دفعات کی وسیع اور مبہم زبان حکام کو میڈیا کے کام میں مداخلت کے لیے کافی گنجائش فراہم کرتی ہے۔
مسلسل دباؤ اور حکام کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے خطرے کے باعث بہت سے صحافیوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ آزاد صحافی امید بارین، (Omid Barin) جو کبھی کبھار ڈی ڈبلیو کے لیے بھی کام کرتے ہیں، کہتے ہیں، ''اپنی صحافتی سرگرمیوں کی وجہ سے مجھے جلاوطنی اختیار کرنا پڑی۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دباؤ نے ''یقیناً مجھے ملک کے اندر اپنے ذرائع سے رابطے کے معاملے میں زیادہ محتاط اور حساس بنا دیا ہے، تاکہ انہیں خطرے میں ڈالنے سے بچایا جا سکے۔‘‘ بارین (Omid Barin) اپنے خلاف دھمکیوں کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ ایسا کرنے سے ان کے قریبی افراد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تاہم، ان کا کہنا ہے کہ ان دھمکیوں کا بنیادی پیغام واضح ہے، ایران میں کوئی شخص چاہتا ہے کہ وہ یا تو صحافت ترک کر دیں یا حساس موضوعات سے دور رہیں۔