جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں معاونت کے لیے 43
لاکھ ڈالر کی نئی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے 2027ء کی انسدادِ پولیو
مہمات کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں خریدی جائیں گی۔ جاپانی
حکومت کی یہ مالی معاونت پاکستان میں پولیو وائرس کی منتقلی روکنے اور بچوں کو اس
موذی مرض سے محفوظ رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ پاکستان دنیا کے ان 2 ممالک میں شامل
ہے جہاں اب بھی وائلڈ پولیو وائرس کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ملک میں گزشتہ
برسوں کے دوران پولیو کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 2024 میں پولیو کے 74 کیسز سامنے آئے
تھے، جو 2025 میں کم ہو کر 31 رہ گئے، جبکہ 2026 میں اب تک 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ان میں سے 6 کیسز جنوبی خیبر پختونخوا سے سامنے آئے، جہاں بدامنی اور رسائی میں
مشکلات کے باعث بچوں تک ویکسین پہنچانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ پولیو وائرس کی مسلسل
موجودگی کے پیش نظر حکومت پاکستان نے عالمی شراکت داروں کے تعاون سے روڈ میپ ٹو
زیرو کے تحت قومی ہنگامی لائحہ عمل 27-2026 تیار کیا ہے، جس کا مقصد 2027 کے
اختتام تک ملک سے پولیو وائرس کی منتقلی کا خاتمہ کرنا ہے۔ انسدادِ پولیو کی ہر
ملک گیر مہم میں پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین پلانے
کا ہدف مقرر کیا جاتا ہے، جس کے لیے 4 لاکھ سے زیادہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز خدمات
انجام دیتے ہیں۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے جاپان
کی نئی گرانٹ کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پولیو وائرس کے خاتمے
کے لیے اپنی کوششیں تیز کر رہا ہے اور اس موقع پر جاپان کی معاونت انتہائی اہمیت
رکھتی ہے۔ ان کے مطابق ویکسین کی ہر خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے
ہدف کے قریب لے جائے گی۔
پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی (AKAMATSU Shuichi) نے کہا کہ ان کا ملک
1996 سے پاکستان کی انسدادِ پولیو کوششوں میں مسلسل تعاون کر رہا ہے، نئی گرانٹ
گزشتہ سال کے مقابلے میں بڑھائی گئی ہے، جو پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کے مشترکہ
عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے 2027 کے اختتام تک اس ہدف کے حصول کے لیے پاکستان کی
کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ پاکستان میں جائیکا کے چیف نمائندے
یوسوکے شینوزاکی (Yusuke
Shinozaki) اور یونیسف کی نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ (Pernille Ironside)
نے بھی جاپان کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام بچوں تک ویکسین کی رسائی یقینی
بنانا پولیو کے خاتمے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ جاپان 1996 سے اب
تک یونیسف کے ذریعے پاکستان کو انسدادِ پولیو پروگرام کے لیے گرانٹس اور قرضوں کی
مد میں 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے زائد فراہم کر چکا ہے۔