شمالی کوریا نے 1948 میں قیام
کے بعد پہلی مرتبہ اپنے قومی پرچم کے سائز اور تناسب میں تبدیلی کردی ہے، تاہم
پرچم کے بنیادی ڈیزائن اور رنگوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔ جنوبی کوریا کی خبر رساں
ایجنسی یونہاپ (Yonhap) کے
مطابق شمالی کوریا کے سرکاری پروپیگنڈا ویب پورٹل ’نینارا‘(propaganda
website, Naenara) پر
شائع ہونے والے نئے آئین میں قومی پرچم سے متعلق ترمیم کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ نئے
آئین کے آرٹیکل 166 کے تحت پرچم کی اونچائی اور چوڑائی کا تناسب ایک اور 1.65 مقرر
کیا گیا ہے، جبکہ پہلے یہ تناسب ایک اور 2 تھا۔ اس تبدیلی کے بعد پرچم پہلے کے
مقابلے میں نسبتاً کم لمبا اور زیادہ چوڑا دکھائی دے گا۔ نئے تناسب کے باوجود پرچم
کے روایتی رنگ اور ڈیزائن برقرار رکھے گئے ہیں۔ اس کے درمیان چوڑی سرخ پٹی، دونوں
اطراف باریک سفید اور نیلی پٹیاں جبکہ سرخ پٹی کے بائیں جانب سفید دائرے میں سرخ
پانچ کونوں والا ستارہ موجود ہے۔ ماہرین کے مطابق پرچم کے تناسب میں تبدیلی شمالی
کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی جانب سے ملک کی نئی قومی شناخت اور اپنی طرز
حکمرانی کو نمایاں کرنے کی کوششوں کا حصہ ہوسکتی ہے۔