امریکا کی ایک وفاقی عدالت میں جیوری نے چین کی معروف ٹیلی کمیونی
کیشنز کمپنی ہواوے کو ایران میں کاروباری سرگرمیاں چھپانے، بینکوں کو گمراہ کرنے
اور امریکی کمپنیوں کے تجارتی راز چرانے سمیت 12 میں سے 10 فوجداری الزامات میں
مجرم قرار دیدیا ہے۔
چینی کمپنی نے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بروکلین کی وفاقی عدالت میں منگل کو سنائے گئے
فیصلے میں ہواوے کو بینک فراڈ، الیکٹرانک ذرائع سے دھوکا دہی، امریکی پابندیوں کی
خلاف ورزی اور تجارتی راز چرانے کی سازش کے الزامات میں قصوروار ٹھہرایا گیا۔ تاہم جیوری نے انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور
منظم مجرمانہ سرگرمیوں کی سازش کے الزامات میں کمپنی کو بری کردیا۔ ہواوے کے خلاف فوجداری مقدمہ 2018 میں شروع ہوا
تھا، جس کے بعد 2019 میں امریکی حکومت نے کمپنی کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کردیا
تھا۔ اس اقدام کے نتیجے میں امریکی
ٹیکنالوجی اور مصنوعات تک ہواوے کی رسائی محدود ہوگئی تھی، واشنگٹن نے کمپنی پر
قومی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرنے کے خدشات بھی ظاہر کیے تھے۔ مقدمے کی سماعت 2 ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہی، جس
میں استغاثہ نے 60 سے زیادہ گواہ پیش کیے، جبکہ دفاع کی جانب سے 15 گواہوں کے
بیانات ریکارڈ کرائے گئے۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج این ڈونلی (Ann
Donnelly) 14
ستمبر 2027 کو کمپنی کو سزا سنائیں گی، تاہم ممکنہ جرمانے اور دیگر سزاؤں کی
تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ ہواوے
کے وکیل برائن ہیبرلگ (Brian Heberlig) نے
فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی اس کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ منظم مجرمانہ سرگرمیوں کی سازش
کے الزام سے بری ہونا کمپنی کے قوانین کی نیک نیتی سے پابندی کرنے کے مؤقف کی
تائید کرتا ہے۔ امریکی
استغاثہ کے مطابق ہواوے نے ایران میں اپنے کاروباری معاملات بینکوں سے چھپائے اور
امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تجارتی راز حاصل کرنے کی کوشش کی۔ ان میں سسکو سسٹمز کا روٹرز سے متعلق سورس کوڈ،
کوئنٹل کی اینٹینا ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹر کمپنی سی این ای ایکس کے سرکٹ بورڈ
تک رسائی کے الزامات شامل ہیں۔ مقدمے
کے دوران جیوری کو ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں مبینہ طور پر ہواوے کا ایک
ملازم ٹی موبائل کے ٹیسٹنگ روبوٹ کا حصہ اپنے بیگ میں چھپاتا نظر آیا۔ دفاع نے مؤقف اختیار کیا کہ بینکوں کو ایران میں
کمپنی کے کاروبار کا علم تھا اور وہ خود بھی ہواوے کے ساتھ کاروباری تعلقات برقرار
رکھنے کے خواہاں تھے۔
اس مقدمے کا تعلق کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر مینگ وانژو (Meng
Wanzhou) کے معاملے سے بھی ہے، جنہیں دسمبر 2018 میں امریکی وارنٹ پر کینیڈا
میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان
پر الزام تھا کہ انہوں نے ایچ ایس بی سی بینک کے ایک عہدیدار کو ایران میں ہواوے
کی سرگرمیوں سے متعلق گمراہ کیا۔ تقریباً
3 سال کی قانونی جدوجہد کے بعد انہوں نے مؤخر استغاثہ کے معاہدے پر اتفاق کیا اور
چین واپس آگئیں، جس کے بعد ان کے خلاف الزامات ختم کردیے گئے۔ امریکی حکام کے مطابق ہواوے نے ایچ ایس بی سی،
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اور بی این پی پریباس کو بھی ایران میں اپنے کاروبار کے بارے میں
درست معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔ واضح
رہے کہ ہواوے دنیا کے تقریباً 170 ممالک میں کاروبار کرتی ہے اور اس کے ملازمین کی
تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہے۔ ماہرین
کے مطابق امریکی پابندیوں کے باوجود کمپنی نے اپنے کاروبار کو وسعت دی ہے اور چین
کی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔