اکتوبر کے انتخابات کے بعد اسرائیل کی اگلی حکومت تشکیل دینے کی
کوششوں کے تحت گادی آئزن کوٹ کی جماعت ‘یشار’ نے دائیں بازو کی اپوزیشن جماعت کے
ساتھ اتحاد کا اعلان کیا ہے۔ یشار پارٹی نے منگل کے روز بتایا کہ ایویگڈور
لائبرمین کی زیرِ قیادت جماعت ‘یسرائیل بیتینو’ (Yisrael Beiteinu) کے
ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں نے اتحادی معاہدے پر دستخط کرنے پر
اتفاق کر لیا ہے۔ حالیہ انتخابات کے بعد اپنی نوعیت کا یہ پہلا سیاسی اتحاد ہے۔ یاد رہے کہ کسی بھی جماعت کے 61 نشستوں کی سادہ
اکثریت حاصل کرنے میں ناکامی کے باعث اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) نے 10 نومبر کو
نئی حکومت کے قیام کے بغیر ہی حلف اٹھا لیا تھا۔ صدر اسحاق ہرزوگ نے آئزن کوٹ کو
حکومت بنانے کی دعوت دی تھی، جبکہ 27 اکتوبر کے انتخابات میں پارلیمانی اکثریت کھو
دینے کے باوجود بنجمن نیتن یاہو فی الحال نگراں وزیراعظم کے طور پر فرائض انجام دے
رہے ہیں۔ 28 روزہ آئینی
مدت کے تحت آئزن کوٹ کے پاس حکومت سازی کے لیے 6 دسمبر تک کا وقت ہے، تاہم وہ اس
میں 14 روز کی توسیع کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔ اگر آئزن کوٹ حکومت بنانے میں
ناکام رہتے ہیں تو یہ موقع نیتن یاہو کو دیا جائے گا، اور اگر کوئی بھی رہنما
اکثریت ثابت نہ کر سکا تو آئندہ برس ملک میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے۔
عرب جماعتوں کا کردار اور سیاسی مساوات
پارلیمنٹ میں 21 نشستیں جیتنے والے آئزن کوٹ اور 7 نشستوں کے حامل
لائبرمین کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ غیر متوقع قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ
لائبرمین ماضی میں عرب جماعتوں کی حمایت سے حکومت بنانے اور نیتن یاہو کے ساتھ
قومی اتحاد کی حکومت میں شامل ہونے کی کھل کر مخالفت کرتے رہے ہیں۔ لائبرمین اس سے
قبل نیتن یاہو کی حکومت میں وزیرِ خارجہ رہ چکے ہیں تاہم اب وہ ان کے شدید ناقدین
میں شمار ہوتے ہیں۔ انتخابات
میں نیتن یاہو کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ، انتہائی دائیں بازو اور کٹر مذہبی
جماعتوں کے اتحاد نے توقعات سے بہتر کارکردگی دکھائی، لیکن اس کے باوجود وہ اکثریت
کھو بیٹھا اور 120 رکنی ایوان میں محض 53 نشستوں تک محدود رہا۔ دوسری جانب آئزن
کوٹ کی وسطی دائیں بازو کی جماعت یشار اور لائبرمین سمیت ان کے متفرق اتحادیوں کے
پاس مجموعی طور پر صرف 48 نشستیں ہیں۔ تاہم، انہیں اسرائیل کی عرب اقلیت کی
نمائندگی کرنے والی جماعتوں کی صورت میں ممکنہ اتحادی میسر ہیں، جن کے پاس 19
نشستیں ہیں اور وہ نیتن یاہو کی شدید مخالفت میں آئزن کوٹ کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔
دریں اثنا، قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل کے لیے آئزن کوٹ، ان کے
’تبدیلی بلاک‘ کے چند اتحادیوں اور نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کے درمیان بھی
مذاکرات جاری ہیں۔ اس پیشرفت کے ردعمل میں بائیں بازو کی ڈیموکریٹس پارٹی نے، جس
نے پارلیمنٹ میں 8 نشستیں جیتی ہیں، آئزن کوٹ کے ساتھ بات چیت معطل کرنے کا اعلان
کیا ہے۔ ڈیموکریٹس کے سربراہ یائر گولان کا کہنا ہے کہ وہ نیتن یاہو کے بغیر، مگر
عرب جماعتوں کی شمولیت کے ساتھ حکومت کے قیام کو ترجیح دیتے ہے۔