امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے
خلاف اسرائیل کے ساتھ مل کر نئے فوجی حملے کے امکان پر غور کر رہے ہیں، حالانکہ
انہوں نے گزشتہ ہفتے ایران پر بڑے پیمانے پر نئے حملوں کو ’انتہائی غیر ممکن‘ قرار
دیا تھا۔ امریکی خبر رساں ادارے ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس اس حوالے سے
مختلف فوجی آپشنز اور ایران کے ممکنہ ردعمل کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ اسرائیل
ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کے لیے امریکا پر زور دے رہا ہے۔ امریکی صدر
کے اس معاملے پر فیصلے میں ان کے ایشیا کے دورے سے واپسی کے بعد تیزی آنے کا امکان
ہے۔ مجوزہ فوجی کارروائی میں اسرائیل بھی شریک ہو سکتا ہے، جبکہ ممکنہ اہداف میں
ایران کی مشتبہ جوہری تنصیبات، بشمول پِک ایکس ماؤنٹین، پل، بجلی گھر اور ایرانی
فوجی و سول قیادت شامل ہو سکتی ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ نے بدھ کو عندیہ دیا تھا کہ
ایران پر فوری حملے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان
کا کہنا تھا کہ نئے سال کے بعد یکم جنوری سے آگے کی صورت حال دیکھی جائے گی۔ انہوں
نے ایران کے حکمرانوں کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ ایران کے خلاف
دوبارہ فوجی کارروائی کے معاملے پر صدر ٹرمپ کو مختلف حلقوں کی جانب سے دباؤ کا
سامنا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو چاہتے ہیں کہ امریکا جلد از جلد
ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرے۔ نیتن یاہو کو اندرون ملک سیاسی مشکلات اور
اپنی سیاسی بقا کے حوالے سے بھی چیلنجز درپیش ہیں۔
دوسری جانب خلیجی ممالک کے
رہنما ایران کے ممکنہ جوابی حملوں کے خدشے کے باعث امریکا کو فوجی کارروائی سے باز
رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ جنگ دوبارہ شروع کرنے کے بجائے ایران
پر معاشی دباؤ مزید بڑھایا جائے، کیونکہ کسی بڑے حملے کی صورت میں خطے کے تیل اور
گیس کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ امریکی قومی سلامتی کی ٹیم میں
بھی اس معاملے پر مکمل اتفاق رائے نہیں ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سمیت بعض
حکام فوجی کارروائی کے حامی ہیں، جبکہ صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کے دیگر ارکان خلیجی
ممالک کے خدشات کو بھی اہمیت دے رہے ہیں۔ اس کے باوجود امریکی صدر بار بار ایران
کے خلاف حملوں کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ صدر ٹرمپ
اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق ایران کے خلاف امریکی معاشی دباؤ کی مہم مؤثر
ثابت ہو رہی ہے اور اس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی ضرورت باقی
نہیں رہتی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے پاس ایران کو جوہری ہتھیار حاصل
کرنے سے روکنے کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے پینٹاگون اور
انٹیلی جنس حکام سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے مختلف منصوبوں پر
تفصیلی جائزہ بھی طلب کیا ہے۔ دو باخبر ذرائع کے مطابق امریکی حکام یہ جاننا چاہتے
ہیں کہ ہر ممکنہ حملے کے جواب میں ایران کیا اقدامات کر سکتا ہے اور آیا کوئی ایسا
فوجی آپشن موجود ہے جس سے خلیجی ممالک کی تیل اور گیس کی تنصیبات پر تباہ کن
ایرانی جوابی حملے کا خطرہ کم کیا جا سکے۔ اس معاملے میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی
موساد کے سربراہ رومن گوفمین (Roman Gofman) کے
حالیہ دورہ امریکا کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ گوفمین (Roman Gofman) نے
گزشتہ ہفتے واشنگٹن اور میامی میں امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے
ڈائریکٹر جان ریٹکلف (John
Ratcliffe) اور
وائٹ ہاؤس کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف (Steve Witkoff) سے
ملاقاتیں کیں۔
ایک اسرائیلی ذرائع نے بتایا کہ
وزیراعظم نیتن یاہو نے گوفمین (Roman
Gofman) کو
اس مقصد کے لیے امریکا بھیجا تھا کہ وہ ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے
امریکی قیادت کو قائل کریں۔ ملاقاتوں کے دوران موساد کے سربراہ نے ایران کی جانب
سے کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق سرگرمیوں پر بھی اسرائیل کے تحفظات سے آگاہ
کیا۔ امریکی اور اسرائیلی ذرائع کے
مطابق اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس کے پاس ایسی انٹیلی جنس معلومات موجود ہیں جن سے
ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے کیمیائی ہتھیاروں کی تحقیق اور تیاری کے کام میں اضافہ
کیا ہے اور اس سلسلے میں تجربات بھی کیے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ
کو ان نئی انٹیلی جنس معلومات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ صدر
ٹرمپ نے بھی فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ایران اب کیمیائی اور حیاتیاتی
ہتھیاروں سے متعلق تحقیق پر توجہ دے رہا ہے، کیونکہ جوہری پروگرام کے معاملے میں
اس کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران گیس اور حیاتیاتی
ہتھیاروں کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے، جو اچھی بات نہیں۔