امریکی
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی ہفتوں کی قیاس آرائیوں کے بعد وائٹ ہاؤس کی نئی پریس
سیکریٹری کے طور پر کیٹی زاکاریا کو نامزد کر دیا ہے، جو سابق ترجمان کیرولائن
لیویٹ کی جگہ لیں گی۔ کیٹی زاکاریا اس وقت
ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ میں سینئر کمیونیکیشنز ایڈوائزر کے طور پر کام کر
رہی ہیں۔ یہ وہی کمپنی ہے جو ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کو چلاتی
ہے۔ ٹرمپ نے جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اعلان کرتے ہوئے زاکاریا
کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اپنے موجودہ عہدے پر بہترین کارکردگی دکھا چکی ہیں۔
زاکاریا نے بھی تقرری
پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام تک انتظامیہ کی کارکردگی اور
کامیابیوں کو پہنچانا ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔ انھوں نے وائٹ ہاؤس کے صحافیوں
اور ملک بھر کے رپورٹرز کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ زاکاریا
صدر ٹرمپ کی سیاسی مہمات میں بھی کام کر چکی ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق انھوں نے اہم
انتخابی ریاستوں میں ان کی مہم کے لیے خدمات انجام دیں۔ وہ فاکس نیوز اور نیوز
میکس سمیت مختلف ٹی وی چینلز پر سیاسی تبصرے بھی کرتی رہی ہیں۔ کیٹی زاکاریا اس سے
قبل محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی ترجمان کے طور پر بھی مختصر عرصے کے لیے خدمات
انجام دے چکی ہیں۔ٹ ٹرمپ نے ان کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے انھیں اپنی سیاسی
تحریک ’میک امریکا گریٹ اگین‘ (میگا) کی حامی قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ وہ
بطور پریس سیکریٹری مؤثر کردار ادا کریں گی۔
زاکاریا سابق وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولائن لیویٹ
کی جگہ سنبھالیں گی، جنھوں نے اگست میں عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ لیویٹ نے اپنے بچوں کے
ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے لیے وائٹ ہاؤس سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ لیویٹ
کے جانے کے بعد انتظامیہ نے مستقل ترجمان کی عدم موجودگی میں مختلف اعلیٰ حکام کو
صحافیوں کے سوالات کے جواب دینے کے لیے آگے کیا۔
زاکاریا نے اپنی تقرری
پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لیویٹ نے اپنے کام کے لیے ایک بلند معیار قائم کیا ہے
اور وہ اس معیار پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی۔
سابق وائٹ ہاؤس پریس
سیکریٹری شان اسپائسر نے بھی زاکاریا کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ میگا تحریک اور
’امریکا فرسٹ‘ پالیسیوں کی مؤثر حامی رہی ہیں اور انھیں صدر کا اعتماد حاصل ہے۔