Asia Pacific
جاپان کا حیران کن انٹرچینج، 12 راستوں کو ملانے والا منفرد پل
ٹریفک اوور پاس اور انٹرچینج تو دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھنے کو ملتے ہیں،
- Reading time
- 3 منٹ کا مطالعہ
- اشاعت
- 5 اکتوبر، 2026، 2:54 AM

Asia Pacific
ٹریفک اوور پاس اور انٹرچینج تو دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھنے کو ملتے ہیں،

ٹریفک اوور پاس اور انٹرچینج تو دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھنے کو ملتے ہیں، جاپان میں قائم ایک منفرد انٹرچینج اپنی پیچیدہ ساخت اور غیر معمولی ڈیزائن کے باعث دیکھنے والوں کو حیران کردیتا ہے۔
جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں واقع تاکاؤسان ہائی وے انٹرچینج کو دیکھ کر اکثر افراد پہلی نظر میں اسے کسی کمپیوٹر سے تیار کی گئی تصویر یا فن پارہ سمجھتے ہیں، یہ انٹرچینج حقیقی ہے اور روزانہ بڑی تعداد میں گاڑیاں اس کے مختلف راستوں سے گزرتی ہیں۔ یہ منفرد انٹرچینج کین او ایکسپریس وے کا حصہ ہے اور اس کا ڈیزائن اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ مختلف سمتوں سے آنے والی گاڑیوں کو متعدد راستوں تک رسائی فراہم کی جاسکے۔ انٹرچینج کا پیچیدہ اور چکر دار ڈیزائن اسے عام شاہراہوں پر موجود انٹرچینجز سے بالکل مختلف بناتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ انٹرچینج 12 مختلف راستوں کی جانب جانے کے لیے راستے فراہم کرتا ہے۔ اس کی ساخت میں متعدد موڑ، بلند و پست راستے اور مختلف سمتوں میں جانے والی سڑکیں شامل ہیں، جس کے باعث دور سے دیکھنے پر یہ کسی جدید تعمیراتی فن پارے جیسا محسوس ہوتا ہے۔ تاکاؤسان ہائی وے انٹرچینج کو پہاڑی علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے۔ علاقے کے قدرتی جغرافیے اور دشوار گزار پہاڑی ساخت کے باعث انجینئرز کو مختلف شاہراہوں کو ایک دوسرے سے ملانے کے لیے غیر معمولی ڈیزائن اختیار کرنا پڑا۔
انٹرچینج کی تعمیر میں اس بات کو بھی مدنظر رکھا گیا کہ پہاڑوں کو بڑے پیمانے پر ہموار یا کاٹا نہ جائے۔ اسی مقصد کے لیے مختلف راستوں کو بلند اور چکر دار انداز میں ایک دوسرے سے جوڑا گیا، جس کے نتیجے میں موجودہ پیچیدہ لیکن مؤثر ساخت وجود میں آئی۔ اس انٹرچینج میں 6 الگ سرنگوں کے داخلی راستے بھی موجود ہیں، جو مختلف سمتوں میں جانے والی شاہراہوں سے منسلک ہیں۔ اس کے پیچیدہ راستے پہلی مرتبہ یہاں سے گزرنے والے ڈرائیورز کے لیے خاصے حیران کن ہوسکتے ہیں، شاہراہ کے نظام کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ترتیب دیا گیا ہے۔
تاکاؤسان انٹرچینج کو 2012 میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ نہ صرف ٹریفک کے لیے اہم راستہ بن چکا ہے بلکہ اپنی منفرد تعمیراتی ساخت کے باعث جاپان کی دلچسپ شاہراہوں میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔ جاپان میں محدود زمینی رقبے اور پہاڑی علاقوں کے باعث شاہراہوں کی تعمیر کے لیے انجینئرنگ کے جدید اور غیر روایتی طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔ تاکاؤسان ہائی وے انٹرچینج اسی طرز کی ایک مثال ہے، جہاں قدرتی ماحول کو کم سے کم نقصان پہنچاتے ہوئے متعدد شاہراہوں کو ایک ہی نظام میں جوڑا گیا ہے۔