سعودی
عرب میں اقامتی، محنت سے متعلق اور سرحدی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف
ملک گیر مہم کے دوران 13 ہزار 889 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ 10 ہزار 431
غیر ملکیوں کو مملکت سے بے دخل کردیا گیا۔ کارروائیاں یکم سے 7 اکتوبر کے دوران
متعلقہ سرکاری اداروں کے اشتراک سے کی گئیں۔
سعودی وزارت داخلہ کی
جانب سے ہفتے کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں 6 ہزار
785 ایسے افراد شامل ہیں جنہوں نے اقامتی قوانین کی خلاف ورزی کی، جبکہ 3 ہزار 710
افراد کو سرحدی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی کے شبہے میں حراست میں لیا گیا۔ اس
کے علاوہ محنت سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 394 افراد کو گرفتار کیا
گیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق
مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ہزار 382 افراد بھی
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے دوران پکڑے گئے۔ ان میں 66 فیصد
ایتھوپیا، 33 فیصد یمن اور ایک فیصد دیگر ممالک کے شہری تھے۔ اسی طرح سعودی عرب سے
غیر قانونی طور پر باہر جانے کی کوشش کرنے والے 34 افراد کو بھی حراست میں لیا
گیا۔ حکام نے بتایا کہ اقامتی اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں پر 33 ہزار 113
غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ ان میں 30 ہزار 438 مرد اور 2 ہزار
675 خواتین شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے جاری کردہ
اعداد و شمار کے مطابق 18 ہزار 947 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے
متعلقہ ممالک کے سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا، جبکہ 4 ہزار 596 افراد کو وطن
واپسی کے انتظامات مکمل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے پاس بھیجا گیا۔ دوسری جانب غیر
قانونی طور پر مملکت میں مقیم افراد کو آمدورفت، رہائش یا ملازمت کی سہولت فراہم
کرنے کے الزام میں 21 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے خبردار کیا
ہے کہ غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے والوں کی مدد کرنا، انہیں ایک مقام
سے دوسرے مقام تک پہنچانا، پناہ دینا یا کسی بھی نوعیت کی سہولت فراہم کرنا سنگین
جرم ہے۔ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو 15 سال تک قید اور 10 لاکھ سعودی ریال تک
جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی افراد کی نقل و حمل کے لیے
استعمال ہونے والی گاڑیاں اور انہیں ٹھہرانے کے لیے استعمال ہونے والی جائیدادیں
بھی ضبط کی جاسکتی ہیں۔
وزارت داخلہ نے شہریوں
اور مملکت میں مقیم افراد پر زور دیا ہے کہ وہ قوانین کی خلاف ورزیوں کی اطلاع
متعلقہ حکام کو دیں۔ مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں ایسی شکایات درج کرانے کے
لیے ہیلپ لائن 911 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔