واشنگٹن: امریکی ایوانِ نمائندگان میں وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے
مواخذے کی کوشش ناکام ہو گئی، ریپبلکن ارکان نے مواخذے سے متعلق قرارداد کے خلاف
ووٹ دے کر پینٹاگون کے سربراہ کو عارضی ریلیف فراہم کر دیا۔ تاہم
آئندہ سال کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ڈیموکریٹس ان کے خلاف دوبارہ مواخذے
کی تحریک پیش کر سکتے ہیں۔ منگل
کو امریکی ایوانِ نمائندگان میں پیش کی گئی طریقہ کار کی قرارداد کے حق میں 211
اور مخالفت میں 204 ووٹ آئے۔ قرارداد میں مواخذے کی 8 دفعات کو ریپبلکن اکثریتی
ایوان کی جوڈیشری کمیٹی کے سپرد کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ مواخذے
کی تحریک پیش کرنے والے ریپبلکن رکن تھامس میسی نے خبردار کیا تھا کہ کمیٹی کو
معاملہ بھیجنے کا مقصد دراصل مواخذے کی کوشش کو ختم کرنا ہے۔ میسی
کو امید تھی کہ ہیگسیتھ کی پالیسیوں سے ناخوش ریپبلکن ارکان بھی ان کا ساتھ دیں
گے، خصوصاً ایران کے خلاف جنگ کی غیر مقبولیت کے باعث، تاہم کسی دوسرے ریپبلکن رکن
نے ان کی حمایت نہیں کی۔
دوسری جانب مواخذے کی حمایت کرنے والے ڈیموکریٹس کے 11 ارکان، جن میں
سابق اسپیکر نینسی پیلوسی بھی شامل تھیں، ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سوشل
میڈیا پر لکھا کہ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ انہوں نے ایران اور وینزویلا سمیت مختلف معاملات پر
وزیر دفاع کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں عظیم امریکی محبِ وطن قرار دیا۔ ایران جنگ پر امریکی عوام کی ناراضی گزشتہ ہفتے وسط
مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کا اہم سبب بنی۔ رائٹرز
اور اِپسوس کے ایک سروے کے مطابق امریکیوں کی اکثریت چاہتی ہے کہ جنوری میں عہدہ
سنبھالنے والی ڈیموکریٹ اکثریتی کانگریس ایران جنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی ہیگسیتھ کی حمایت کرتے ہوئے کہا
کہ معاملہ ایران کا نہیں بلکہ پینٹاگون کی بیوروکریسی کے خلاف ان کی کوششوں کا ہے۔ ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے ہیگسیتھ پر اختیارات
کے ناجائز استعمال، قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور ایران کے خلاف مہنگی و ناکام
جنگ کا ذمہ دار ہونے کے الزامات عائد کیے۔ ہیگسیتھ
نے ان الزامات مسترد کرتے ہوئے امریکی فوجی کارروائیوں کو قانونی قرار دیا اور کہا
کہ تاریخ ایران جنگ کا فیصلہ موجودہ عمومی رائے سے مختلف انداز میں کرے گی۔ تھامس میسی نے ووٹنگ کے نتائج پر مایوسی ظاہر کرتے
ہوئے ریپبلکن ارکان کا موازنہ ٹائی ٹینک کے ایسے مسافروں سے کیا جو جہاز کو ڈوبتا
دیکھنے کے باوجود اس پر سوار رہنے کا فیصلہ کیے ہوئے ہیں۔