امریکی
وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف
10 ارب ڈالر ہرجانے کے مقدمے کو آگے بڑھانے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم عدالت نے ٹرمپ
کی جانب سے بی بی سی کے خلاف غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں سے متعلق الزامات مسترد
کر دیے۔ خبر
رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس 15 دسمبر کو امریکی ریاست
فلوریڈا کی وفاقی عدالت میں بی بی سی کے خلاف 10 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ
دائر کیا تھا۔ ٹرمپ نے بی بی سی پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے 6 جنوری 2021 کی
تقریر کے مختلف حصوں کو جوڑ کر گمراہ کن ویڈیو تیار کی۔ اس میں ایسا تاثر دیا گیا
کہ ٹرمپ نے اپنے حامیوں کو امریکی کیپیٹل پر دھاوا بولنے کی ہدایت کی تھی۔ رائٹرز کے مطابق فلوریڈا کے وفاقی جج جیفری کنٹز (judge
Jeffrey Kuntz) نے قرار دیا کہ ٹرمپ نے بظاہر یہ مؤقف پیش کیا ہے
کہ ویڈیو سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور بی بی سی کو معلوم تھا یا ہونا چاہیے
تھا کہ ایڈیٹنگ گمراہ کن ہے۔ تاہم عدالت نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا کہ ٹرمپ اپنے
الزامات ثابت کر سکے ہیں یا نہیں۔ ٹرمپ
نے عدالتی فیصلے کو سوشل میڈیا پر ’بڑی کامیابی‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ
امریکی عوام کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف لڑائی جاری رکھیں گے۔
دوسری
جانب بی بی سی کے ترجمان نے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کہا کہ
ادارہ عدالت کے اختیار کا احترام کرتا ہے اور اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں بی بی سی نے اعتراف کیا تھا
کہ تقریر کی ایڈیٹنگ سے گمراہ کن تاثر پیدا ہوا اور ٹرمپ سے معذرت
بھی کی تھی۔ تاہم ادارے نے ہتک عزت کے الزام کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ ویڈیو 2024 کے امریکی صدارتی
انتخابات سے قبل بی بی سی کے پروگرام ’پینوراما‘ میں نشر کی گئی تھی۔ اس میں ٹرمپ
کی تقریر کے 2 حصے جوڑے گئے تھے۔ ایک حصے میں انہوں نے حامیوں سے کیپیٹل کی طرف
مارچ کرنے کو کہا تھا جبکہ دوسرے میں ’دھاوا بولنے‘ کی بات کی تھی۔ تاہم تقریر کا
وہ حصہ شامل نہیں کیا گیا جس میں انہوں نے پرامن احتجاج کی اپیل کی تھی۔ بعد ازاں بی بی سی کی لیک میمو منظر عام پر آئی
جس میں اس ایڈیٹنگ کو ممکنہ سیاسی جانبداری کا ثبوت قرار دیا گیا تھا۔ اس معاملے
پر ادارے کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور اعلیٰ عہدیداروں کو اپنے عہدے بھی
چھوڑنے پڑے تھے۔