ڈھاکا: بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ
شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے منصوبے پر ملک کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی)
کے چیف پرازیکیوٹر محمد امین الاسلام کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کے سامنے اب پھانسی
کی سزا کے فیصلہ کا سامنا کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ اگر وہ بنگلہ
دیش واپس آتی ہیں تو انھیں اس فیصلہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس کے اوائل میں شیخ حسینہ کا کہنا تھا
کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا
تھا کہ گرفتاری یا قتل کیے جانے کا خدشہ بھی انھیں بنگلہ دیش واپس آنے سے نہیں روک
سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’مجھے جیل بھیجا جا سکتا ہے یا میرا قتل بھی کیا جا سکتا
ہے، لیکن خوف یہ طے نہیں کر سکتا کہ عوام کے تئیں میری ذمہ داری کیا ہے۔‘‘
رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ کی وطن
واپسی کے منصوبے پر بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کے چیف پرازیکیوٹر امین
الاسلام نے سوال اٹھائے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ اگر شیخ حسینہ واقعی بنگلہ دیش
واپس آنا چاہتی تھیں تو انھیں مقدمے کی سماعت کے دوران ہی واپس آ جانا چاہیے تھا۔
انھیں مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے تھا اور عدالت میں اپنا موقف پیش کرنا چاہیے تھا۔‘‘ عوامی لیگ کی سربراہ کی جانب سے بنگلہ دیشی ہائی کمیشن سے نیا پاسپورٹ
اور شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست کیے جانے پر امین الاسلام نے کہا کہ ’’جس
شخص کو سزائے موت سنائی جا چکی ہو، اسے سفر سے متعلق دستاویزات جاری کرنے کی کوئی
قانونی بنیاد موجود نہیں ہے۔‘‘ اُن
کا بنگلہ دیش پاسپورٹ آرڈر 1973 کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’اس قانون کی
دفعات 6 اور 7 کے تحت سزا یافتہ افراد کو پاسپورٹ جاری کرنے پر پابندی ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی وزیر مملکت برائے خارجہ نے بھارت سے مفرور
شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کردیا اور کہا سابقہ وزیراعظم کوقانونی طریقہ کار
کے تحت واپس لانا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش
کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی بھارت سے واپسی کے معاملے پر دونوں ممالک کے
درمیان سفارتی کشیدگی بدستور قائم ہے۔ بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور
ہمایوں کبیر نے واضح کیا ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت بھارت سے مفرور سابق وزیراعظم شیخ
حسینہ کی قانونی طریقہ کار کے تحت حوالگی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ بنگلہ دیشی وزیر کا
کہنا تھا کہ شیخ حسینہ بھارت میں کسی سیر یا خاندانی دورے پر نہیں بلکہ بنگلہ دیش
میں عدالتوں کو درکار ہیں اور انہیں قانونی سزاؤں پر عمل درآمد اور انصاف کا سامنا
کرنے کے لیے واپس لایا جائے گا۔