اسرائیلی کمپنی کی جانب
سے آن لائن اشتہارات کے ذریعے انٹرنیٹ صارفین کی جاسوسی کرنے اور ان کے آلات تک
غیر مجاز رسائی میں مدد فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دو تحقیقی اداروں نے جمعرات کو اپنی
رپورٹس میں بتایا کہ اسرائیلی ڈیجیٹل اشتہاری کمپنی ’ڈسکور ٹیک‘ نے اشتہارات کے
وسیع نیٹ ورک کے ذریعے صارفین کی سرگرمیوں پر نظر رکھی اور ان کے آلات تک رسائی
حاصل کرنے میں مدد فراہم کی۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق
ڈسکور ٹیک کی خدمات کے ذریعے اسرائیلی جاسوسی سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی
’کینڈیرو‘ سمیت دیگر نگرانی کرنے والی کمپنیوں کو گوگل، کامکاسٹ اور روسی کمپنی
یانڈیکس کے اشتہاری پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل ہوئی۔ کینیڈا کے سائبر نگرانی کے ادارے سٹیزن لیب اور نیویارک کی اشتہاری
سلامتی کی کمپنی کنفائنٹ کی الگ الگ تحقیقات میں بتایا گیا کہ آن لائن اشتہارات کا
نظام، جو طویل عرصے سے صارفین کی رازداری کے حوالے سے خدشات کا باعث ہے، بڑے
پیمانے پر جاسوسی کی مہمات کے لیے بھی استعمال ہوسکتا ہے۔
سٹیزن لیب کے سینیئر محقق
وولفی کرسٹل نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن اشتہارات کا موجودہ نظام
سلامتی کے لیے ایک بنیادی خطرہ ہے، جو ریاستوں، نجی شعبے، شہری معاشرے اور دیگر
تمام فریقوں کو متاثر کرتا ہے۔ سٹیزن
لیب کے مطابق ڈسکور ٹیک کے اشتہارات، جن میں موبائل فون اور کانوں میں لگائے جانے
والے آلات جیسی عام مصنوعات بھی شامل تھیں، مختلف شراکت داروں کے ذریعے ایک لاکھ
20 ہزار سے زائد ویب سائٹس اور 75 ہزار ایپس تک پہنچائے گئے۔