مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی
بدھ کو 3 روزہ سرکاری دوروں کے پہلے مرحلے میں جنوبی کوریا پہنچے ۔جنوبی کوریا میں
اپنی سرکاری مصروفیات کے دوران وہ صدر لی جے میونگ کے ساتھ سربراہی سطح کے مذاکرات
کریں گے۔مصر ایوانِ صدر کے مطابق السیسی نے،دورہ ایشیا کے پہلے
مرحلے میں، سیول ایئر بیس پر لینڈ کیا۔ دورے کے اگلے مراحل میں وہ ملائیشیا اور
انڈونیشیا جائیں گے۔ جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی ’یونہاپ‘ نے جنوبی کوریا کے
صدارتی دفتر کے حوالے سے کہا ہےکہ مصر کے صدر کو اس دورے کی دعوت صدر لی جے میونگ
نے دی تھی اور دونوں لیڈروں کی ملاقات آج( جمعرات کو) طے ہے۔توقع ہے کہ مذاکرات
میں تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے، نیز معیشت کے شعبے میں تعاون اوردو
طرفہ عوامی روابط کو فروغ دینے کےپہلوؤں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
جنوبی کوریا کے صدارتی ترجمان کانگ یو جونگ نے
کہا ہے کہ علاقائی سیاسی پیش رفت اور دیگر بین الاقوامی امور بھی مذاکرات کے
ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔ سیول نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ دورہ مصر کے ساتھ تعلقات
کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے نیز افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں تعاون
کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ یہ دورہ2016ء کے بعد السیسی کا پہلا دورہ جنوبی کوریا
ہے۔ دونوں لیڈروں کی آخری ملاقات نومبر2025 میں قاہرہ میں صدر لی کے دورہ مصر کے موقع پر ہوئی تھی۔
واضح رہےکہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں تعاون کو
وسعت دے رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مزید قریبی ثقافتی و تعلیمی روابط قائم کرنے
کا بھی ہدف رکھتے ہیں۔