بین الاقوامی بحری ادارے (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرل آرسینیو
ڈومینگیز (Arsenio Dominguez) نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کے مختلف حصوں میں جاری تنازعات کے باعث عالمی
تجارتی جہازرانی اور بحری جہازوں پر کام کرنے والے عملے کو بدستور سنگین خطرات
لاحق ہیں، جبکہ بعض اہم سمندری گزرگاہوں میں حملوں کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں آئی ایم او کونسل کے 138
ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز، بحیرہ
احمر، باب المندب، مشرقی بحیرہ روم، بحیرہ اسود اور بحیرہ ازوف میں تجارتی جہاز
حملوں کی زد میں ہیں اور بے گناہ جہازران اس صورتحال کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ سیکریٹری
جنرل کا کہنا تھا کہ بحری کارکن ایسے تنازعات کا شکار ہو رہے ہیں جن سے ان کا کوئی
تعلق نہیں۔ انہوں نے بعض جہازرانوں پر عائد
من مانی پابندیوں، امتیازی سلوک اور تادیبی اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے
کہا کہ وہ اس مسئلے کو ہر مناسب موقع پر اٹھاتے رہیں گے۔
بحری قزاقی
میں اضافہ
آرسینیو ڈومینگیز (Arsenio Dominguez) نے
مغربی بحرِ ہند اور خلیج عدن میں قزاقی اور مسلح ڈکیتی
کے واقعات میں اضافے پر بھی گہری
تشویش ظاہر کی۔ ان کے مطابق 2026 کے دوران ان علاقوں میں قزاقی میں نمایاں اضافہ
دیکھا گیا ہے۔ انہوں
نے کہا کہ اس صورتحال اور اس کے جواب میں آئی ایم او سیکریٹریٹ کی سرگرمیوں کے
بارے میں مزید تفصیلات اجلاس کے دوران پیش کی جائیں گی۔ انہوں
نے بتایا کہ کونسل کے موجودہ اجلاس میں متعدد اہم امور پر فیصلے درکار ہوں گے، جن
میں تنظیم کے قواعدِ کار
میں مجوزہ ترامیم اور انہیں مزید
مؤثر بنانے کے لیے اضافی تجاویز شامل ہیں۔ کونسل کو 2026-2027 کے بجٹ
سے متعلق تازہ معلومات فراہم کی
جائیں گی جبکہ 2028-2029 کے بجٹ کے ابتدائی خدوخال پر بھی غور کیا جائے گا۔
صنفی مساوات
ایوارڈ
سیکریٹری جنرل نے آئی ایم او کے جہازرانی سے متعلق مربوط عالمی
معلوماتی نظام (GISIS) کو بہتر کرنے
کے دوسرے مرحلے اور تنظیم کی ڈیجیٹل استعداد کار بڑھانے کے منصوبے کے لیے مالی
وسائل کی منظوری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں اقدامات تکنیکی تعاون
کی فراہمی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ان کے مطابق مجوزہ مالیاتی تجاویز کا مقصد موجودہ
مالی حالات میں رکن ممالک پر اضافی بوجھ کو کم سے کم رکھنا ہے۔ اجلاس میں 2027 کے آئی ایم او صنفی مساوات ایوارڈ
کے حقدار کے چناؤ کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی توثیق بھی زیر غور آئے گی۔ اپنے خطاب کے اختتام پر ڈومینگیز (Arsenio Dominguez) نے
سپین میں صوبہ ٹولیڈو کے علاقے اُردا کے قریب دو تیز رفتار ٹرینوں کے تصادم پر
افسوس کا اظہار کیا، جس میں متعدد افراد ہلاک
اور زخمی
ہوئے۔ انہوں نے آئی ایم او کی
جانب سے اسپین کی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں
کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔